بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 288 hadith
حضرت ابو اسیدؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی مسجد میں داخل ہو تو وہ کہے اے اللہ! میرے لئے اپنی رحمت کے دروازے کھول دے اور جب باہر نکلے تو کہے اے اللہ! میں تجھ سے تیرا فضل مانگتا ہوں۔
حضرت ابو قتادہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی مسجد میں داخل ہو تو اسے چاہئے کہ وہ بیٹھنے سے پہلے دو رکعت پڑھ لے۔
رسول اللہ ﷺ کے صحابی حضرت ابو قتادہ ؓ سے روایت ہے کہ میں مسجد میں داخل ہوا اور رسول اللہ ﷺ لوگوں کے درمیان بیٹھے ہوئے تھے وہ کہتے ہیں میں بھی بیٹھ گیا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تمہیں دو رکعت پڑھنے سے کس چیز نے روکا؟ وہ کہتے ہیں میں نے عرض کیا یا رسول ؐ اللہ! میں نے آپ ؐ کو بیٹھے ہوئے دیکھا اور لوگ بھی بیٹھے ہوئے تھے۔ حضور ؐ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی مسجد میں داخل ہو تو اس وقت تک نہ بیٹھے جب تک کہ دو رکعت پڑھ لے۔
حضرت جابر بن عبد اللہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میرا نبیﷺ پر قرض تھا جو آپؐ نے مجھے ادا کیا اور مجھے بڑھا کر دیا اور میں مسجد میں حضورؐ کے پاس حاضر ہوا تو آپؐ نے مجھ سے فرمایا دو رکعت پڑھ لو۔
حضرت جابر بن عبد اللہؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے مجھ سے ایک اونٹ خریدا پھر جب آپؐ مدینہ تشریف لائے تو آپؐ نے مجھے ارشاد فرمایا کہ میں مسجد میں جاؤں اور دو رکعت ادا کروں۔
حضرت جابر بن عبد اللہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں رسول اللہﷺ کے ساتھ ایک غزوہ میں نکلا۔ میرے اونٹ نے مجھے دیر کرادی اور تھک گیا رسول اللہﷺ مجھ سے پہلے تشریف لے آئے اور میں صبح آیا۔ میں مسجد آیا تو حضورؐ کو مسجد کے دروازہ پر موجود پایا تو آپؐ نے فرمایا اب آئے ہو؟ میں نے عرض کیا جی ہاں۔ آپؐ نے فرمایا اپنا اونٹ چھوڑ دو اور اندر جاؤ اور دو رکعت پڑھو۔ وہ کہتے ہیں میں اندر گیا نماز پڑھی پھر واپس آیا۔
حضرت کعب بن مالکؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ ہمیشہ چاشت کے وقت سفر سے واپس تشریف لاتے اور جب آتے تو سب سے پہلے مسجد سے ابتدا ء کرتے اور اس میں دو رکعت پڑھتے پھر اس میں تشریف فرما ہوتے۔
عبد اللہ بن شقیق سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت عائشہؓ سے پوچھا کہ کیا نبی ﷺ چاشت کی نماز پڑھا کرتے تھے؟ آپؓ نے کہا نہیں سوائے اس کے کہ آپؐ سفر سے واپس تشریف لائے ہوں۔
عبد اللہ بن شقیق سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت عائشہؓ سے پوچھا کہ کیا نبی ﷺ چاشت کی نماز پڑھا کرتے تھے؟ آپؓ نے کہا نہیں سوائے اس کے کہ آپؐ اپنے سفر سے واپس تشریف لائے ہوں۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے وہ بیان فرماتی ہیں کہ میں نے کبھی رسول اللہﷺ کو چاشت کے نوافل پڑھتے نہیں دیکھا لیکن میں اس کے نوافل پڑھتی ہوں رسول اللہﷺ کسی پسندیدہ کام کو بعض دفعہ صرف اس ڈر سے ترک فرما دیتے کہ جب لوگ وہ کرنے لگیں تو ان پر فرض نہ کر دیا جائے۔ (یا فرض سمجھ نہ لیا جائے)