بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 400 hadith
حضرت ابن الفراسی ؓ نے بیان کیا کہ میں شکار کیا کرتا تھا اور میرا ایک مشکیزہ تھا اور میں اس میں پانی رکھتا تھا اور میں نے سمندر کے پانی سے وضو کیا، اور جب اس کا ذکر میں نے رسول اللہ ﷺ سے کیا آپ ؐ نے فرمایا اس کا پانی پاک ہے، حلال ہے اس کا مرا ہوا۔
حضرت جابرؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ سے سمندر کے پانی کے بارے میں سوال کیا گیا؟ آپؐ نے فرمایا اس کا پانی پاک ہے، حلال ہے اس کا مرا ہوا۔
حضرت مغیرہ بن شعبہ ؓ نے بیان کیا کہ نبی ﷺ اپنی ضرورت کے لئے باہر تشریف لے گئے۔ جب آپؐ واپس تشریف لائے۔ میں چھاگل لئے ہوئے آپؐ کو مِلا۔ میں نے آپؐ کے لئے پانی انڈیلا۔ آپؐ نے ہاتھ دھوئے۔ پھر اپنا چہرہ دھویا، پھر اپنے بازو دھونے لگے، چونکہ آپؐ کا جبہ تنگ تھا۔ آپؐ نے ان دونوں کو جبہ کے نیچے سے نکالا اور ان دونوں (بازو) کو دھویا، اپنے موزوں پر مسح کیا۔ پھر ہمیں نماز پڑھائی۔
حضرت رُبَیِّع بنت مُعَوِّذ ؓ نے بیان کیا کہ میں نبی ﷺ کے پاس ایک وضو کا برتن لے کر آئی۔ آپؐ نے فرمایا انڈیلو، میں نے پانی انڈیلا۔ آپؐ نے اپنا چہرہ اور دونوں بازو دھوئے اور نیا پانی لیا اور اس سے اپنے سر کا مسح کیا اس کے اگلے حصہ کا بھی اور پچھلے حصہ کا بھی اور تین تین بار دونوں پیر دھوئے۔
حضرت صفوان بن عسالؓ نے بیان کیا کہ میں نے نبی ﷺ کے وضو کے لئے سفر و حضر میں پانی انڈیلا۔
حضرت اُمّ عیاشؓ جو حضرت رقیہؓ بنت رسول اللہ ﷺ کی باندی تھیں نے بیان کیا کہ مَیں رسول اللہ ﷺ کو وضو کرواتی تھی ، میں کھڑی ہوتی اور آپؐ بیٹھے ہوتے تھے۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کیا کرتے تھے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی رات کو بیدار ہو، تو وہ اپنا ہاتھ برتن میں نہ ڈالے، جب تک کہ اُس پر دو یا تین مرتبہ پانی نہ ڈال لے کیونکہ تم میں سے کوئی نہیں جانتا کہ اُس کے ہاتھ نے رات کہاں بسر کی۔
سالم اپنے والد سے روایت کرتے ہیں انہوں نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تم میں سے جب کوئی نیند سے بیدار ہو، تو وہ اپنا ہاتھ برتن میں نہ ڈالے، جب تک اُسے دھو نہ لے۔
حضرت جابرؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جب کوئی تم میں سے نیند سے اٹھے اور وضو کا ارادہ کرے تو اپنا ہاتھ وضو کے پانی میں نہ ڈالے جب تک دھو نہ لے۔ کیونکہ وہ جانتا نہیں کہ اُس کے ہاتھ نے رات کہاں بسر کی اور نہ یہ کہ اُس نے اسے کس چیز پر رکھا۔
حارث نے بیان کیا کہ حضرت علیؓ نے پانی منگوایا اور اپنے ہاتھ برتن میں داخل کرنے سے پہلے دھوئے۔ پھر فرمایا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو اس طرح کرتے ہوئے دیکھا۔