بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 400 hadith
عمران بن طلحہ اپنی والدہ حضرت حمنہؓ بنت جحش سے روایت کرتے ہیں کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں مستحاضہ تھیں۔ وہ رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئیں اور عرض کیا کہ مجھے استحاضہ کا بہت ہی زیادہ خون آتا ہے۔ آپؐ نے انہیں فرمایا روئی رکھ لیا کرو۔ اُنہوں نے آپؐ سے عرض کیا کہ وہ اس سے کہیں زیادہ ہے اور بہت بہتا ہے۔ آپؐ نے فرمایا کپڑا باندھو اور ہر مہینے کے چھ یا سات دن حیض (کے ایام کے طور پر) شمار کرو، جو اللہ کے علم میں ہے۔ پھر اچھی طرح سے غسل کرو اور نماز پڑھو اور روزے رکھو تئیس یا چوبیس دن اور ظہر کو ذرا دیر سے اور عصر کو ذرا جلدی پڑھو (یعنی دونوں کو جمع کرکے) اور ان دونوں نمازوں کے لئے ایک غسل کرو اور مغرب کو ذرا دیر سے اور عشاء کو جلدی پڑھو (یعنی دونوں کو جمع کر کے) اور ان دونوں کے لئے بھی ایک غسل کرو۔ دونوں امروں میں سے یہ طریق مجھے زیادہ پسند ہے۔
حضرت ام قیس بنت محصن ؓ نے بیان کیا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے حیض کے خون کے بارہ میں پوچھا جو کپڑے کو لگ جائے۔ آپؐ نے فرمایا اسے پانی اور بیری (کے پتوں) سے دھو لیا کرو اور اسے رگڑو اگرچہ کسی لکڑی سے۔
حضرت اسماء بنت ابی بکر صدیقؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ سے حیض کے خون کے بارہ میں پوچھا گیا جو کپڑے کو لگ جائے۔ آپؐ نے فرمایا اُسے کھُرچو اور دھو لو اور اس میں نماز پڑھ لو۔
نبی ﷺ کی زوجہ مطہرہ حضرت عائشہؓ نے بیان فرمایا کہ ہم میں سے کوئی حائضہ ہوتی اور (اپنے حیض کے دِن ختم ہونے کے بعد) اپنی صفائی کے وقت اپنے کپڑے سے خون کھرچ دیتی پھر اس کو دھو ڈالتی۔ پھر اس سارے کپڑے پر پانی بہا دیتی۔ پھر اسی میں نماز پڑھ لیتی۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ ایک عورت نے ان سے سوال کیا کیا حائضہ عورت رہی ہوئی نمازیں پڑھے گی؟ حضرت عائشہؓ نے اس سے کہا کیا تم حروریہ ہو؟ ہم نبی ﷺ کے زمانہ میں حائضہ ہوتیں اور پھر ہم پاک ہو جاتیں اور آپؐ نے ہمیں رہی ہوئی نمازیں ادا کرنے کا حکم نہ دیا۔
حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے مجھے ارشاد فرمایا، مسجد سے چھوٹی چٹائی مجھے پکڑا دو۔ میں نے عرض کیا کہ میں تو حائضہ ہوں۔ آپؐ نے فرمایا حیض تیرے ہاتھ میں تو نہیں۔
حضرت عائشہ ؓ نے بیان فرمایا کہ نبی ﷺ اپنا سر مبارک میرے قریب کر دیتے جبکہ میں حائضہ ہوتی اور حضور ﷺ (مسجد میں) قیام فرما یعنی معتکف ہوتے، میں حضورؐ کے سر مبارک کو دھوتی اور اس میں کنگھی کرتی۔
حضرت عائشہ ؓ نے بیان فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ اپنا سر مبارک میری گود میں رکھتے اور میں حائضہ ہوتی اور آپؐ قرآن پڑھتے۔
حضرت عائشہؓ نے بیان فرمایا کہ ہم میں سے جب کوئی حائضہ ہو جاتی تو نبی ﷺ اس کے حیض کی شدت (کے ایام) میں فرماتے کپڑا باندھ لو اور اس کے ساتھ لیٹ جاتے اور تم میں سے کون اپنی خواہش پر ضبط رکھ سکتا ہے جس طرح رسول اللہ ﷺ اپنی خواہش پر ضبط رکھتے تھے۔
حضرت عائشہؓ نے بیان فرمایا کہ ہم میں سے جب کوئی حائضہ ہوتی تو نبی ﷺ اسے فرماتے کہ وہ کپڑا باندھ لے۔ پھر اس کے ساتھ بدن سے بدن لگا لیتے تھے۔