بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 400 hadith
حضرت لقیط بن صبرہؓ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں اور انہوں نے بیان کیا کہ میں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! مجھے وضو کے بارے میں بتائیے۔ آپؐ نے فرمایا وضو مکمل کرو اور ناک میں خوب اچھی طرح پانی چڑھا کر صاف کرو سوائے اس کے کہ تم روزہ دار ہو۔
حضرت ابن عباسؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ناک دو یا تین مرتبہ اچھی طرح سے صاف کرو۔
حضرت ابو ہریرہؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو وضو کرے ، وہ ناک کو اچھی طرح سے صاف کرے اور جو استنجے کے لئے ڈھیلے لے ، وہ طاق لے۔
ثابت ابن ابی صفیۃ ثمالی نے کہا کہ میں نے ابو جعفر سے پوچھا آپ سے حضرت جابرؓ بن عبد اللہؓ کی یہ روایت بیان کی گئی ہے نبی ﷺ نے وضو کیا (اور اپنے اعضاء) ایک ایک بار دھوئے؟ انہوں نے کہا ہاں۔ پھر میں نے کہا دو دو بار بھی اور تین تین بار بھی۔ انہوں نے کہا ہاں۔
حضرت ابن عباسؓ نے بیان کیا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا۔ آپؐ نے ایک ایک چلّو لے کر وضو کیا۔
حضرت عمرؓ نے بیان کیا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو غزوہ تبوک میں دیکھا۔ آپؐ نے وضو کیا اور ایک ایک بار (اعضاء دھوتے ہوئے) وضو کیا۔
شقیق بن سلمہ نے کہا کہ میں نے حضرت عثمانؓ اور حضرت علیؓ کو دیکھا۔ آپ دونوں نے وضو کیا تین تین بار (اعضاء دھو کر) اور وہ دونوں فرماتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ کا وضو اس طرح تھا۔
مطلب بن عبداللہ بن حَنْطَبْ، حضرت ابن عمرؓ کے بارہ میں روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے وضو کیا تین تین بار (اعضاء دھوکر) اور انہوں نے اس (بات) کو نبی ﷺ تک پہنچایا۔
حضرت عائشہؓ اور حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے وضو کیا تین تین بار (اعضاء دھو کر)۔
حضرت عبداللہ بن ابی اوفٰی نے بیان کیا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا۔ آپؐ نے وضو کیا تین تین بار (اعضاء دھو کر) اور اپنے سر کا مسح ایک بار کیا۔