بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 81 hadith
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحیى بن سعید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے روایت کی۔ کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا۔ کہا: حضرت ابن عمرؓ نے مجھ سے بیان کیا، کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اپنی نماز کے لئے سورج نکلنے کی جستجو نہ کیا کرو اور نہ اس کے ڈوبنے کی۔
اور انہوں نے کہا: مجھ سے حضرت ابن عمر نے بیان کیا، کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب سورج کا کنارہ نکل آئے تو تم نماز میں تاخیر کرو۔ یہاں تک کہ سورج بلند ہو جائے اور جب سورج کا کنارہ غائب ہو جائے تو نماز میں تاخیر کرو۔ یہاں تک کہ سورج چھپ جائے۔ عبدہ نے بھی ان کی طرح یہی بیان کیا۔
عبد اللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا : مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کوئی اس جستجو میں نہ رہے کہ سورج نکلنے کے وقت نماز پڑھے اور نہ اس کے غروب ہونے کے وقت۔
محمد بن سلام نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبید اللہ سے، عبید اللہ نے خبیب سے، خبیب نے حفص بن عاصم سے، حفص بن عاصم نے حضرت ابوہریرہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فجر کے بعد سورج نکلنے تک اور عصر کے بعد سورج غروب ہونے تک دو نمازوں سے منع فرمایا ہے۔
ابونعمان نے ہم سے بیان کیا، ( کہا: ) حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے نافع سے۔ نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں اسی طرح نماز پڑھتا ہوں جس طرح میں نے اپنے ساتھیوں کو نماز پڑھتے دیکھا تھا۔ میں کسی کو منع نہیں کرتا کہ وہ رات اور دن کو جتنی چاہے نماز پڑھے مگر یہ کہ تم سورج کے نکلنے اور اس کے غروب ہونے کی عمدا جستجو نہ کیا کرو۔ اطرافه: ١٦۲۹،۱۱۹۲،٥٨٥،٥٨٢،٣٢٧٣۔
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: سبکی نے ہمیں بتایا۔ کہا: ہشام نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا کہ حضرت عائشہ نے کہا: اے میرے بھانجے! نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے عصر کے بعد دو سجدے میرے پاس کبھی ترک نہیں کئے۔
عبید بن اسمعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسامہ سے، ابواسامہ نے عبید اللہ سے، عبید اللہ نے خبیب بن عبدالرحمن سے، خبیب نے حفص بن عاصم سے، حفص نے حضرت ابو ہریرہ سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دو قسم کی خرید و فروخت سے اور دو طرز کے لباس سے اور دو نمازوں سے منع فرمایا۔ آپ نے فجر کے بعد سورج نکلنے تک اور عصر کے بعد سورج غروب ہونے تک نماز پڑھنے سے اور بدن پر کپڑا اس طرح لپیٹنے سے کہ دونوں ہاتھ اندر لیٹے رہیں اور ایک ہی کپڑے میں گوٹھ مار کر زانو اٹھا کر اس طرح بیٹھنے سے کہ اپنی شرمگاہ کو اوپر کی طرف سے کھلا رکھے اور پھینک کر اور ہاتھ سے چھو کر خرید و فروخت کرنے سے منع فرمایا۔
(تشریح)عبد العزیز بن عبد اللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عطاء بن یزید جندعی نے مجھے خبر دی کہ انہوں نے حضرت ابوسعید خدری سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا کہ صبح کے بعد سورج چڑھنے تک کوئی نماز نہیں ہوتی اور نہ عصر کے بعد سورج غروب ہونے تک کوئی نماز ہوتی ہے۔
محمد بن ابان نے ہم سے بیان کیا، کہا: غندر نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ ابوتیاح سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے حمران بن ابان سے سنا کہ حضرت معاویہؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: تم تو ایسی نماز پڑھتے ہو کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ رہے اور ہم نے آپ کو یہ نماز پڑھتے نہیں دیکھا اور آپ نے ان سے یعنی عصر کے بعد دو رکعتیں پڑھنے سے منع فرمایا۔
ابونعیم نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالواحد بن آیین نے ہمیں بتایا۔ کہا: میرے باپ نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے حضرت عائشہ سے سنا۔ کہتی تھیں: اس کی قسم جو آپ کو لے گیا ہے، آپ نے وہ دو رکعتیں نہیں چھوڑیں یہاں تک کہ آپ اللہ تعالیٰ سے جاملے اور آپ اللہ تعالیٰ سے نہیں ملے جب تک کہ کھڑے ہوکر نماز پڑھنے سے مجبور نہیں ہو گئے اور آپ اپنی بہت سی نمازیں بیٹھ کر پڑھتے تھے۔ یعنی عصر کے بعد کی دو رکعتیں اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم انہیں پڑھا کرتے تھے۔ مسجد میں ان کو نہیں پڑھتے تھے، اس خوف سے کہ امت پر بوجھ ڈال دیں گے اور آپ وہ بات پسند کرتے تھے جو ان سے بوجھ کو ہلکا کرے۔