بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 98 hadith
عمران بن حُصینؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا تمہارا ایک بھائی فوت ہو گیا ہے اٹھو اور اس کی نماز جنازہ پڑھو۔ آپؐ کی مرادنجاشی سے تھی۔ اور زہیر کی روایت میں (اِنَّ اَخًا لَکُمْکی بجائے) ’’اِنَّ اَخَاکُمْ‘‘ کے الفاظ ہیں۔
حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے قبر پر نمازِ جنازہ پڑھی۔
حضرت ابو سعیدؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جب تم جنازہ کے ساتھ جاؤ تو اس وقت تک نہ بیٹھو جبتک کہ وہ رکھا نہ جائے۔
حضرت جابرؓ کہتے ہیں کہ نبیﷺ ایک جنازہ کے لئے جو آپؐ کے پاس سے گزرا کھڑے ہوگئے یہانتک کہ وہ نظروں سے اوجھل ہو گیا۔
شعبی سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے تدفین کے بعد قبر پر نماز جنازہ پڑھائی اور اس پر چار تکبیریں کہیں۔ شیبانی کہتے ہیں میں نے شعبی سے کہا آپ سے کس نے یہ روایت بیان کی۔ انہوں نے کہا نہایت مستند عبداللہ بن عباسؓ نے۔ یہ حسن کی روایت کے الفاظ ہیں اور ابن نمیر کی روایت میں ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ ایک تازہ بنی ہوئی قبر کی طرف گئے اور اس پر نمازِ جنازہ پڑھی اور لوگوں نے آپؐ کے پیچھے صف بنائی۔ آپؐ نے چار تکبیریں کہیں۔ میں نے عامر سے کہا آپ سے کس نے بیان کیا۔ اس نے کہا نہایت مستند حضرت ابن عباسؓ نے جواس وقت موجود تھے۔ یہی روایت بعض دوسرے راویوں نے شیبانی سے بیان کی ہے ان میں سے کسی کی روایت میں نبیﷺ کے چار تکبیریں کہنے کا ذکر نہیں۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے بیان کرتے ہیں کہ ایک سیاہ رنگ کی عورت مسجد میں جھاڑو دیا کرتی تھی یا ایک نوجوان۔ رسول اللہﷺ نے اسے موجودنہ پاکر اس کے بارہ میں پوچھا۔ انہوں نے کہااس کی تو وفات ہو گئی ہے۔ آپؐ نے فرمایا تم نے مجھے اطلاع کیوں نہ دی۔ راوی کہتے ہیں گویا کہ انہوں نے اس کے معاملہ کو معمولی سمجھا۔ آپؐ نے فرمایا مجھے اس کی قبر بتاؤ۔ انہوں نے قبر بتائی۔ آپؐ نے اس پر نماز جنازہ پڑھی۔ پھر فرمایا یہ قبریں ان میں رہنے والوں پر تاریکی سے بھری ہوتی ہیں اور یقینا اللہ عزوجل ان کے لئے میری دعا سے انہیں روشن کرتاہے۔
عبدالرحمان بن ابی لیلیٰ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ حضرت زیدؓ ہمارے جنازوں پر چار تکبیریں کہتے۔ اور ایک جنازہ پر انہوں نے پانچ تکبیریں پڑھیں تو میں نے ان سے پوچھا۔ انہوں نے کہا رسول اللہﷺ اس طرح(بھی) تکبیریں کہتے تھے۔
حضرت عامرؓ بن ربیعہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا جب تم جنازہ دیکھو تو اس کے لئے کھڑے ہو جاؤ یہانتک کہ وہ تمہیں پیچھے چھوڑ دے یا رکھ دیا جائے۔ حضرت عامر بن ربیعہؓ روایت کرتے ہیں کہ نبیﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی جنازہ کو دیکھے تو اگر وہ اس کے ساتھ چلنے والا نہ ہو تو وہ کھڑا ہو جائے یہانتک کہ اس کے پاس سے جنازہ گزر جائے یا وہ رکھا جائے پہلے اس سے کہ وہ اس کو پیچھے چھوڑ دے۔ ابن جریج کی روایت میں ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی جنازہ دیکھے تو چاہیے کہ جب وہ اسے دیکھے تو کھڑاہوجائے یہانتک کہ پیچھے چھوڑ دے اگر و ہ اس کے ساتھ جانے والا نہ ہو۔
حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جب تم جنازہ دیکھو تو کھڑے ہو جاؤ اور جو اس کے ساتھ جائے تو وہ نہ بیٹھے یہانتک کہ وہ (جنازہ) رکھا جائے۔
حضرت جابر بن عبداللہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ ایک جنازہ گزرا۔ رسول اللہﷺ اس کے لئے کھڑے ہو گئے۔ ہم بھی آپؐ کے ساتھ کھڑے ہو گئے ہم نے کہا یا رسولؐ اللہ! یہ ایک یہودی عورت(کا جنازہ)ہے۔ آپؐ نے فرمایا موت ایک مصیبت ہے جب تم جنازہ دیکھو تو کھڑے ہو جاؤ۔