بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 89 hadith
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زبیر بن عدی سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: ہم حضرت انس بن مالکؓ کے پاس آئے اور ہم نے اُن سے اس تکلیف کی شکایت کی جو ہم حجاج سے اُٹھا رہے تھے۔ تو حضرت انسؓ نے کہا: تم صبر کرو کیونکہ اب جو زمانہ بھی تم پر آئے گا وہ پہلے سے بدتر ہوگا یہاں تک کہ تم اپنے ربّ سے جا ملو۔ میں نے یہ بات تمہارے نبی ﷺ سے سنی۔
ابو لیث نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زہری سے روایت کی۔ اور اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ میرے بھائی نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے سلیمان بن بلال سے، اُنہوں نے محمد بن ابی عتیق سے، اُنہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ہند بنت حارثہ فراسیہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت اُم سلمہؓ بیان فرماتی ہیں: ایک رات رسول اللہ ﷺ گھبرائے ہوئے جاگے۔ آپؐ فرما رہے تھے سبحان اللہ کیا کچھ خزانے اللہ نے اُتارے اور کیا کچھ فتنے برپا کئے گئے۔ اِن حُجرات والیوں کو کون جگائے۔ اس سے آپؐ کی مراد اپنی ازواج تھیں تا کہ وہ نماز (تہجد) پڑھیں۔ بہت سی دنیا میں پہننے والیاں ہیں جو آخرت میں ننگی ہوں گی۔
(تشریح)عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے ہم پر ہتھیار اُٹھائے وہ ہم میں سے نہیں۔
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابواُسامہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے برید سے، برید نے ابوبردہ سے، ابوبردہ نے حضرت ابوموسیٰؓ سے، حضرت ابوموسیٰؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے ہم پر ہتھیار اُٹھایا وہ ہم میں سے نہیں۔
محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے معمر سے، معمر نے ہمام سے روایت کی۔ میں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کوئی اپنے بھائی کے سامنے ہتھیار سے اشارہ نہ کرے کیونکہ وہ نہیں جانتا کہ شاید شیطان اس کے ہاتھ کو جھٹکا دے اور وہ آگ کے گڑھے میں جا گرے۔
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: میں نے عمرو (بن دینار) سے پوچھا۔ ابومحمد! کیا تم نے حضرت جابر بن عبد اللہؓ کو یہ کہتے سنا کہ مسجد میں ایک شخص تیر لے کر گزرا تو رسول اللہ ﷺ نے اس سے فرمایا: ان کے پھلوں سے پکڑو؟ (راوی کہتے ہیں:) عمرو نے کہا: ہاں۔
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عمرو بن دینار سے، عمرو نے حضرت جابرؓ سے روایت کی کہ ایک شخص کچھ تیر لئے ہوئے مسجد میں سے گزرا۔ اس نے ان کی نوکوں کو سامنے کھلا رکھا ہوا تھا تو اس سے فرمایا کہ وہ ان کو نوکوں سے پکڑے کہ کسی مسلمان کو نہ چبھ جائے۔
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے برید سے، برید نے ابو بردہ سے، ابو بردہ نے حضرت ابو موسیٰؓ سے، اُنہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کوئی جو ہماری مسجد یا ہمارے بازار میں سے گزرے اور اس کے پاس تیر ہوں تو چاہیئے کہ وہ ان کو پیکانوں سے پکڑے رکھے یا فرمایا: اس کو اپنی ہتھیلی میں پکڑے رکھے ایسا نہ ہو کہ کہیں ان میں سے کوئی تیر مسلمانوں میں سے کسی کو زخمی کردے۔
(تشریح)عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے مجھے بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ شقیق نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا۔ حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) نے کہا نبی ﷺ نے فرمایا: مسلمان کو گالی دینا فسق ہے اور اس سے لڑنا کفر ہے۔
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ واقد (بن محمد) نے اپنے باپ سے مجھے خبر دی۔ ان کے باپ نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے نبیؐ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: میرے بعد پھر کافر نہ ہو جانا کہ تم ایک دوسرے کی گردنیں اُڑاتے رہو۔