بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 7 of 297 hadith
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ ہم نے ایک رات رسول اللہﷺ کے ساتھ پڑاؤ کیا ہماری آنکھ نہ کھلی جب تک سورج طلوع نہ ہوا۔ تب نبیﷺ نے فرمایا کہ ہر ایک آدمی کو چاہیے کہ وہ اپنی سواری کو اس کے سر سے پکڑ کر لے جائے کیونکہ اس پڑاؤ کی جگہ پر شیطان آموجود ہوا۔ وہ کہتے ہیں کہ ہم نے ایسا ہی کیا۔ پھر آپؐ نے پانی منگوایا اور وضوء کیا۔ پھر دو رکعتیں پڑھیں۔ یعقوب نے (سَجَدَ سَجْدَتَین کے بجائے) صَلّٰی سَجْدَتَینِ کے الفاظ کہے(تو کہا)۔ پھر اقامت کہی گئی اور آپؐ نے صبح کی نماز پڑھائی۔
حضرت انس بن مالکؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ اللہ کے نبیﷺ نے فرمایا کہ جو نماز پڑھنا بھول جائے یا سویا رہ جائے تو اس کا کفّارہ یہ ہے کہ جب اسے یاد آئے وہ نماز پڑھ لے۔
حضرت ابو قتادہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے ہم سے خطاب فرمایااور ارشاد کیا کہ تم اپنی ساری شام اور ساری رات چلو گے اور کل انشاء اللہ پانی تک پہنچ جاؤ گے۔ لوگ اس طرح چلے کہ کوئی کسی کی طرف متوجہ نہ ہوا۔ حضرت ابو قتادہؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ چلتے جاتے تھے یہانتک کہ آدھی رات گزر گئی اور میں آپؐ کے پہلو میں تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ کو اونگھ آئی تو آپؐ اپنی سواری پر(ایک طرف) جھک گئے۔ میں آپؐ کے پاس گیا تو میں نے آپؐ کو جگائے بغیر سہارا دیایہانتک کہ آپؐ ٹھیک ہوکر اپنی سواری پر بیٹھ گئے۔ پھر آپؐ چلتے گئے یہانتک کہ اکثر رات گزر گئی۔ (آپؐ پھر اونگھ کے باعث)اپنی سواری پر جھک گئے۔ وہ کہتے ہیں کہ میں نے پھر آپؐ کو بغیر جگائے سہارا دیایہانتک کہ آپؐ پھر اپنی سواری پر ٹھیک ہوکر بیٹھ گئے۔ وہ کہتے ہیں پھر آپؐ چلتے گئے یہانتک کہ سحر کا آخری حصہ آگیا تو آپؐ پہلی دونوں مرتبہ سے بھی زیادہ جھک گئے یہانتک کہ قریب تھا کہ آپؐ مُڑ کر گر نہ جائیں۔ میں آپؐ کے پاس پہنچا اور آپؐ کو سہارا دیا۔ چنانچہ آپؐ نے اپنا سر اٹھایا او رفرمایاکون ہے؟ میں نے عرض کیا ابو قتادہ۔ آپؐ نے پوچھا کہ تم کب سے یوں میرے ساتھ چل رہے ہو؟ میں نے عرض کیا کہ رات سے میں آپؐ کے ساتھ چل رہا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا اللہ تمہاری حفاظت کرے جس طرح تم نے اس کے نبیؐ کی حفاظت کی۔ پھر آپؐ نے فرمایا کہ کیا تم ہمیں دیکھتے ہو کہ ہم لوگوں کی نظروں سے پوشیدہ ہیں۔ پھر آپؐ نے پوچھا کہ کیا تم کسی کو دیکھتے ہو؟ میں نے عرض کیا کہ یہ ایک سوار ہے۔ پھر میں نے عرض کیا کہ یہ ایک اور سوار ہے۔ یہانتک کہ ہم جمع ہوئے اور ہم سات سوار تھے وہ کہتے ہیں۔ پھر رسول اللہﷺ راستہ سے ایک طرف ہو گئے۔ پھر آپؐ نے اپنا سر رکھا اور فرمایا کہ ہماری نماز کا خیال رکھنا۔ ہم میں سے سب سے پہلے رسول اللہﷺ بیدار ہوئے اور دھوپ آپؐ کی پشت پر تھی۔ وہ کہتے ہیں ہم گھبرا کر اٹھ کھڑے ہوئے۔ پھر آپؐ نے فرمایا کہ سوار ہو جاؤ۔ پھر ہم سوار ہوکر چلنے لگے یہانتک کہ سورج بلند ہو گیاتو آپؐ (سواری سے) نیچے اترے۔ پھر آپؐ نے وضوء کا برتن منگوایا جو میرے پاس تھااور اس میں کچھ پانی تھا۔ وہ کہتے ہیں پھر آپؐ نے ہلکا سا وضوء کیا۔ وہ کہتے ہیں کہ اس میں کچھ پانی بچ گیا۔ پھر آپؐ نے ابو قتادہؓ سے فرمایا کہ اپنے اس وضوء کے برتن کو سنبھال کر رکھو، اس برتن سے عظیم الشان بات ظاہر ہوگی۔ پھر حضرت بلالؓ نے نماز کے لئے اذان دی۔ رسول اللہﷺ نے دو رکعتیں پڑھیں اور صبح کی نماز پڑھائی۔ پھر ہر روز کے معمول کے مطابق آپؐ نے کام کیا۔ وہ کہتے ہیں کہ پھر رسول اللہﷺ سوار ہوئے تو ہم بھی آپؐ کے ساتھ سوار ہوگئے۔ وہ کہتے ہیں کہ ہم میں سے بعض بعض کے ساتھ چہ میگوئیاں کرنے لگے کہ اس کوتاہی کا کیا کفارہ ہے جو ہم سے نماز کے بارہ میں ہوئی توآپؐ نے فرمایا کیا اس معاملہ میں مَیں تمہارے لئے اسوئہ نہیں ہوں؟ پھر آپؐ نے فرمایا کہ سوجانے میں کوتاہی نہیں ہے بلکہ کوتاہی تو یہ ہے کہ کوئی نماز نہ پڑھے یہانتک کہ اگلی نماز کا وقت آجائے۔ جو ایسا کرے تو اسے چاہیے کہ جب وہ بیدار ہو تو وہ(نماز) پڑھ لے۔ اگر اگلا دن آجائے تو چاہیے کہ اسے (نماز کو) اس کے وقت پر پڑھے۔ پھر انہوں نے کہا کہ تمہارا کیا خیال ہے لوگوں پر کیا گذری ہوگی۔ وہ کہتے ہیں پھر انہوں نے کہا کہ لوگوں نے صبح اپنے نبیﷺ کو گم پایا۔ تب حضرت ابو بکرؓ و عمرؓ نے کہا کہ رسول اللہﷺ تمہارے پیچھے ہوں گے وہ تمہیں چھوڑ کر جانے والے نہیں ہیں۔ لوگوں نے کہا کہ رسول اللہﷺ تمہارے آگے ہیں۔ پس اگر وہ ابوبکرؓ و عمرؓ کی بات مان لیتے تو ہدایت پا جاتے۔ وہ کہتے ہیں کہ پھر ہم لوگوں تک پہنچے یہانتک کہ کافی دن چڑھ گیا اور ہر چیز گرم ہوگئی اور وہ کہنے لگے یا رسولؐ اللہ! ہم پیاس کی وجہ سے ہلاک ہو گئے۔ آپؐ نے فرمایا کہ تم ہلاک نہیں ہوئے۔ پھرآپؐ نے فرمایاکہ میراچھوٹاپیالہ (سامان) کھول کر لے آؤ۔ وہ کہتے ہیں پھر آپؐ نے وضوء کا وہ برتن منگوایا۔ پھر رسول اللہﷺ پانی ڈالنے لگے اور ابو قتادہؓ انہیں پانی پلانے لگے۔ جب لوگوں نے دیکھا کہ پانی صرف اس لوٹے میں ہے تو وہ اس پر ٹوٹ پڑے۔ پھر آپؐ نے فرمایا کہ اچھی طرح پیٹ بھر کر پانی پیو تم سب سیراب ہوجاؤ گے۔ وہ کہتے ہیں کہ انہوں نے ایسا ہی کیا۔ پھر رسول اللہﷺ پانی ڈالنے لگے اور میں انہیں پانی پلانے لگا یہانتک کہ میرے اور رسول اللہﷺ کے علاوہ کوئی باقی نہ رہا۔ وہ کہتے ہیں پھر رسول اللہﷺ نے پانی ڈالااور فرمایا کہ پیو، میں نے عرض کیاکہ یا رسولؐ اللہ! جب تک آپؐ نہ پئیں گے میں پانی نہیں پیوں گا۔ آپؐ نے فرمایا کہ لوگوں کو پانی پلانے والا سب سے آخر میں پیتا ہے۔ وہ کہتے ہیں پھر میں نے(پانی) پیاپھر رسول اللہﷺ نے(پانی) پیا۔ وہ کہتے ہیں پھر لوگ سیر ہونے کی حالت میں آرام سے پانی تک پہنچے۔ وہ کہتے ہیں عبداللہؓ بن رباح نے کہا کہ میں یہ حدیث جامع مسجد میں بیان کر رہا تھا جب حضرت عمران بن حصینؓ نے کہا اے جوان! تم کیا کہتے ہو، میں بھی اس رات ان سواروں میں سے ایک تھا۔ وہ کہتے ہیں میں نے کہا کہ آپ اس حدیث کے بارہ میں زیادہ جانتے ہوں گے۔ پھر انہوں نے پوچھا کہ تم کس قوم سے ہو؟ میں نے کہا انصارؓ میں سے۔ انہوں نے کہا کہ پھر بیان کرو تم لوگ اپنی روایتوں کو زیادہ جانتے ہو۔ وہ کہتے ہیں پھر میں نے لوگوں کوروایت بتائی۔ حضرت عمرانؓ کہنے لگے کہ میں بھی اس رات موجود تھا لیکن میرا خیال نہیں تھا کہ جس طرح تم نے اس (حدیث) کو یاد رکھا ہے اس طرح کسی نے اسے یاد رکھا ہو۔
حضرت عمران بن حصینؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نبیﷺ کے ہمراہ ایک سفر میں تھا ہم ساری رات چلتے رہے یہانتک کہ جب صبح قریب ہوئی تو ہم نے پڑاؤ کیا اور ہماری آنکھ لگ گئی یہانتک کہ سورج چمکنے لگا (راوی) کہتے ہیں کہ ہم میں سے سب سے پہلے جونیند سے بیدار ہوئے وہ حضرت ابو بکرؓ تھے۔ اور ہم نبیﷺ کو جب آپؐ سوجاتے آپؐ کی نیند سے جگایا نہیں کرتے تھے جب تک کہ آپؐ خود بیدار نہ ہوجائیں۔ پھر حضرت عمرؓ بیدار ہوئے اور نبیﷺ کے پاس کھڑے ہوکرتکبیر کہنے لگے اور بلند آواز سے تکبیر کہنے لگے۔ یہانتک کہ رسول اللہﷺ بیدار ہو گئے۔ جب آپؐ نے سر اٹھایا اور سورج کو خوب چمکتا ہوا پایا تو فرمایا کوچ کرو۔ پھر آپؐ بھی ہمارے ساتھ چلنے لگے یہانتک کہ جب سورج کی روشنی سفید ہو گئی، آپؐ اترے اور ہمیں صبح کی نماز پڑھائی۔ لوگوں میں سے ایک آدمی الگ ہو گیا۔ اس نے ہمارے ساتھ نماز نہیں پڑھی۔ جب (حضورؐ ) نماز سے فارغ ہو گئے تو رسول اللہﷺ نے اسے فرمایا اے فلاں تمہیں ہمارے ساتھ نماز پڑھنے سے کس چیز نے روکا؟اس نے عرض کیا اے اللہ کے نبیؐ ! مجھے جنابت ہو گئی تھی تو رسول اللہﷺ نے اسے ارشاد فرمایا تو اس نے مٹی سے تیمم کیا اور نماز پڑھی پھر آپ نے مجھے چند سواروں کے ساتھ فوری طور پر پانی کی تلاش میں آگے جانے کا ارشاد فرمایا۔ ہمیں بہت شدید پیاس لگی ہوئی تھی۔ اسی اثناء میں کہ ہم جا رہے تھے کہ اچانک ہم نے ایک عورت دیکھی جو اپنے پاؤں کو دو بڑی مشکوں کے درمیان لٹکائے (بیٹھی) تھی۔ ہم نے اس سے پوچھا کہ پانی کہاں ہے؟ اس نے کہا ہائے ہائے تمہیں پانی نہیں مل سکتا۔ ہم نے کہا تمہارے اہل اور پانی کے درمیان کتنا فاصلہ ہے؟ اس نے کہا ایک دن رات کا سفر ہے۔ ہم نے کہا کہ’’رسول اللہﷺ کے پاس چلو‘‘اس نے کہا کہ رسول اللہ کون؟ ہم نے اس کی مرضی نہ چلنے دی۔ ہم اس کو لے کر چلے اور ہم اسے رسول اللہﷺ کے پاس لے آئے۔ آپؐ نے اس سے (پانی کے بارہ میں ) دریافت فرمایا اس نے آپؐ کو وہی بتایا جو اس نے ہمیں بتایا تھا۔ نیز اس نے آپؐ کو یہ بتایا کہ وہ موتمہ ہے اس کے یتیم بچے ہیں۔ آپؐ نے اس کے پانی کے اونٹ کے بارہ میں ارشاد فرمایا تو اس کو بٹھایا گیاپھرآپؐ نے دونوں مشکوں کے اوپر مونہوں پر کلی کی پھر اس کے پانی والے اونٹ کو کھڑا کردیا۔ پھر ہم سب نے پانی پیا اور ہم چالیس پیاسے آدمی تھے۔ یہانتک کہ ہم سب سیرہو گئے۔ اور ہم نے اپنے پاس موجود ہر مشکیزہ اور چھاگل کو بھر لیا۔ اپنے ساتھی کو غسل بھی کروایا البتہ ہم نے اونٹوں کو پانی نہیں پلایا۔ قریب تھا کہ(اس عورت کی) دونوں مشکیں پانی سے پھٹ جاتیں۔ پھر آپؐ نے فرمایا جو کچھ تمہارے پاس ہے لے آؤ۔ چنانچہ ہم نے اس کے لئے (روٹی کے) ٹکڑے اور کھجوریں اکٹھی کیں اور آپؐ نے اس کے لئے ایک گٹھڑی باندھ دی اور اسے فرمایا کہ جاؤ اور اپنے بچوں کو یہ کھلاؤ لیکن یہ جان لو کہ ہم نے تمہارے پانی میں کچھ کمی نہیں کی۔ جب وہ اپنے گھر آئی تو کہنے لگی کہ میں انسانوں میں سب سے بڑے جادو گر سے ملی ہوں یا یقینا وہ نبی ہے جیسا کہ وہ کہتا ہے۔ (پھر اس نے بتایا کہ) آپؐ کے یہ یہ کام تھے۔ پس اللہ نے اس قبیلہ کی شاخ کو اس عورت کی وجہ سے ہدایت دی۔ وہ عورت مسلمان ہوگئی اور وہ سب لوگ اسلام لے آئے۔ ایک دوسری روایت ہے کہ ہم رسول اللہﷺ کے ہمراہ ایک سفر میں تھے۔ ہم ساری رات چلے یہانتک کہ جب رات کا آخری حصہ صبح سے ذرا پہلے کا وقت تھا۔ ہم سو گئے اور ایسے سوئے کہ مسافر کے لئے اس سے زیادہ میٹھی نیند کوئی نہیں۔ پھر ہمیں سورج کی تپش نے جگایا۔ آگے راوی نے سلم بن زریر کی روایت کی طرح روایت بیان کی۔ کچھ کمی بیشی کی۔ انہوں نے روایت میں بیان کیا کہ جب حضرت عمر بن خطابؓ بیدار ہوئے اور انہوں نے دیکھا جو لوگوں پر گزری تھی چونکہ آپؓ بلند آواز والے اور بڑے طاقتور تھے آپؓ نے تکبیر کہی اور بلند آواز سے تکبیر کہی یہانتک کہ رسول اللہﷺ آپؐ کی تکبیر میں آواز کی شدت کے باعث بیدار ہو گئے جب رسول اللہﷺ بیدار ہوئے تو انہوں نے آپؐ کے حضور اس تکلیف کی شکایت کی جو انہیں پہنچی تھی تو رسول اللہﷺ نے فرمایا کوئی ہرج نہیں، یہاں سے چلو۔ اور پوری روایت بیان کی۔
حضرت ابو قتادہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ جب رسول اللہﷺ رات کو سفر میں پڑاؤ کرتے تو اپنے دائیں پہلو پہ لیٹ جاتے اور جب صبح سے تھوڑی دیر پہلے پڑاؤ کرتے تو اپنے بازو کو کھڑا کر کے اپنا سر اپنی ہتھیلی پر رکھ لیتے۔
حضرت انس بن مالکؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ جو شخص کوئی نماز بھول جائے اسے چاہیے کہ جب یاد آئے تو وہ نماز پڑھ لے۔ اس کے علاوہ اس کا کوئی کفّارہ نہیں ہے۔ قتادہ نے کہا کہ اَقِمِ الصَّلََاۃَ لِذِکْری الآیۃ (طٰہٰ: 15) اور میرے ذکر کے لئے نمازکو قائم کر۔ ایک دوسری سند میں ہے کہ حضرت انسؓ نے نبیﷺ سے روایت کی جس میں راوی نے ان الفاظ کا ذکر نہیں کیا کہ’’اس کے علاوہ اس کا کوئی کفارہ نہیں‘‘