بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 100 hadith
محمد بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عبیداللہ (بن عمر عمری) سے، اُنہوں نے کہا: قاسم بن محمد نے مجھ سے بیان کیا۔ قاسم نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ ایک شخص نے اپنی بیوی کو تین طلاقیں دے دیں اور پھر اُس نے نکاح کرلیا اور اس دوسرے نے بھی طلاق دے دی۔ نبی ﷺ سے پوچھا گیا: کیا پہلے کے لئے یہ جائز ہوگئی؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں، جب تک کہ دوسرا اس کا مزہ نہ اٹھائے جیسا کہ پہلے نے اٹھایا۔
(تشریح)عمر بن حفص (بن غیاث) نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا کہ اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ مسلم (بن صبیح ابوالضحیٰ) نے ہمیں بتایا۔ مسلم نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی، کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے ہم کو اختیار دیا اور ہم نے اللہ اور اس کے رسول کو اختیار کیا اور یہ ہمارے متعلق کوئی طلاق نہیں شمار کی گئی۔
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے، عامر نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے مسروق سے روایت کی، اُنہوں نے کہا: میں نے حضرت عائشہؓ سے اختیار دینے کے متعلق پوچھا۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ہمیں اختیار دیا تھا تو کیا یہ طلاق ہوگئی تھی؟ مسروق کہتے تھے کہ میں اس کی پرواہ نہیں کرتا کہ جبکہ وہ مجھے اختیار کر لے تو پھر اس کے بعد میں اس کو ایک بار اختیار دوں یا سو بار اختیار دوں۔
اور لیث نے کہا: اُنہوں نے نافع سے نقل کیا۔ اُنہوں نے کہا: حضرت (عبداللہ) بن عمرؓ سے جب اس شخص کے متعلق پوچھا جاتا جس نے تین طلاقیں دے دیں تو وہ کہتے: اگر تو ایک دفعہ یا دو دفعہ طلاق دیتا (تو رجوع کر سکتا تھا) کیونکہ نبی ﷺ نے مجھے یہی حکم دیا۔ اگر تم اس کو تین طلاقیں دے دو تو وہ تم پر حرام ہوگئی یہاں تک کہ تمہارے سوا کسی اور خاوند سے نکاح کرے.
محمد (بن سلام) نے ہمیں بتایا کہ ابو معاویہ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن عروہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: ایک مرد نے اپنی بیوی کو طلاق دے دی۔ اس عورت نے اُس کے سوا کسی اور مرد سے شادی کرلی۔ پھر اُس نے بھی اُس کو طلاق دے دی اور اُس کا کپڑے کے حاشیہ کی طرح تھا۔ اور اُس سے وہ کچھ بھی مقصد حاصل نہ کر سکی جو وہ چاہتی تھی۔ پھر جلد ہی اس نے اس عورت کو طلاق دے دی۔ وہ نبی ﷺ کے پاس آئی اور کہنے لگی: یا رسول اللہ ! میرے خاوند نے مجھے طلاق دے دی تھی اور میں نے اُس کے سوا ایک اور خاوند سے شادی کی وہ مجھ سے ہم بستر ہوا اور اس کا تو کپڑے کے حاشیہ کی طرح تھا۔ اور وہ ایک ہی بار کچھ ایسے ہی میرے ساتھ رہا کہ مجھ سے کچھ کر نہ سکا، تو کیا میں اپنے پہلے خاوند کے لئے جائز ہوں گی؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم اپنے پہلے خاوند کے لئے اس وقت تک جائز نہیں ہو سکتی جب تک یہ دوسرا تمہارا مزہ نہ اٹھائے اور تم اس کا مزہ نہ اٹھاؤ۔
