بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 98 hadith
عامربن سعدؓ بن ابی وقاص سے روایت ہے کہ حضرت سعد بن ابی وقاصؓ نے اپنی اس بیماری میں جس میں وہ فوت ہوئے کہا میرے لئے لحد بنانا اور مجھ پر اینٹیں نصب کرنا۔ جیسا کہ رسول اللہﷺ کے لئے کیا گیا تھا۔
حضرت جابرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں ہمیں قبروں کو پختہ کرنے سے منع کیا گیا ہے۔
حضرت واثلہؓ ابو مرثد الغنوی سے روایت کرتے ہیں انہوں نے کہا رسول اللہﷺ نے فرمایا قبروں پر نہ بیٹھو اور نہ ان کی طرف (رخ کر کے) نماز پڑھو۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ کی قبر میں سرخ رنگ کی مخملی چادر٭ رکھی گئی تھی۔ ابو تیاح اور ابو جمرہ دونوں سرخس میں فوت ہوئے۔
ثُمامہ بن شُفَیّ بیان کرتے ہیں کہ ہم فضالہؓ بن عبید کے ساتھ ملک روم میں Rhods کے مقام پر تھے۔ ہمارا ایک ساتھی فوت ہو گیا۔ فضالہؓ بن عبیدنے اس کی قبر کے متعلق ہدایت کی اور وہ برابر کردی گئی۔ پھر کہا میں نے رسول اللہﷺ کو انہیں (قبروں کو) برابر کرنے کا حکم دیتے سنا ہے۔
ابو الہیّاج اسدی سے روایت ہے وہ کہتے ہیں مجھے حضرت علیؓ بن ابی طالب نے کہا کیا میں تمہیں اس کام (مہم) پر نہ بھیجوں جس پر مجھے رسول اللہﷺ نے بھیجا تھاکہ تم کوئی مورتی نہ چھوڑنا مگر اسے مٹا دینااور نہ کوئی ابھری ہوئی قبر (چھوڑنا) مگر اسے برابر کر دینا۔ ایک دوسری روایت میں (تِمْثَالًا اِلَّاطَمَسْتَہُ کی بجائے) صُوْرَۃً اِلَّا طَمَسْتَھَا کے الفاظ ہیں۔
حضرت جابرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے منع فرمایا کہ قبر کو پختہ بنایا جائے اور اس پربیٹھا جائے اور اس پر عمارت بنائی جائے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ تم میں سے کسی ایک شخص کا انگارے پر بیٹھنا کہ وہ اس کے کپڑے جلادے اور اس کی جلد تک پہنچ جائے یہ اس کے لئے بہتر ہے بہ نسبت اس کے کہ وہ قبر پر بیٹھے۔
حضرت واثلہ بن الاسقعؓ حضرت ابو مرثد الغنویؓ سے روایت کرتے ہیں انہوں نے کہامیں نے رسول اللہﷺ کو فرماتے سنا قبروں کی طرف (منہ کر کے) نماز نہ پڑھو اور نہ ان پر بیٹھو۔
عباد بن عبداللہؓ بن زبیر سے روایت ہے کہ حضرت عائشہؓ نے ارشاد فرمایا کہ حضرت سعدؓ بن ابی وقاص کا جنازہ مسجد سے گزارا جائے تاکہ وہ ان کی نمازِجنازہ پڑھ لیں۔ لوگوں نے ان (حضرت عائشہؓ ) کی اس بات کو اوپرا جانا تو انہوں نے فرمایا لوگ کتنا جلدی بھول گئے۔ رسول اللہﷺ نے حضرت سہیلؓ بن بیضاء کی نماز جنازہ مسجد میں ہی پڑھی تھی۔