بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 118 hadith
مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) سعید بن ابی بردہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ان کے دادا (حضرت ابوموسیٰ اشعریؓ) سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: ہر مسلمان پر صدقہ کرنا ضروری ہے۔ لوگوں نے کہا: یا نبی اللہ! جو شخص طاقت نہ رکھے؟ آپؐ نے فرمایا: وہ اپنے ہاتھ سے محنت کرے۔ خود بھی فائدہ اُٹھائے اور صدقہ بھی دے۔ انہوں نے کہا: اگر یہ بھی نہ ہو سکے؟ آپؐ نے فرمایا: حاجت مند مصیبت زدہ کی مدد کرے۔ انہوں نے کہا: اگر یہ بھی نہ ہو سکے تو؟ آپؐ نے فرمایا: چاہیے کہ اچھی بات پر عمل کرے اور بدی سے باز رہے۔ یہی اُس کے لئے صدقہ ہے۔
(تشریح)احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابو شہاب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد حذاء سے، خالد نے حفصہ بنت سیرین سے، حفصہ نے حضرت امّ عطیہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: نُسَیبہ انصاریہ کو ایک بکری بھیجی گئی تو انہوں نے اس میں سے کچھ (گوشت) حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کو بھیجا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: تمہارے پاس کچھ (کھانے کو) ہے؟ حضرت عائشہؓ نے کہا: کچھ نہیں؛ سوائے اس گوشت کے جو نُسَیبہ نے اس بکری میں سے بھیجا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: لائو کیونکہ وہ اپنی جگہ پہنچ چکی ہے۔
(تشریح)عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) مالک نے ہمیں بتایا کہ عمرو بن یحيٰ مازنی سے مروی ہے۔ انہوں نے اپنے باپ (یحيٰ بن عمارہ) سے روایت کی، کہا: میں نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے سنا۔ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: پانچ مہار اونٹ سے کم میں زکوٰۃ نہیں ہوتی اور پانچ اوقیہ (چاندی) سے کم میں زکوٰۃ نہیں اور پانچ وسق سے کم (حاصلاتِ زمین) میں زکوٰۃ نہیں۔ محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبدالوہاب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: یحيٰ بن سعید نے مجھ سے بیان کیا، کہا: عمرو نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے سنا کہ حضرت ابوسعید (خدری) رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔ (انہوں نے کہا:) میں نے نبی ﷺ سے یہی سنا ہے۔
(تشریح)محمد بن عبد اللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ (عبداللہ بن مثنیٰ) نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مجھ سے ثمامہ (بن عبداللہ) نے بیان کیا کہ حضرت انس رضی اللہ عنہ نے انہیں بتایا کہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے ان کو وہ (زکوٰۃ) لکھ کر دی جس کا اللہ نے اپنے رسول ﷺ کو حکم فرمایا تھا۔ (اس میں یہ بھی تھا) اور جس شخص کی زکوٰۃ ایک برس کی اونٹنی ہو اور وہ اُس کے پاس نہ ہو مگر دو برس کی اونٹنی ہو تو اس سے وہی لے لی جائے اور زکوٰۃ وصول کرنے والا اسے بیس درہم یا دو بکریاں دے۔ اگر اس کے پاس ایک برس کی اونٹنی جیسی چاہیے نہ ہو اور اس کے پاس نر اونٹ دو برس کا ہو تو وہی اس سے لے لیا جائے گا اور اسے کچھ دیا نہیں جائے گا۔