حسن بن صباح نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے ربیع بن نافع سے سنا کہ معاویہ (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا۔ معاویہ نے یحيٰ بن ابی کثیر سے، یحيٰ نے یعلیٰ بن حکیم سے، یعلیٰ نے سعید بن جبیر سے روایت کی کہ وہ اُنہیں خبر دیتے تھے کہ اُنہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے سنا وہ کہتے تھے: اگر کوئی اپنی بیوی سے یوں کہے کہ تو مجھ پر حرام ہے تو اُس سے کچھ نہیں ہوتا اور اُنہوں نے کہا: تمہارے لئے رسول اللہ میں اچھا نمونہ ہے۔
حسن بن محمد بن صباح نے مجھ سے بیان کیا کہ حجاج (بن محمد اعور) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابنِ جریج سے، ابن جریج نے کہا: عطاء (بن ابی رباح) نے کہا: اُنہوں نے عبید بن عمیر سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے سنا کہ نبی ﷺ حضرت زینبؓ بنت جحش کے پاس ٹھہرا جایا کرتے تھے اور وہاں شہد پیا کرتے تھے۔ میں نے اور حفصہؓ نے مل کر آپس میں مشورہ کیا کہ ہم میں سے جس کے پاس نبی ﷺ آئیں، تو وہ یوں کہے: میں آپؐ سے ہینگ کی بو محسوس کرتی ہوں۔ آپؐ نے ہینگ کھائی ہے۔ چنانچہ آپؐ اُن میں سے ایک کے پاس آئے اور اُس نے آپؐ سے یہ کہا۔ آپؐ نے فرمایا: نہیں بلکہ میں نے زینبؓ بنت جحش کے پاس شہد پیا ہے اور اب کبھی اسے دوبارہ نہیں پیوں گا۔ تب یہ آیت نازل ہوئی۔ یعنی اے نبی! تُو کیوں حرام کر رہا ہے جسے اللہ نے تیرے لئے حلال قرار دیا ہے تُو اپنی بیویوں کی رضا چاہتا ہے اور اللہ بہت بخشنے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے۔ اللہ نے تم پر اپنی قسمیں کھولنا لازم کر دیا ہے اور اللہ تمہارا مولا ہے اور وہ صاحبِ علم (اور) صاحبِ حکمت ہے۔ اور جب نبی نے اپنی بیویوں میں سے کسی سے بصیغۂ راز ایک بات کہی پھر جب اس نے وہ بات (آگے) بتا دی اور اللہ نے اُس (یعنی نبی) پر وہ (معاملہ) ظاہر کر دیا تو اُس نے کچھ حصہ سے تو اُس (بیوی) کو آگاہ کر دیا اور کچھ سے چشم پوشی کی پس جب اُس نے اُس (بیوی) کو اِس کی خبر دی تو اُس نے پوچھا کہ آپ کو کس نے بتایا ہے تو اس نے کہا کہ علیم و خبیر نے مجھے بتایا ہے۔ اگر تم دونوں اللہ کی طرف توبہ کرتے ہوئے جھکو تو (یہی زیبا ہے۔) یہ خطاب حضرت عائشہؓ اور حضرت حفصہؓ کو ہے۔ یعنی جب نبی نے اپنی بیویوں میں سے کسی کو بطور راز کے بتایا، اس سے مراد آنحضرت ﷺ کا یہ کہنا تھا: نہیں بلکہ میں نے شہد پیا ہے۔
فروہ بن ابی المغراء نے ہم سے بیان کیا کہ علی بن مسہر نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ شہد اور میٹھا پسند کرتے تھے اور جب عصر کی نماز سے فارغ ہو جاتے تو اپنی ازواج کے پاس جاتے اور ان میں سے ایک کے پاس بیٹھ کر باتیں بھی کرتے۔ آپؐ حفصہ بنت عمرؓ کے پاس گئے اور وہاں اس سے زیادہ دیر ٹھہرے جو عموماً آپؐ ٹھہرا کرتے تھے۔ میں نے اس سے غیرت کھائی اور میں نے اس کی وجہ دریافت کی۔ مجھے بتایا گیا کہ حفصہؓ کی قوم کی ایک عورت نے اُن کو شہد کا ایک کُپا ہدیۃً دیا اور اُنہوں نے نبی ﷺ کو شہد کا کچھ شربت پلایا۔ میں نے کہا: اللہ کی قسم! میں بھی آپؐ کے لئے حیلہ کروں گی۔ میں نے سودہ بنت زمعہؓ سے کہا کہ آنحضرت ﷺ اب تمہارے پاس آئیں گے جب تمہارے پاس آئیں تو تم کہنا آپؐ نے ہینگ کھائی ہے تو وہ تم سے کہیں گے نہیں۔ پھر تم اُن سے کہنا: یہ کیا بو ہے جو میں آپؐ سے محسوس کر رہی ہوں؟ وہ تم سے کہیں گے کہ حفصہؓ نے مجھے شہد کا شربت پلایا ہے۔ تم کہنا: اس شہد کی مکھی نے عُرفط کے درخت کا رس چوسا ہے اور میں بھی یہی کہوں گی اور صفیہؓ ! تم بھی ایسا ہی کہنا۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: سودہؓ کہتی تھیں: اللہ کی قسم! ابھی تھوڑی دیر گزری تھی کہ رسول اللہ ﷺ آن کھڑے ہوئے اور میں نے تمہارے ڈر سے یہ چاہا کہ جو بات تم نے مجھ سے کہی تھی وہ جھٹ پہلے ہی آپؐ سے کہہ دوں (مگر کہہ نہ سکی۔) جب آپؐ اُن کے نزدیک آئے تو سودہؓ نے آپؐ سے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے کہیں ہینگ کھائی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ سودہؓ نے کہا: پھر یہ کیا بو ہے جو میں آپؐ سے محسوس کرتی ہوں؟ آپؐ نے فرمایا: حفصہؓ نے مجھے شہد کا شربت پلایا ہے۔ تب سودہؓ نے کہا: اس شہد کی مکھی نے عُرفط کا رس چوسا ہے۔ جب آپؐ چکر لگا کر میرے پاس آئے میں نے آپؐ سے یہی کہا اور جب صفیہؓ کے پاس گئے اُنہوں نے بھی یہی کہا۔ جب حفصہؓ کے پاس (دوسرے دن) چکر لگاتے ہوئے گئے انہوں نے پوچھا: یا رسول اللہ! کیا میں آپؐ کو شہد کا شربت نہ پلاؤں؟ آپؐ نے فرمایا: مجھے اس کی ضرورت نہیں۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: سودہؓ کہنے لگیں: اللہ کی قسم! ہم نے آپؐ کو شہد سے محروم کیا۔ میں نے کہا: چپ رہو۔
مسلم بن ابراہیم نے ہمیں بتایا کہ ہشام (دستوائی) نے ہم سے بیان کیا کہ قتادہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُرارہ بن اوفیٰ سے، زُرارہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا کہ اللہ نے میری امت سے ان خیالات میں درگزر کیا ہے جو کہ اُن کے نفس میں پیدا ہوتے ہوں جب تک کہ وہ اُن پر عمل نہ کرے یا زبان سے نہ نکالے۔ قتادہ نے کہا: اگر کسی نے اپنے دل میں طلاق دے دی تو وہ بے کار ہے۔
اصبغ (بن فرج) نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن وہب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے کہا: مجھے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن نے حضرت جابرؓ (انصاری) سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ (وہ کہتے تھے:) اسلم قبیلے کا ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ مسجد میں تھے اور کہنے لگا کہ اس نے زنا کیا ہے۔ آپؐ نے اس سے منہ پھیر لیا۔ مگر پھر وہ اُدھر ہی گیا جدھر آپؐ نے منہ پھیرا اور اپنے متعلق چار قسمیں کھا کر اپنے خلاف شہادت دی۔ آپؐ نے اُس کو بلایا اور فرمایا: تمہیں جنون تو نہیں؟ کیا تمہارا نکاح ہو چکا ہے؟ اُس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے اس کے متعلق حکم دیا کہ اُس کو عیدگاہ میں سنگسار کیا جائے۔ جب پتھر اس پر پڑنے لگے تو وہ بھاگا۔ آخر حرہ میں جا کر پکڑا گیا اور پھر مار ڈالا گیا۔