بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 257 hadith
محمد بن سلام نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے عبداللہ بن ابی مُلَیکہ سے، عبداللہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ یہودی نبی ﷺ کے پاس آئے اور کہنے لگے: السَّامُ عَلَيْكُمْ۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: عَلَيْكُمْ وَلَعَنَكُمُ اللهُ وَغَضِبَ اللهُ عَلَيْكُمْ۔ آپؐ نے فرمایا: عائشہ! ٹھہرو، نرمی اختیار کرو اور سختی اور بدزبانی سے بچتی رہو۔ انہوں نے کہا: کیا آپؐ نے سنا نہیں جو انہوں نے کہا؟ آپؐ نے فرمایا: کیا تم نے نہیں سنا جو میں نے کہا؟ میں نے ان کو وہی جواب دیا۔ میری دعا ان کے متعلق قبول کی جائے گی اور اُن کی دعا میرے متعلق نہیں قبول کی جائے گی۔
اصبغ (بن فرج) نے ہم سے بیان کیا، کہا: (عبداللہ) ابن وہب نے مجھے بتایا۔ ابویحيٰ نے جو کہ فلیح بن سلیمان ہیں ہمیں خبر دی۔ ابویحيٰ نے ہلال بن اُسامہ سے، ہلال نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نہ تو گالی دیا کرتے تھے اور نہ بد خُلق تھے اور نہ ہی لعنت کیا کرتے تھے۔ ناراضگی کے اظہار کے وقت ہم میں سے کسی کو یہ فرماتے: اسے کیا ہوگیا ہے؟ اس کی پیشانی میں خاک لگے۔
عمرو بن عیسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن سواء نے ہمیں بتایا۔ روح بن قاسم نے ہم سے بیان کیا۔ روح نے محمد بن منکدر سے، ابن منکدر نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ ایک شخص نے نبی ﷺ کے پاس اندر آنے کی اجازت مانگی۔ جب آپؐ نے اُس کو آتے دیکھا، آپؐ نے فرمایا: کیا ہی بُرا ہے خاندان کا بھائی اور کیا ہی بُرا ہے خاندان کا بیٹا۔ جب وہ آ کر بیٹھ گیا تو نبی ﷺ اسے خندہ پیشانی سے ملے اور اس سے کھل کر بلا تکلف باتیں کیں۔ جب وہ شخص چلا گیا تو حضرت عائشہؓ نے آپؐ سے کہا: یا رسول اللہ! جب آپؐ نے اس شخص کو دیکھا تھا تو آپؐ نے ایسا ایسا فرمایا تھا۔ پھر آپؐ اس سے خندہ پیشانی سے ملے اور اس سے کھل کر بے تکلفی سے باتیں کیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عائشہؓ! تم نے مجھے کب بد اخلاق دیکھا تھا؟ قیامت کے روز اللہ کے نزدیک بد ترین لوگ وہ ہوں گے جن کو لوگ ان کے شر سے بچنے کے لئے چھوڑ دیں گے۔
عمرو بن عون نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے جو زید کے بیٹے ہیں ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ لوگوں میں سب سے زیادہ خوبصورت تھے اور سب لوگوں سے زیادہ سخی تھے اور سب سے زیادہ بہادر تھے۔ ایک رات مدینہ کے باشندے گھبرا گئے اور لوگ آواز کی طرف چل پڑے تو نبی ﷺ ان کو سامنے سے آتے ہوئے ملے۔ آپؐ اس آواز کی طرف تمام لوگوں سے پہلے گئے تھے۔ اور آپؐ یہ فرما رہے تھے: قطعاً گھبراؤ نہیں، قطعاً گھبراؤ نہیں۔ اور آپؐ حضرت ابوطلحہؓ کے گھوڑے پر سوار تھے جو ننگی پیٹھ تھا، اُس پر زین نہ تھی۔ آپؐ کے گلے میں تلوار لٹک رہی تھی۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو تو میں نے ایک دریا پایا ہے۔ یا (فرمایا:) یہ تو دریا ہے۔
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (محمد) ابن منکدر سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ سے جب کبھی بھی کچھ مانگا گیا تو آپؐ نے نہ نہیں کی۔