مومل (بن ہشام) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے روایت کی کہ عطاء بن ابی رباح سے مروی ہے وہ کہتے تھے: حضرت ابن عباسؓ نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کے متعلق یہ گواہی دیتا ہوں کہ آپؐ نے یقینا خطبہ سے پہلے (عید کی) نماز پڑھی۔ آپؐ نے دیکھا کہ عورتوں کو نہیں سنا سکے۔ اس لئے آپؐ ان کے پاس آئے اور آپؐ کے ساتھ حضرت بلالؓ تھے جو اپنا کپڑا پھیلائے ہوئے تھے۔ آپؐ نے عورتوں کو نصیحت کی اور ان سے فرمایا کہ صدقہ دیں تو کوئی عورت یہ پھینکنے لگی (اور کوئی یہ) اور ایوب نے اپنے کان اور گلے کی طرف اشارہ کیا۔
(تشریح)محمد بن عبداللہ انصاری نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ثمامہ نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت انس رضی اللہ عنہ نے اُنہیں بتایا کہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے ان کو وہ (زکوٰۃ) لکھ کر دی جو رسول اللہ ﷺ نے فرض کی تھی۔ ( اس میں یہ بھی تھا) اور صدقہ (کی ادائیگی) کے خوف سے جو مال جدا ہو وہ اکٹھا نہ کیا جائے اور جو اکٹھا ہے وہ جدا نہ کیا جائے۔
(تشریح)محمد بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ثمامہ نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت انسؓ نے انہیں بتایا کہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے ان کو وہ زکوٰۃ لکھ کر دی جو رسول اللہ ﷺ نے فرض کی تھی۔ (اس میں یہ ہے:) اور جو زکوٰۃ دو شریکوں کی ہو تو وہ آپس میں برابر کا حساب کر لیں۔
(تشریح)علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ولید بن مسلم نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) اوزاعی نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابن شہاب نے مجھے بتایا کہ عطاء بن یزید سے مروی ہے۔ انہوں نے حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک بدوی نے رسول اللہ ﷺ سے ہجرت کرنے کی بابت پوچھا۔ آپؐ نے فرمایا: ارے! وہ تو بہت مشکل کام ہے۔ کیا تمہارے پاس کچھ اونٹ ہیں جن کی تم زکوٰۃ دو؟ اُس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: سمندروں کے پار بھی رہ کر اس پر عمل کرو گے تو اللہ تعالیٰ ہرگز تمہارے کسی عمل کا ثواب کچھ بھی کم نہ کرے گا۔
(تشریح)محمد بن عبداللہ (انصاری) نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ثمامہ نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت انس رضی اللہ عنہ نے انہیں بتایا کہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے اُن کو وہ صدقہ فریضہ لکھ کر دیا، جس کا اللہ نے اپنے رسول ﷺ کو حکم فرمایا ہے۔ (اور اس میں یہ بھی تھا:) جس کے پاس اتنے اونٹ ہو جائیں کہ چار برس کی اونٹنی ان کی زکوٰۃ ہو اور اُس کے پاس چار برس کی اونٹنی نہ ہو مگر اُس کے پاس تین برس کی اونٹنی ہو تو اس سے وہی لے لی جائے اور وہ اُس کے ساتھ دو بکریاں بھی دے، اگر اس کے لئے وہ میسر ہوں یا بیس درہم دے اور جس کے ذمہ زکوٰۃ تین برس کی اونٹنی ہو جائے مگر تین برس کی اونٹنی اس کے پاس نہ ہو اور اس کے پاس چار برس کی اونٹنی ہو تو وہی اس سے لے لی جائے اور محصل زکوٰۃ اس کو بیس درہم یا دو بکریاں دے اور جس کے ذمہ زکوٰۃ تین برس کی اونٹنی ہو جائے مگر اس کے پاس صرف دو ہی برس کی اونٹنی ہو تو اس سے دو ہی برس کی اونٹنی لے لی جائے اور وہ دو بکریاں یا بیس درہم دے اور جس کی زکوٰۃ دو برس کی اونٹنی ہو جائے اور اس کے پاس تین برس کی اونٹنی ہو تو تین ہی برس کی اونٹنی اس سے لے لی جائے اور محصل زکوٰۃ اس کو بیس درہم یا دو بکریاں دے اور جس کی زکوٰۃ دو برس کی اونٹنی ہو جائے اور وہ اس کے پاس نہ ہو اور اُس کے پاس ایک برس کی اونٹنی ہو تو اس سے ایک برس کی اونٹنی لے لی جائے اور وہ اس کے ساتھ بیس درہم یا دو بکریاں دے۔
(تشریح)محمد بن عبداللہ بن مثنیٰ انصاری نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ثمامہ بن عبداللہ بن انس نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت انسؓ نے انہیں بتایا۔ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے جب ان کو بحرین کی طرف بھیجا تو یہ پروانہ لکھ کر دیا:- اللہ کے نام کے ساتھ جو رحمن رحیم ہے یہ وہ فریضہ صدقہ ہے جو رسول اللہ ﷺ نے مسلمانوں کے لئے ضروری قرار دیا اور جس کا حکم اللہ نے اپنے رسولؐ کو دیا ہے۔ اس لئے مسلمانوں میں سے جس سے یہ زکوٰۃ نصاب کے مطابق مانگی جائے؛ چاہیے کہ وہ اسے دے اور جس سے نصاب کے علاوہ مانگی جائے تو وہ نہ دے۔ چوبیس اونٹ یا ان سے کم ہوں تو ہر پانچ اونٹوں پر بکریوں میں سے ایک بکری (زکوٰۃ ہوگی۔) اور جب پچیس سے پینتیس تک اونٹ پہنچ جائیں تو ان میں ایک برس کی اونٹنی اور جب چھتیس سے پینتالیس تک پہنچ جائیں تو ان میں دو برس کی اونٹنی اور جب چھیالیس سے ساٹھ تک پہنچ جائیں تو ان میں تین برس کی اونٹنی جو اونٹ سے قابل جفت ہو اور اگر اکسٹھ سے پچھتر تک پہنچ جائیں تو ان میں چار برس کی اونٹنی۔ جب وہ یعنی چھہتر اونٹ نوے تک پہنچ جائیں تو ان میں دو برس کی دو اونٹنیاں اور جب اکانوے سے ایک سو بیس تک پہنچ جائیں تو ان میں تین برس کی دو اونٹنیاں جو اونٹ سے قابل جفت ہوں اور جب ایک سو بیس سے بڑھ جائیں تو پھر ہر چالیس پر دو برس کی اونٹنی اور ہر پچاس پر تین برس کی اونٹنی (زکوٰۃ ہوگی۔) اور جس کے پاس صرف چار ہی اونٹ ہوں تو ان میں کوئی صدقہ زکوٰۃ نہیں سوائے اس کے کہ ان کا مالک خود چاہے اور جب پانچ اونٹ ہو جائیں تو ان میں ایک بکری (زکوٰۃ ہوگی۔) اور بکریوں کے صدقہ سے متعلق - ان میں سے باہر چرنے والیوں کی بابت (یہ حکم ہے کہ) جب وہ چالیس سے ایک سو بیس تک پہنچ جائیں تو ایک بکری اور اگر ایک سو بیس سے دو سو تک بڑھ جائیں تو دو بکریاں اور اگر دو سو سے تین سو تک بڑھ جائیں تو ان میں تین (بکریاں) اور اگر تین سو سے بڑھ جائیں تو ہر سینکڑے میں ایک بکری (زکوٰۃ ہوگی) اور اگر کسی شخص کا باہر چرنے والا ریوڑ چالیس بکریوں سے ایک بھی کم ہو تو اس میں کوئی صدقہ زکوٰۃ نہیں؛ سوائے اس کے کہ اُن کا مالک خود چاہے اور چاندی میں چالیسواں حصہ (زکوٰۃ ہوگی۔) اور اگر صرف ایک سو نوے درہم ہی (چاندی) ہو تو اس میں صدقہ زکوٰۃ نہیں؛ سوائے اس کے کہ اس کا مالک خود چاہے۔
(تشریح)