بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 186 hadith
سعید بن ابی بردہ اپنے باپ سے اور وہ (سعید کے) دادا سے روایت کرتے ہیں کہ نبیﷺ نے انہیں اور حضرت معاذؓ کو یمن بھیجا اور ان دونوں سے فرمایا دونوں خوشخبری دینا اور آسانی پیدا کرنا اور تعلیم دلانا اور نفرت نہ دلانا۔ میرا خیال ہے یہ بھی فرمایا باہمی تعاون کرنا۔ راوی کہتے ہیں جب حضرت ابو موسیٰؓ واپس آئے تو انہوں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! ان کا شہد کا ایک مشروب ہے جسے پکایا جاتا ہے یہاں تک کہ گاڑھا ہو جاتا ہے اور جَو سے مِزْر بنایا جاتا ہے۔ اس پر رسول اللہﷺ نے فرمایا ہر وہ چیز جو مدہوش کرکے نماز سے (روک دے) وہ حرام ہے۔
حضرت ابو بردہؓ اپنے والدؓ سے روایت کرتے ہیں وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے مجھے اور حضرت معاذ ؓ کو یمن بھیجا اور فرمایا تم دونوں لوگوں کو دعوت دو اور خوشخبری دو اور نفور نہ پیدا کرو اور آسانی پیدا کرو اور مشکل نہ پیدا کرو۔ راوی کہتے ہیں میں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! ہمیں ان دو مشروبات کے بارہ میں فتویٰ دیں جو ہم یمن میں بناتے ہیں اَلْبِتْع جو شہد سے بنایا جاتا ہے (اس سے) نبیذ بنایا جاتا ہے یہاں تک کہ اس میں تیزی آجاتی ہے اور المزر مکئی اور جَو سے بنایا جاتا ہے اور (اس سے) نبیذ بنایا جاتا ہے یہاں تک کہ اس میں تیزی آجاتی ہے۔ راوی کہتے ہیں رسول اللہﷺ کو جوامع الکلم انتہائی کمالات کے ساتھ عطا فرمائے گئے تھے۔ آپؐ نے فرمایا میں ہر نشہ کرنے والی چیز سے منع کرتا ہوں وہ مدہوش کر کے نماز سے (روک دیتی ہے۔)
حضرت جابرؓ سے روایت ہے کہ ایک شخص جیشان سے آیا اور جیشان یمن میں ہے۔ اس نے نبیﷺ سے ایک مشروب کے متعلق پوچھا جو ان کے علاقہ میں لوگ پیتے ہیں جو مکئی سے بنائی جاتی ہے اسے مزر کہا جاتا ہے۔ نبیﷺ نے فرمایا کیا وہ نشہ دینے والی ہے؟ اس نے کہا جی ہاں۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا ہر نشہ آور چیز حرام ہے۔ اللہ عزوجل نے عہد کیا ہے کہ جو نشہ آور چیز پیئے گا کہ وہ اسے طینۃ الخبال پلائے گا۔ لوگوں نے کہا یا رسولؐ اللہ! طینۃ الخبال کیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا دوزخیوں کا پسینہ ہے یا دوزخیوں کا نچوڑ ہے۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہر نشہ آور چیز خمر ہے اور ہر نشہ آور چیز حرام ہے اور جس نے دنیا میں خمر پی اور وہ اسی حال میں مر گیا کہ وہ ہمیشہ پیتا تھا اور اس نے توبہ نہ کی وہ اسے آخرت میں نہ پیئے گا۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہر نشہ آور چیز خمر ہے اور ہر نشہ آور چیز حرام ہے۔
نافع حضرت ابن عمرؓ سے روایت کرتے ہوئے بیان کرتے ہیں اور مجھے یہی علم ہے کہ وہ (حضرت ابن عمر) نبیؐ سے یہ بیان کرتے ہیں آپؐ نے فرمایا ہر نشہ آور چیز خمر ہے اور ہر خمر حرام ہے۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جس نے دنیا میں شراب پی وہ اس سے آخرت میں محروم ہوگا۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں جس نے دنیا میں شراب پی اور اس سے توبہ نہ کی وہ آخرت میں اس سے محروم کیا گیا اور وہ اسے نہ پلائی جائے گی۔ مالک سے کہا گیا انہوں نے اسے مرفوع بیان کیا ہے اس نے کہا ہاں۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو دنیا میں شراب پیئے گا وہ آخرت میں اسے نہیں پیئے گا سوائے اس کے کہ وہ توبہ کرے۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ کے لئے رات کے ابتدائی حصہ میں نبیذ بنائی جاتی تھی۔ جب صبح ہوتی تو آپؐ اسے نوش فرماتے۔ اس دن اور آنے والی رات اور اگلی صبح اور اگلی رات اور اگلا دن عصر تک۔ اگر اس میں سے کچھ بچ جاتا تو اسے خادم کو پلاتے یا اس کے بارہ میں ارشاد فرماتے تو اسے گرا دیا جاتا۔