بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 187 hadith
عبداللہ بن ابی الاسود نے مجھے بتایا کہ معاذ (دستوائی) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا ، ان کے باپ نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: کپڑوں میں سے نبی ﷺ کو یمنی چادر پہننا بہت پسند تھی۔
ابوالیمان نے مجھ سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے کہا مجھے ابو سلمہ بن عبدالرحمٰن بن عوف نے بتایا کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے ان کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ کی جب وفات ہوئی تو ایک یمنی چادر آپؐ پر ڈال دی گئی۔
یحيٰ بن بکیر نے مجھ سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے کہا: مجھے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے خبر دی کہ حضرت عائشہ اور حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہم دونوں کہتے تھے کہ جب رسول اللہ ﷺ پر بیماری کی شدت ہوئی تو آپؐ اپنی چادر کو اپنے چہرے پر ڈال لیتے اور جب گھبراہٹ محسوس کرتے تو اسے اپنے چہرے سے ہٹا دیتے۔ آپؐ اسی حالت میں تھے کہ آپؐ نے فرمایا: یہود و نصاریٰ پر اللہ کی لعنت کہ انہوں نے اپنے نبیوں کی قبروں کو مسجدیں بنا لیا۔ جو انہوں نے کیا اس سے بچنے کیلئے آپؐ متنبہ فرماتے۔
یحيٰ بن بکیر نے مجھ سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے کہا: مجھے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے خبر دی کہ حضرت عائشہ اور حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہم دونوں کہتے تھے کہ جب رسول اللہ ﷺ پر بیماری کی شدت ہوئی تو آپؐ اپنی چادر کو اپنے چہرے پر ڈال لیتے اور جب گھبراہٹ محسوس کرتے تو اسے اپنے چہرے سے ہٹا دیتے۔ آپؐ اسی حالت میں تھے کہ آپؐ نے فرمایا: یہود و نصاریٰ پر اللہ کی لعنت کہ انہوں نے اپنے نبیوں کی قبروں کو مسجدیں بنا لیا۔ جو انہوں نے کیا اس سے بچنے کیلئے آپؐ متنبہ فرماتے۔
موسیٰ بن اسماعیل نے ہمیں بتایا کہ ابراہیم بن سعد نے ہم سے بیان کیا کہ ابن شہاب نے ہمیں بتایا ، ابن شہاب نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا : رسول اللہ ﷺ نے اپنی ایک اُونی حاشیہ دار چادر میں نماز پڑھی جس پر نقش تھے۔ آپؐ نے اس کے نقوش کو ایک نظر دیکھا۔ جب آپؐ نے سلام پھیرا تو فرمایا: میری یہ چادر ابوجہمؓ کے پاس لے جاؤ کیونکہ اس نے ابھی میری نماز سے توجہ ہٹائی اور ابو جہمؓ کی سادہ چادر میرے پاس لے آؤ۔ ابوجہمؓ حذیفہ بن غانم کے بیٹے تھے جو بنو عدی بن کعب میں سے تھے۔
مسدد نے مجھے بتایا کہ اسماعیل (بن علیہ) نے ہم سے بیان کیا کہ ایوب نے ہمیں بتایا، ایوب نے حمید بن ہلال سے، حمید نے ابوبردہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: حضرت عائشہؓ ہمارے پاس ایک چادر اور ایک موٹا تہ بند نکال کر لائیں اور کہنے لگیں کہ جب نبی ﷺ کی وفات ہوئی آپ نے یہی دو (چادریں) پہنی ہوئی تھیں۔
محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ عبدالوہاب (بن عبدالمجید ثقفی) نے ہم سے بیان کیا کہ عبیداللہ (عمری) نے ہم سے بیان کیا۔ عبیداللہ نے خبیب (بن عبدالرحمٰن) سے، خبیب نے حفص بن عاصم سے، حفص نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی، انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے بیعِ ملامسہ اور بیعِ منابذہ سے اور دو نمازوں سے منع فرمایا۔ ایک فجر کے بعد جب تک کہ سورج بلند نہ ہو جائے دوسری عصر کے بعد جب تک کہ سورج ڈوب نہ جائے اور یہ کہ آدمی ایک ہی کپڑے میں گوٹھ مار کر اس طرح نہ بیٹھے کہ اس کی شرمگاہ پر کچھ نہ ہو جو اس کے اور آسمان کے درمیان حائل ہو اور نیز اس طرح کپڑا لپیٹ کر نہ بیٹھے کہ ہاتھ پاؤں باہر نہ نکل سکیں۔
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے کہا؛ مجھے عامر بن سعد (بن ابی وقاص) نے بتایا کہ حضرت ابوسعید خدریؓ نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے دو قسم کے لباس سے اور دو قسم کی خرید و فروخت سے منع فرمایا یعنی آپؐ نے خرید و فروخت میں ملامسہ اور منابذہ سے منع فرمایا اور ملامسہ یہ ہے کہ آدمی دوسرے کے کپڑے کو اپنے ہاتھ سے چھو لے رات کو یا دن کو اور اس کو الٹ پلٹ کر نہ دیکھے صرف اسی پر خریدے، اور منابذہ یہ ہے کہ ایک آدمی دوسرے کی طرف اپنا کپڑا پھینک دے اور دوسرا اپنا کپڑا پھینک دے اور اس طرح بغیر دیکھنے کے اور بغیر باہمی رضا مندی سے ان کی خرید و فروخت قرار پائے۔ اور لباس کی دو قسمیں جن سے آپؐ نے منع فرمایا ان میں سے ایک اشتمال الصماء ہے اور صماء کے یہ معنی ہیں کہ آدمی اپنے کپڑے کو اپنے ایک کندھے پر ڈال لے اور اس کا ایک پہلو کھلا رہے اس پر کپڑا نہ ہو اور دوسرا لباس یہ ہے کہ وہ بیٹھے ہوئے اپنے کپڑے سے اس طرح گوٹھ مارے کہ اس کی شرمگاہ پر کچھ نہ ہو۔
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوزناد سے، ابوزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت کی انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے دو طرح کے کپڑے پہننے سے منع فرمایا ہے۔ ایک یہ کہ آدمی ایک کپڑے میں اس طرح گوٹھ مار کر بیٹھے کہ اس کی شرمگاہ پر کچھ نہ ہو اور ایک یہ کہ ایک ہی کپڑے کو اس طرح لپیٹے کہ اس کے ایک پہلو پر کچھ نہ ہو اور نیز آپؐ نے ملامسہ اور منابذہ سے (بھی منع فرمایا)۔
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا مخلد (بن یزید) نے مجھے بتایا کہ ابن جریج نے ہمیں خبر دی۔ ابن جریج نے کہا کہ مجھے ابن شہاب نے بتایا۔ ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ سے، عبیداللہ نے حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے اشتمالِ صماء سے منع فرمایا اور نیز اس سے کہ کوئی آدمی ایک ہی کپڑے میں اس طرح گوٹھ مار کر بیٹھے کہ اس کی شرمگاہ پر کچھ نہ ہو۔