بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 43 hadith
مسدد نے (بھی) ہمیں بتایا۔ یزید بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا کہ سعید (بن ابی عروبہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے نضر بن انس سے، نضر نے بشیر بن نہیک سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: جس نے کسی غلام میں حصہ یا فرمایا: تھوڑا سا ٹکڑا آزاد کر دیا ہو تو پھر اپنے مال سے اس کو آزاد کروانا اس کے ذمہ ہو جاتا ہے اگر اُس کے پاس مال ہو ورنہ اس کی قیمت اندازہ کرکے اُس سے محنت کرائی جائے (تا وہ پورا آزاد ہو جائے) مگر اس پر محنت لینے میں تشدد نہ کیا جائے۔ سعید کی طرح اس حدیث کو حجاج بن حجاج اور ابان اور موسٰی بن خلف نے بھی قتادہ سے نقل کیا۔ شعبہ نے اسے مختصر بیان کیا۔
(تشریح)حُمَیدی نے ہمیں بتایا۔ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا کہ مِسعر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے زرارہ بن اوفٰی سے، زرارہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: اللہ نے میرے لئے میری امت کے ان وسوسوں کو جو اُن کے سینے میں پیدا ہوں نظر انداز کردیا ہے ، جب تک کہ کوئی ان پر عمل یا ان کا اظہار نہ کرے۔
محمد بن کثیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے روایت کی کہ یحيٰ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن ابراہیم تیمی سے، ابن تیمی نے علقمہ بن وقاص لیثی سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے کہ آپؐ نے فرمایا: اعمال نیت کے مطابق ہوتے ہیں اور آدمی کو جو اس نے نیت کی ہے وہی ملتا ہے۔ سو جس کی ہجرت اللہ اور اس کے رسول کے لئے ہو، اس کی ہجرت اللہ اور اس کے رسول کے لئے ہوگی۔ اور جس کی ہجرت دنیا حاصل کرنے یا کسی عورت سے شادی کی غرض سے ہو تو اس کی ہجرت اسی امر کے لئے ہوگی جس کے لئے اس نے ہجرت کی۔
(تشریح)محمد بن عبداللہ بن نمیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن بشر سے، محمد بن بشر نے اسماعیل سے، اسماعیل نے قیس سے، قیس نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ جب وہ مسلمان ہونے کے ارادہ سے آئے اور ان کے ساتھ ان کا غلام بھی تھا تو ان میں سے ہر ایک راستہ بھول کر اپنے ساتھی سے الگ ہوگیا۔ پھر وہ غلام اس کے بعد آگیا اور حضرت ابوہریرہؓ اس وقت نبی ﷺ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ابوہریرہؓ یہ لو تمہارا غلام تمہارے پاس آگیا ہے۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: سن لیجئے! میں آپؐ کو گواہ ٹھہراتا ہوں کہ وہ آزاد ہے۔ حضرت ابوہریرہؓ نے جب وہ (مدینہ) پہنچے تھے، یہ شعر کہے تھے: ہائے وہ رات جو کتنی طولانی اور کیسی ایذا رساں تھی ہاں یہ بات ہے کہ اس نے کفر کے گھر سے نجات دلادی۔
عبیداللہ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ (کہا:) ابواُسامہ نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قیس سے، قیس نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب میں نبی ﷺ کے پاس آیا تو میں نے راستہ میں یہ شعر کہا تھا: ہائے وہ رات جو کتنی طولانی اور کیسی ایذارساں تھی ہاں یہ بات ہے کہ اس نے کفر کے گھر سے نجات دلادی کہتے تھے: اور میرا ایک غلام راستے میں مجھ سے بھاگ گیا۔ اسی طرح بیان کرتے تھے کہ جب میں نبی ﷺ کے پاس آیا تو میں نے آپؐ سے بیعت کی۔ ابھی میں آپؐ کے پاس ہی تھا کہ وہ غلام بھی آگیا۔ رسول اللہ ﷺ نے مجھے فرمایا: ابوہریرہؓ! یہ ہے تمہارا غلام۔ میں نے کہا: وہ اللہ کے لئے آزاد ہے۔ چنانچہ میں نے اسے آزاد کردیا۔ ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: ابوکریب نے ابواُسامہ سے جو روایت کی اس میں لفظ ’’آزاد‘‘ نہیں۔
