بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 400 hadith
حضرت ابو سعید خدری ؓ سے روایت ہے ، انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ کیا میں تمہیں ایسی بات نہ بتاؤں جس کے ذریعہ اللہ گناہوں کو مٹاتا ہے اور نیکیوں میں اضافہ کرتا ہے۔ لوگوں نے کہا ضرور یا رسولؐ اللہ! آپؐ نے فرمایا جی نہ چاہنے کے باوجود اچھی طرح وضو کرنا ، مساجد کی طرف کثرت سے قدم اُٹھانا اور ایک نماز کے بعد دوسری نماز کا انتظار۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا خطاؤں کا کفارہ یہ ہے کہ جی نہ چاہنے کے باوجود اچھی طرح وضو کرنا، مساجد کی طرف چل کر جانا اور ایک نماز کے بعد دوسری نماز کا انتظار کرنا۔
حضرت عمار بن یاسرؓ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو اپنی ریش مبارک میں انگلیاں پھیرتے دیکھا۔
حضرت عثمانؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے وضو کیا اور اپنی ریش مبارک میں انگلیاں پھیریں۔
حضرت انس بن مالکؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ جب وضو کرتے دو بار اپنی ریشِ مبارک میں انگلیاں پھیرتے اور اپنی انگلیاں کھولتے۔
حضرت ابن عمر ؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ وضو کرتے تو اپنے گال کچھ ملتے۔ پھر نیچے کی طرف اپنی ریش مبارک میں انگلیاں ڈالتے۔
حضرت ابو ایوب انصاریؓ نے بیان کیا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا۔ آپؐ نے وضو کیا اور آپؐ نے اپنی ریش مبارک میں انگلیاں پھیریں۔
عمرو بن یحییٰ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے حضرت عبداللہ بن زیدؓ جو عمرو بن یحییٰ کے دادا ہیں سے کہا کہ کیا آپؓ مجھے دکھا سکتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کیسے وضو کیا کرتے تھے؟ حضرت عبداللہ بن زیدؓ نے کہا ہاں، انہوں نے وضو کا پانی منگوایا اور اپنے دونوں ہاتھوں پر انڈیلا اور اپنے دونوں ہاتھ دو مرتبہ دھوئے، پھر کلی کی اور ناک صاف کیا تین مرتبہ۔ پھر اپنا چہرہ تین بار دھویا پھر اپنے دونوں ہاتھ کہنیوں تک دو دو مرتبہ دھوئے اور پھر سر کا مسح اپنے دونوں ہاتھوں سے کیا اور ان دونوں کو آگے بھی لائے اور پیچھے بھی۔ سر کے اگلے حصے سے شروع کیا پھر دونوں کو گردن کے پچھلے حصہ تک لے گئے۔ پھر ان دونوں ہاتھوں کو واپس اس جگہ لائے جہاں سے شروع کیا پھر اپنے دونوں پاؤں دھوئے۔
حضرت عثمان بن عفانؓ نے بیان کیا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا، آپؐ نے وضو کیا اور آپؐ نے اپنے سر کا مسح ایک مرتبہ کیا۔
حضرت علیؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے اپنے سر کا مسح ایک مرتبہ کیا۔