بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 4 of 24 hadith
(محمد) بن سلام (بیکندی) نے ہم سے بیان کیا کہ (مروان بن معاویہ) فزاری نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے حمید طویل سے، حمید نے حضرت انس ص سے روایت کی۔ کہا: بنو سلمہ نے ارادہ کیا کہ اپنی جگہیں چھوڑ کر مدینہ کے قریب آجائیں تو رسول اللہ ﷺ نے ناپسند کیا کہ مدینہ کے کسی طرف جگہ خالی رہے اور فرمایا: اے بنی سلمہ ! کیا تم اپنے قدموں کا ثواب نہیں چاہتے۔ پھر وہ وہیں ٹھہرے رہے۔
(تشریح)مسدد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے یحيٰ سے، یحيٰ نے عبیداللہ بن عمر سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: خبیب بن عبدالرحمن نے مجھے بتایا کہ حفص بن عاصم سے مروی ہے۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہ ؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ فرمایا: میرے گھر اور میرے منبر کے درمیان جو جگہ ہے وہ جنت کے باغوں میں سے ایک باغ ہے اور میرا منبر حوض پر ہے۔
عبید بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب رسول اللہ ﷺ مدینہ میں آئے، حضرت ابوبکرؓ اور حضرت بلالؓ کو بخار ہوگیا تو حضرت ابوبکرؓ جب ان کو بخار ہوتا تو یہ شعر پڑھتے:- ہر شخص جب اپنے گھر میں صبح کو اُٹھتا ہے تو اسے صباح الخیر کہا جاتا ہے؛ بحالیکہ موت اس کی جوتی کے تسمے سے نزدیک تر ہوتی ہے۔ اور حضرت بلالؓ جب اُن کا بخار اُتر جاتا تو بلند آواز سے رو کر یہ شعر پڑھتے:- کاش مجھے معلوم ہو! آیا میں کوئی رات وادی (مکہ) میں بسر کروں گا اور میرے ارد گرد اذخر اور جلیل (گھاس پات) ہوں اور کیا میں کسی دن مجنّہ پہنچ کر اس کا پانی پیوں گا اور کیا شامہ اور طفیل پہاڑ میرے سامنے ہوں گے؟ حضرت بلالؓ کہتے: اے اللہ! شیبہ بن ربیعہ، عتبہ بن ربیعہ اور امیّہ بن خلف پر لعنت ہو۔ کیونکہ انہوں نے ہمیں ہماری سرزمین سے وباء والی زمین کی طرف نکال دیا ہے۔ اس کے بعد رسول اللہ ﷺ نے دعا کی کہ اے اللہ! مدینہ کو ہمیں ایسا ہی پیارا بنا دے جیسا کہ ہمیں مکہ پیارا ہے یا اس سے بڑھ کر۔ اے اللہ! ہمارے صاع میں اور ہمارے مُدّ میں برکت دے اور مدینہ کو ہمارے لئے صحت بخش مقام بنا اور اس کے بخار کو جحفہ کی طرف منتقل کردے۔ (حضرت عائشہؓ) کہتی تھیں: ہم مدینہ آئے اور وہ اللہ کی زمین میں سب سے زیادہ وباء زدہ مقام تھا۔ انہوں نے کہا: بطحان نالے میں تھوڑا سا پانی بہتا تھا۔ وہ پانی بھی بدمزہ بودار۔
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد بن یزید سے، خالد نے سعید بن ابی ہلال سے، سعید نے زید بن اسلم سے، زید نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عمرؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: اے اللہ! مجھے اپنی راہ میں شہادت نصیب کر اور تیرے رسول کے شہر میں میری موت ہو۔ (زید) بن زُرَیع نے روح بن قاسم سے نقل کیا۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے اپنی ماں سے، ان کی ماں نے حضرت حفصہ بنت عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عمرؓ سے اسی طرح سنا۔ اور ہشام نے زید سے نقل کی۔ زید نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت حفصہؓ سے روایت کی کہ میں نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے سنا۔
(تشریح)