شہاب بن عباد نے مجھ سے بیان کیا کہ ابراہیم بن حمید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل سے، اسماعیل نے قیس سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ آئے اور ان کے ساتھ ان کا غلام بھی تھا اور وہ مسلمان ہونا چاہتے تھے تو ان میں سے ایک اپنے ساتھی سے راستہ بھول کر الگ ہو گیا۔ پھر یہی حدیث بیان کی۔ اس میں یوں ہے کہ سنئے! میں آپ کو گواہ ٹھہراتا ہوں کہ وہ اللہ کیلئے ہے۔
(تشریح)ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں کہ عتبہ بن ابی وقاص نے اپنے بھائی سعد بن ابی وقاص کو وصیت کی کہ وہ زمعہ کی لونڈی کے لڑکے کو اپنے پاس لے لے۔ عتبہ نے کہا: وہ میرا بیٹا ہے۔ جب رسول اللہ ﷺ فتح مکہ کے وقت وہاں آئے تو سعد نے زمعہ کی لونڈی کے لڑکے کو لے لیا اور اس کو رسول اللہ ﷺ کے پاس لائے اور عبد بن زمعہ کو بھی اپنے ساتھ لائے۔ سعد نے کہا: یا رسول اللہ! یہ میرے بھائی کا بیٹا ہے۔ اس نے مجھے وصیت کی تھی کہ وہ اس کا بیٹا ہے۔ عبد بن زمعہ نے کہا: یا رسول اللہ! یہ میرا بھائی ہے جو (میرے باپ) زمعہ کی لونڈی کا بیٹا ہے۔ انہی کے بستر پر پیدا ہوا۔ رسول اللہ ﷺ نے زمعہ کی لونڈی کے بیٹے کی طرف غور سے دیکھا تو کیا دیکھتے ہیں کہ وہ تمام لوگوں سے اس (عتبہ) کے بہت مشابہ ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عبد بن زمعہ یہ لڑکا تمہارے پاس رہے گا۔ (آپؐ نے یہ اس لئے فرمایا) کیونکہ یہ اپنے باپ کے بستر پر پیدا ہوا تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے حضرت سودہؓ بنت زمعہ سے فرمایا: تم اس سے پردہ کیا کرو کیونکہ آپؐ نے دیکھا کہ وہ شکل میں عتبہ سے ہم مشابہ ہے اور حضرت سودہؓ نبی ﷺ کی زوجہ تھیں۔
(تشریح)آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) ہم سے شعبہ نے بیان کیا کہ عمرو بن دینار نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ہم میں سے ایک شخص نے اپنے غلام کو اپنے مرنے کے بعد آزاد قرار دیا۔ نبی ﷺ نے اُس غلام کو بلوا بھیجا اور بیچ دیا۔ حضرت جابرؓ کہتے تھے: وہ غلام پہلے سال ہی مر گیا۔
(تشریح)ابوالولید نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عبداللہ بن دینار نے مجھے بتایا کہ میں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے غلام اور لونڈی کے ورثہ کو بیچنے اور اس کے ہبہ کرنے سے منع فرمایا ہے۔
عثمان بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابراہیم سے، ابراہیم نے اَسود سے، اَسود نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ کہتی تھیں: میں نے بریرہؓ کو خریدا تو اس کے مالکوں نے اس کی وراثت لینے کی شرط کی۔ میں نے نبی ﷺ سے اس کا ذکر کیا تو آپؐ نے فرمایا: تم اس کو لے کر آزاد کردو کیونکہ وراثت تو اسی کی ہوگی جس نے روپیہ خرچ کیا۔ تو میں نے اس کو آزاد کردیا۔ پھر نبی ﷺ نے بریرہؓ کو بلوایا اور آپؐ نے اس کو اس کے خاوند سے متعلق بھی اختیار دیا۔ وہ کہنے لگی کہ اگر وہ مجھے اتنا اتنا مال بھی دے تب بھی میں اس کے پاس نہیں رہوں گی پھر اس نے اپنی مرضی کے مطابق کیا۔
(تشریح)