بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 400 hadith
عبد اللہ بن حارث بن جزء زبیدی نے بیان کیا کہ میں پہلا (انسان) ہوں جس نے نبی ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ تم میں کوئی قبلہ کی طرف منہ کر کے پیشاب نہ کرے اور میں ہی وہ پہلا شخص تھا جس نے لوگوں کو یہ بتایا۔
حضرت ابو ایوب انصاریؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے اُس شخص کو جو بیت الخلاء جائے قبلہ کی طرف رُخ کرنے سے منع کیا ہے اور آپؐ نے فرمایا مشرق یا مغرب کی طرف رخ کرو۔
حضرت معقل بن ابی معقل اسدیؓ نے کہا اور انہیں رسول اللہ ﷺ کی صحبت نصیب تھی، کہ رسول اللہ ﷺ نے دونوں قبلوں کی طرف قضائے حاجت اور پیشاب کے وقت رُخ کرنے سے منع کیا ہے۔
حضرت جابر ؓ بن عبداللہ سے روایت ہے کہ حضرت ابو سعید خدری ؓ نے رسول اللہ ﷺ کے بارہ میں گواہی دیتے ہوئے مجھے بتایا کہ آپ ﷺ نے منع فرمایا تھا کہ ہم قضائے حاجت یا پیشاب کے وقت قبلہ رُخ ہوں۔
حضرت جابرؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے حضرت ابو سعید خدریؓ کو یہ کہتے ہوئے سنا کہ رسول اللہ ﷺ نے مجھے منع فرمایا کہ میں کھڑے ہو کر پانی پیوں اور قبلہ کی طرف رخ کر کے پیشاب کروں۔
حضرت عبد اللہ بن عمرؓ نے بیان کیا کہ لوگ کہتے ہیں کہ جب قضائے حاجت کے لئے بیٹھو تو قبلہ کی طرف رخ نہ کرو۔ ایک دن میں اپنے گھر کی چھت پر چڑھا، میں نے دیکھا کہ رسول اللہ ﷺ دو اینٹوں پر بیت المقدس کی طرف منہ کئے ہوئے بیٹھے ہیں۔
حضرت ابن عمرؓ نے کہا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو بیت الخلاء میں قبلہ کی طرف منہ (رُخ) کئے ہوئے دیکھا۔ عیسی کہتے ہیں کہ میں نے شعبی سے یہ کہا ، انہوں نے کہا کہ حضرت ابن عمرؓ نے سچ کہا ہے اور حضرت ابو ہریرہؓ نے بھی سچ کہا ہے۔ حضرت ابو ہریرہؓ کا قول تو صحراء کے بارے میں ہے کہ وہاں قبلہ کی طرف نہ منہ اور نہ ہی پشت کرنی چاہئے۔ باقی رہا حضرت ابن عمرؓ کا قول ، بیت الخلاء میں قبلہ نہیں ہوتا تم جدھر چاہو رُخ کرو۔
حضرت عائشہ ؓ نے بیان فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ کے پاس ایسے لوگوں کا ذکر ہوا کہ وہ اپنی شرم گاہیں قبلہ کی طرف کرنے کو ناپسند کرتے ہیں (حضور ﷺ نے فرمایا) میں سمجھتا ہوں کہ لوگ ایسا کرتے ہیں، میرے بیٹھنے کی جگہ کو قبلہ کی طرف کر دو۔
حضرت جابر ؓ نے بیان کیا کہ ہمیں رسول اللہ ﷺ نے منع فرمایا کہ ہم قبلہ کی طرف رخ کرکے پیشاب کریں۔ میں نے آپ کو فوت ہونے سے ایک سال قبل قبلہ کی طرف رُخ کئے ہوئے دیکھا۔
حضرت عیسیٰ بن یَزداد یمانی اپنے والد سے روایت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی پیشاب کرے تو تین دفعہ اچھی طرح صفائی کرے۔