بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 4 of 24 hadith
حضرت عبدالرحمان بن سمرۃ ؓ سے روایت ہے کہ میں رسول اللہﷺ کی زندگی میں اس دوران میں کہ اپنے تیر چلا رہا تھاسورج گرہن ہوا۔ میں نے ان کو پھینکا اور کہامیں دیکھتا ہوں کہ رسول اللہﷺ کے لئے سورج گرہن میں آج کیا نئی بات ہوتی ہے۔ میں آپؐ کے پاس پہنچا اور آپؐ اپنے دونوں ہاتھ اُٹھائے دعا کر رہے تھے اور اللہ اکبر، اللہ اکبر کہہ رہے تھے اور اَلْحَمْدُلِلّٰہِ کہہ رہے تھے اور لَااِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ کہہ رہے تھے یہانتک کہ سورج سے تاریکی دور ہوگئی تو آپؐ نے دو سورتیں پڑھیں اور دو رکعتیں ادا کیں۔
حضرت عبدالرحمان بن سمرۃ ؓ سے روایت ہے اور وہ رسول اللہﷺ کے صحابہؓ میں سے تھے وہ کہتے ہیں میں رسول اللہﷺ کی زندگی میں مدینہ میں اپنے تیر چلا رہا تھا جب سورج گرہن ہوا تو میں نے وہ پھینک دئیے اور میں نے کہا اللہ کی قسم !میں ضرور جاکر دیکھتا ہوں کہ سورج گرہن کے وقت رسول اللہﷺ کے پاس کیا نئی بات ہوئی۔ وہ کہتے ہیں میں آپؐ کے پاس آیااور آپؐ نماز میں دونوں ہاتھ اُٹھائے ہوئے کھڑے تھے۔ آپؐ سُبْحَانَ اللّٰہِ، اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ اور لَااِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ اور اَللّٰہُ اََکْبَرُکہنے اور دعا کرنے لگے یہانتک کہ اس (سورج) سے(وہ حالت) دور ہوئی۔ راوی کہتے ہیں (وہ حالت)دور ہوئی۔ آپؐ نے دو سورتیں پڑھیں دورکعت نماز اداکی۔ ایک اور روایت جو حضرت عبدالرحمان بن سمرہؓ سے مروی ہے وہ کہتے ہیں دریں اثناء کہ میں رسول اللہﷺ کے زمانہ میں اپنے تیر چلا رہا تھا کہ سورج کو گرہن لگ گیا۔ باقی روایت پہلی روایت کی طرح ہی ہے۔
حضرت عبد اللہ بن عمرؓ کے بارہ میں روایت ہے وہ رسول اللہﷺ کے بارہ میں بیان کیا کرتے تھے کہ آپؐ نے فرمایاسورج اور چاند کسی کی موت اور زندگی کی وجہ سے نہیں گہناتے لیکن وہ اللہ کے نشانات میں سے ایک نشان ہیں پس جب تم ان دونوں کو (گرہن لگتے) دیکھو تونماز پڑھو۔
حضرت مغیرہ بن شعبہؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ کے عہد میں سورج گرہن ہوا۔ جب صاحبزادہ ابراہیمؓ فوت ہوئے تو رسول اللہﷺ نے فرمایا یقینا سورج اور چاند اللہ کے نشانوں میں سے ایک نشان ہیں اور یہ دونوں لوگوں میں سے کسی (شخص) کی زندگی یاموت کی وجہ سے نہیں گہناتے۔ پس جب تم ان دونوں کو دیکھو تواللہ تعالیٰ سے دعا مانگو اور نماز پڑھو یہانتک کہ وہ روشن ہوجائے۔