بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 4 of 24 hadith
حضرت عبدالرحمان بن سمرۃؓ سے روایت ہے کہ میں رسول اللہﷺ کی زندگی میں اس دوران میں کہ اپنے تیر چلا رہا تھا سورج گرہن ہوا۔ میں نے ان کو پھینکا اور کہا میں دیکھتا ہوں کہ رسول اللہﷺ کے لئے سورج گرہن میں آج کیا نئی بات ہوتی ہے۔ میں آپؐ کے پاس پہنچا اور آپؐ اپنے دونوں ہاتھ اُٹھائے دعا کر رہے تھے اور اللہ اکبر، اللہ اکبر کہہ رہے تھے اور اَلْحَمْدُلِلّٰہِ کہہ رہے تھے اور لَااِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ کہہ رہے تھے یہاں تک کہ سورج سے تاریکی دور ہوگئی تو آپؐ نے دو سورتیں پڑھیں اور دو رکعتیں ادا کیں۔
حضرت عبدالرحمان بن سمرۃؓ سے روایت ہے اور وہ رسول اللہ ﷺ کے صحابہؓ میں سے تھے۔ وہ کہتے ہیں میں رسول اللہ ﷺ کی زندگی میں مدینہ میں اپنے تیر چلا رہا تھا جب سورج گرہن ہوا تو میں نے وہ پھینک دئیے اور میں نے کہا اللہ کی قسم! میں ضرور جا کر دیکھتا ہوں کہ سورج گرہن کے وقت رسول اللہ ﷺ کے پاس کیا نئی بات ہوئی۔ وہ کہتے ہیں میں آپؐ کے پاس آیا اور آپؐ نماز میں دونوں ہاتھ اُٹھائے ہوئے کھڑے تھے۔ آپؐ سُبْحَانَ اللّٰہِ، اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ اور لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ اور اَللّٰہُ اََکْبَرُ کہنے اور دعا کرنے لگے یہاں تک کہ اس (سورج) سے (وہ حالت) دور ہوئی۔ راوی کہتے ہیں (وہ حالت) دور ہوئی۔ آپؐ نے دو سورتیں پڑھیں دو رکعت نماز ادا کی۔ ایک اور روایت جو حضرت عبدالرحمان بن سمرہؓ سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں دریں اثناء کہ میں رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں اپنے تیر چلا رہا تھا کہ سورج کو گرہن لگ گیا۔ باقی روایت پہلی روایت کی طرح ہی ہے۔
حضرت عبد اللہ بن عمرؓ کے بارہ میں روایت ہے وہ رسول اللہﷺ کے بارہ میں بیان کیا کرتے تھے کہ آپؐ نے فرمایا سورج اور چاند کسی کی موت اور زندگی کی وجہ سے نہیں گہناتے لیکن وہ اللہ کے نشانات میں سے ایک نشان ہیں پس جب تم ان دونوں کو (گرہن لگتے) دیکھو تو نماز پڑھو۔
حضرت مغیرہ بن شعبہؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ کے عہد میں سورج گرہن ہوا۔ جب صاحبزادہ ابراہیمؓ فوت ہوئے تو رسول اللہﷺ نے فرمایا یقینا سورج اور چاند اللہ کے نشانوں میں سے ایک نشان ہیں اور یہ دونوں لوگوں میں سے کسی (شخص) کی زندگی یا موت کی وجہ سے نہیں گہناتے۔ پس جب تم ان دونوں کو دیکھو تو اللہ تعالیٰ سے دعا مانگو اور نماز پڑھو یہاں تک کہ وہ روشن ہو جائے۔