بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 400 hadith
حضرت اُمِّ کُرْز ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا لڑکے کے پیشاب پر پانی بہایا جاتا ہے اور لڑکی کے پیشاب کو دھویا جاتا ہے۔
حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ ایک بدّو نے مسجد میں پیشاب کر دیا۔ کچھ لوگ اس کی طرف لپکے۔ اس پر رسول اللہﷺ نے فرمایا اس کا پیشاب نہ روکو۔ پھر آپؐ نے ایک ڈول پانی کا منگوایا اور اُس پر بہا دیا۔
حضرت ابو ہریرہ ؓ نے بیان کیا کہ ایک اعرابی مسجد میں داخل ہوا اور رسول اللہ ﷺ تشریف فرما تھے۔ اُس نے دعا کی اے اللہ مجھے بخش دے اور محمد (ﷺ) کو اور کسی کو ہمارے ساتھ نہ بخشنا۔ رسول اللہ ﷺ ہنس پڑے اور فرمایا تو نے (اللہ کی) وسیع (رحمت) کو محدود کر دیا۔ پھر وہ مڑا اور مسجد کے ایک کونے میں آیا اور ٹانگیں چوڑی کر کے پیشاب کرنے لگا۔ بعد میں جب اس اعرابی کو سوجھ بوجھ حاصل ہو گئی تو کہنے لگا میرے ماں باپ آپؐ پر فدا ہوں آپؐ اُٹھ کر میری طرف آئے آپؐ نے نہ تو ڈانٹا اور نہ بُرا بھلا کہا بلکہ فرمایا یہ مسجد ہے اس میں پیشاب نہیں کیا جاتا۔ یہ تو صرف اللہ کے ذکر کے لئے اور نماز کے لئے بنائی جاتی ہے۔ پھر آپؐ نے ایک ڈول پانی لانے کا حکم فرمایا اور اس کے پیشاب پر بہا دیا گیا۔
حضرت واثِلہ بن اَسْقَعؓ نے بیان کیا کہ ایک اعرابی نبی ﷺ کے پاس آیا اور کہا اے اللہ ! مجھ پر اور محمد (ﷺ) پر رحم کر اور اپنی اس رحمت میں ہمارے ساتھ کسی اور کو شریک نہ کر۔ آپؐ نے فرمایا تو نے (اللہ کی) وسیع (رحمت) کو محدود کر دیا۔ اللہ تجھ پر رحم کرے یا فرمایا تیرا بھلا ہو۔ راوی کہتے ہیں ، پھر وہ ٹانگیں چوڑی کر کے پیشاب کرنے لگا۔ نبی ﷺ کے صحابہؓ نے کہا رُکو! رُکو!! رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اُسے چھوڑ دو۔ پھر آپؐ نے پانی کا ایک ڈول منگوایا اور اس پر بہا دیا۔
ابراہیم بن عبد الرحمن بن عوف کی ام ولد سے روایت ہے کہ اُنہوں نے نبی ﷺ کی زوجہ مطہرہ حضرت اُمّ سلمہؓ سے پوچھا اور عرض کیا کہ میں ایک ایسی عورت ہوں کہ اپنے دامن کو لمبا رکھتی ہوں اور ایسی جگہ سے بھی گزرتی ہوں جو صاف نہیں ہوتی۔ انہوں (حضرت ام سلمہؓ) نے فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے اُسے پاک کر دیتا ہے جو اس کے بعد ہے۔
حضرت ابو ہریرہ ؓ نے بیان کیا کہ عرض کیا گیا یا رسولؐ اللہ ! ہم مسجد جانے کا ارادہ کرتے ہیں تو کبھی ہمیں ایسے رستے پر بھی چلنا پڑتا ہے جو صاف نہیں ہوتا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا زمین کا ایک حصہ دوسرے کو پاک کر دیتا ہے۔
بنو عبد اشہل کی ایک عورت سے روایت ہے کہ اُس نے کہا میں نے نبی ﷺ سے پوچھا اور میں نے عرض کیا میرے اور مسجد کے درمیان ایسا راستہ ہے جو صاف نہیں۔ حضورؐ نے فرمایا کیا اس کے بعد اس سے زیادہ صاف راستہ ہے ؟ میں نے عرض کیا جی ہاں۔ فرمایا اس کے ذریعہ وہ (صاف ہوجاتی) ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ اُن کا نبی ﷺ سے مدینہ کے راستوں میں سے کسی ایک راستے میں سامنا ہو اور وہ (حضرت ابو ہریرہؓ) جنبی تھے اس لئے وہ چپکے سے ایک طرف نکل گئے۔ نبی ﷺ نے انہیں نہ پایا۔ جب وہ آئے تو آپؐ نے پوچھا ابو ہریرہ! تم کہاں تھے؟ ابو ہریرہؓ نے عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ! آپؐ کا مجھ سے سامنا ہوا اور میں جنبی تھا، میں نے اس بات کو ناپسند کیا کہ آپؐ کے پاس (ایسی حالت) میں بیٹھوں جب تک کہ غسل نہ کر لوں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا مومن ناپاک نہیں ہوجاتا۔
حضرت حذیفہؓ نے بیان کیا کہ نبی ﷺ باہر تشریف لائے اور آپؐ کا مجھ سے سامنا ہوا اور میں جنبی تھا۔ اس لئے میں آپؐ سے ایک طرف ہوگیا۔ میں نے غسل کیا اور پھر آیا۔ حضور ﷺ نے پوچھا تجھے کیا ہوا تھا؟ میں نے عرض کیا میں جنبی تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ مسلمان ناپاک نہیں ہوجاتا۔
عمرو بن میمون نے بیان کیا کہ میں نے سلیمان بن یسار سے اُس کپڑے کے بارے میں پوچھا جسے منی لگ جائے کہ کیا ہم صرف اُسے (منی کو) دھوئیں گے یا سارے کپڑے کو؟ سلیمان نے کہا حضرت عائشہؓ نے بیان فرمایا کہ نبیﷺ کے کپڑے کو (منی) لگ جاتی تو آپؐ اُسے اپنے کپڑے پر سے دھو ڈالتے پھر اپنے (اسی) کپڑے میں آپؐ نماز کے لئے تشریف لے جاتے اور میں دھونے کے نشان اس کپڑے میں دیکھ رہی ہوں۔