بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 5 of 105 hadith
محمد بن سلام (بیکندی) نے ہم سے بیان کیا کہ احمد بن بشیر ابوبکر نے ہمیں بتایا کہ ہاشم بن ہاشم نے ہمیں خبر دی، ہاشم نے کہا مجھے عامر بن سعد نے بتایا، عامر نے کہا میں نے اپنے باپ سے سنا وہ کہتے تھے: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے تھے: جس نے صبح کو سات عجوہ کھجوریں کھالیں تو اس دن اس کو نہ زہر نقصان دے گا اور نہ جادو۔
(تشریح)عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھ سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے ابوادریس خولانی (عائذ اللہ) سے، خولانی نے حضرت ابوثعلبہ خشنی رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے درندوں میں سے ہر کچلی والے جانور کے کھانے سے منع فرمایا۔ زہری نے کہا: میں نے یہ حدیث اس وقت تک نہیں سنی جب تک شام میں نہیں آگیا۔
اور لیث (بن سعد) نے اپنی روایت میں اتنا زیادہ بیان کیا۔ (اُنہوں نے کہا:) مجھے یونس نے ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے ان سے پوچھا: کیا ہم گدھی کے دودھ سے وضو کر لیں یا اس کو پئیں، یا درندہ کے پتہ کا پانی یا اونٹ کا پیشاب پئیں؟ پس کہا کہ مسلمان ان سے علاج کیا کرتے تھے اور اس میں کوئی حرج نہیں سمجھتے تھے۔ گدھی کے دودھ کے متعلق ہمیں یہ خبر پہنچی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اس کے گوشت سے منع فرمایا ہے اور اس کے دودھ پینے یا نہ پینے کے متعلق ہمیں کوئی خبر نہیں پہنچی اور جو درندے کا پتا ہے تو ابن شہاب نے کہا: مجھے ابوادریس خولانی نے بتایا کہ حضرت ابوثعلبہ خشنیؓ نے ان کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے ہر کچلی والے درندے کے کھانے سے منع کیا ہے۔
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عتبہ بن مسلم سے، جو بنو تمیم کے غلام تھے۔ عتبہ نے عبید بن حنین سے جو بنو زریق کے غلام تھے۔ عبید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کسی کے برتن میں مکھی گر پڑے تو چاہیئے کہ وہ اس کو ڈبو دے اور پھر اس کو پھینک دے کیونکہ اس کے ایک پر میں بیماری ہے اور دوسرے میں شفا۔
(تشریح)صدقہ بن فضل نے ہم سے بیان کیا کہ (سفیان) بن عیینہ نے ہمیں خبر دی۔ اُنہوں نے کہا میں نے زہری سے سنا۔ زہری نے عبیداللہ (بن عبداللہ) سے، عبیداللہ نے حضرت اُم قیسؓ بنت محصن سے روایت کی وہ کہتی تھیں۔ میں نے نبی ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے تھے: اس ہندی عود (یعنی کوٹ) کو ضرور استعمال کرو کیونکہ اس میں سات علاج ہیں۔ حلق کے ورم میں اس کو ناک میں ڈالا جاتا ہے۔ اور ذات الجنب میں حلق میں ڈالی جاتی ہے۔