بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 8 of 118 hadith
قبیصہ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے عیاض بن عبداللہ سے، عیاض نے حضرت ابوسعید (خدری) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: صدقہ فطر ایک صاع جَو (مسکین کو) کھانے کے لئے دیا کرتے تھے۔
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے عیاض بن عبد اللہ بن سعد بن ابی سرح عامری سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: ہم زکوٰۃِ فطر ایک صاع خوراک نکالا کرتے تھے یا ایک صاع جَو یا ایک صاع کھجور یا ایک صاع پنیر یا ایک صاع کشمش۔
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے روایت کی کہ حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) نے کہا کہ نبی ﷺ نے زکوٰۃِ فطر ایک صاع کھجور یا ایک صاع جَو دینے کا حکم دیا۔ حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ کہتے تھے: لوگوں نے دو مد گیہوں (ایک صاع جَو) کے برابر مقرر کئے۔
ہم سے آدم (بن ابی ایاس) نے بیان کیا، (کہا:) ہمیں حفص بن میسرہ نے بتایا۔ (انہوں نے کہا:) ہم سے موسیٰ بن عقبہ نے بیان کیا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں کے (عید کی) نماز کے لئے نکلنے سے پہلے صدقہ فطر (ادا کرنے) کا حکم فرمایا۔
معاذ بن فضالہ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابوعمر (حفص بن میسرہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زید (بن اسلم) سے، زید نے عیاض بن عبداللہ بن سعد سے، عیاض نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں ہم عید فطر کے دن ایک صاع خوراک(صدقہ کے لئے) نکالا کرتے تھے۔ حضرت ابوسعیدؓ نے کہا: اور ہماری خوراک جَو، کشمش، پنیر اور کھجور ہوتی تھی۔
مسدد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا کہ عبیداللہ (عمری) سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے صدقہ فطر ایک صاع جَو یا ایک صاع کھجور چھوٹے اور بڑے، آزاد اور غلام پر فرض کیا ہے۔
عبداللہ بن منیر نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے یزید (بن ابی حکیم) عدنی سے سنا۔ (انہوں نے کہا:) سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ زید بن اسلم سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: عیاض بن عبداللہ (بن سعد) بن ابی سرح نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: ہم نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں (صدقہ فطر) ایک صاع اناج کا یا ایک صاع کھجور کا یا ایک صاع جَو کا یا ایک صاع کشمش کا دیا کرتے تھے۔ جب معاویہؓ آئے اور گندم بھی آئی تو حضرت ابوسعیدؓ کہتے تھے: میں سمجھتا ہوں کہ اس (گندم) کا مُدّ (اناج کے) دو مُدّ کے برابر ہے۔
(تشریح)ابونعمان نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) حماد بن زید نے ہم سے بیان کیا، (کہا:)ایوب (سختیانی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی انہوں نے کہا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے صدقہ فطر- یا یوں کہا: صدقہ رمضان- مرد اور عورت، آزاد اور غلام پر ایک صاع کھجور یا ایک صاع جَو کا فرض کیا ہے۔ پھر لوگوں نے گیہوں کا آدھا صاع اس کے برابر قرار دیا۔ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کھجور دیا کرتے تھے۔ جب مدینہ والوں کے پاس کھجور کے درخت کم ہوگئے تو وہ جَو دینے لگے اور حضرت ابن عمرؓ چھوٹے اور بڑے کی طرف سے صدقہ فطر دیا کرتے تھے۔ یہاں تک کہ وہ میرے بیٹوں کی طرف سے بھی دیتے تھے اور حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما صدقہ ان لوگوں کو دیا کرتے تھے جو اُسے وصول کرتے اور صحابہؓ عید سے ایک یا دو دِن پہلے دیا کرتے تھے۔ }ابوعبداللہ (بخاریؒ) نے کہا: میرے بیٹوں سے مراد نافع کے بیٹے ہیں۔ امام بخاریؒ نے کہا: وہ صدقہ اکٹھا ہونے کے لئے دیا کرتے تھے نہ کہ محتاجوں کو۔ {
(تشریح)