بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 400 hadith
ابو مالک نے حضرت انس بن مالکؓ کے بارہ میں روایت کی ہے انہوں نے کہا کہ وہ (حضرت انس بن مالکؓ) اپنے دونوں ہاتھ اپنے دونوں کانوں پر رکھا کرتے اور کہا کرتے یہ دونوں بہرے ہوجائیں، اگر میں نے یہ بات رسول اللہ ﷺ سے نہ سنی ہو۔ وضو کرو اس چیز (کے استعمال) کی وجہ سے جسے آگ چھو جائے۔
حضرت ابن عباسؓ نے بیان کیا کہ نبی ﷺ نے دستی (کا گوشت) تناول فرمایا، پھر آپؐ نے اپنے پاس رکھے کپڑے سے ہاتھ صاف کئے اور نماز کے لئے تشریف لے گئے اور نماز ادا کی۔
حضرت جابر بن عبد اللہؓ نے بیان کیا کہ نبی ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ نے روٹی اور گوشت تناول فرمایا اور انہوں نے وضو (تازہ) نہیں کیا۔
زہری بیان کرتے ہیں کہ میں ولید یا کہا عبد الملک کے رات کے کھانے میں حاضر ہوا۔ جب نماز کا وقت ہوا تو میں وضو کے لئے اٹھا، تو جعفر بن عَمرو بن اُمَیَّۃ نے کہا میں اپنے والد کے متعلق گواہی دیتا ہوں۔ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کے بارہ میں گواہی دی کہ رسول اللہ ﷺ نے کھانا کھایا جو آگ سے پکا ہوا تھا۔ پھر نماز ادا کی اور وضو (تازہ) نہیں کیا اور علی بن عبداللہ بن عباس بیان کرتے ہیں کہ میں بھی اپنے والد کے بارہ میں یہی گواہی دیتا ہوں۔
حضرت ام سلمہ ؓ بیان فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں بکری کے شانہ (کا گوشت) پیش کیا گیا۔ آپؐ نے اُس میں سے تناول فرمایا اور پھر نماز ادا کی اور پانی کو چھوا بھی نہیں۔
بُشَیر بن یسار سے روایت ہے کہ حضرت سُوید بن نعمان انصاریؓ نے ہمیں بتایا کہ وہ رسول اللہﷺ کے ساتھ خیبر کی طرف نکلے، جب صَہبَاء (مقام) میں تھے تو عصر کی نماز ادا کی۔ پھر کھانا طلب فرمایا تو صرف ستو لائے گئے۔ سب نے کھایا اور پیا۔ پھر آپؐ نے پانی منگوایا اور کلی کی اور پھر اُٹھے اور ہمیں مغرب کی نماز پڑھائی۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے بکری کے شانہ (کا گوشت) تناول فرمایا پھر کلی کی اور ہاتھ دھوئے اور نماز ادا کی۔
حضرت بَرَاء بن عازب ؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ سے اونٹ کے گوشت (کھانے کی وجہ) سے وضو کرنے کے بارے میں سوال کیا گیا۔ آپؐ نے فرمایا اس (کے کھانے) پر وضو کرلیا کرو۔
حضرت جابر بن سمرہؓ نے بیان کیا کہ ہمیں رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا کہ ہم اونٹ کے گوشت (کھانے کی وجہ) سے وضو کریں اور بکری کا گوشت (کھانے) پر (بے شک) وضو نہ کریں۔
حضرت اُسَید بن حُضیرؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا بکری کا دودھ (پینے) سے بے شک وضو نہ کرو اور اونٹنی کا دودھ پینے پر وضو کرو۔