عمر بن حفص (بن غیاث) نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا، کہا: شقیق نے مجھے بتایا۔ شقیق نے مسروق سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: ہم حضرت عبداللہ بن عمروؓ کے پاس بیٹھے تھے اور وہ ہم سے باتیں کر رہے تھے۔ اتنے میں کہا: رسول اللہ ﷺ بدخُلق نہ تھے اور نہ ہی بدزبان۔ اور آپؐ فرمایا کرتے تھے: تم میں سے بہتر وہ ہیں جو تم میں سے اخلاق کے اچھے ہیں۔
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ ابو غسان (محمد بن مطرف) نے ہمیں بتایا، کہا: ابو حازم نے مجھ سے بیان کیا۔ ابو حازم نے حضرت سہل بن سعدؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک عورت نبی ﷺ کے پاس ایک بُردہ لائی۔ حضرت سہلؓ نے لوگوں سے پوچھا: کیا تم جانتے ہو کہ بُردہ کیا ہے؟ لوگوں نے کہا: اوپر اُوڑھنے کی بُر دار چادر۔ حضرت سہلؓ نے کہا: بُردہ اوپر اوڑھنے کی وہ بُر دار چادر ہوتی ہے جس میں اس کا حاشیہ بُنا ہوا ہو۔ وہ کہنے لگی: یا رسول اللہ! میں یہ آپؐ کو پہنانے کے لئے لائی ہوں۔ نبی ﷺ نے اس کو لے لیا۔ آپؐ کو اس کی ضرورت تھی۔ آپؐ نے اس کو پہنا۔ پھر صحابہ میں سے ایک شخص نے آپؐ کو پہنے ہوئے دیکھا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! یہ کیا ہی عمدہ چادر ہے۔ آپؐ مجھے یہ پہننے کے لئے دے دیں۔ آپؐ نے فرمایا: اچھا۔ جب نبی ﷺ اُٹھ کر چلے گئے تو اس کے ساتھیوں نے اس کو ملامت کی۔ کہنے لگے: تم نے اچھا نہیں کیا۔ جب تم نے نبی ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ نے اس کو ایسے وقت میں لیا ہے کہ آپؐ کو اس کی ضرورت تھی، پھر تم نے آپؐ سے یہ مانگ لی۔ تم اچھی طرح جانتے ہو کہ آپؐ ایسے نہیں کہ آپؐ سے کوئی چیز مانگی جائے اور اسے نہ دیں۔ اس نے کہا: جب نبی ﷺ نے اس کو پہنا تو میں نے اس کی برکت کی اُمید رکھتے ہوئے اس کو مانگا تا کہ میں اس میں کفنایا جاؤں۔
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ (زُہری نے) کہا: حمید بن عبدالرحمٰن نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: رسول اللہﷺ نے فرمایا: زمانہ جلدی جلدی گزرنے لگے گا اور عمل کم ہو جائے گا اور بخل (دلوں میں) ڈال دیا جائے گا اور ہرج بہت ہوگا۔ لوگوں نے پوچھا: ہرج سے کیا مراد ہے؟ آپؐ نے فرمایا: خونریزی، خونریزی۔
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے سلام بن مسکین سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے ثابت سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ہم سے حضرت انس رضی اللہ عنہ نے بیان کیا، کہا: میں نبی ﷺ کی دس برس خدمت کرتا رہا۔ آپؐ نے مجھے اُف تک نہ کہا اور نہ ہی یہ کہ کیوں تم نے یہ کیا اور نہ ہی کہ کیوں تم نے یہ کام نہ کیا۔
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حکم سے، حکم نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے اسوَد سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عائشہؓ سے پوچھا کہ نبیﷺ اپنے گھر میں کیا کِیا کرتے تھے؟ انہوں نے کہا: اپنے گھر والوں کے کام کاج میں رہتے۔ جب نماز کا وقت آتا تو نماز کے لئے اُٹھتے۔