بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 168 hadith
قتادہ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت انسؓ بن مالک سے پوچھا کہ رسول اللہﷺ کے بال کیسے تھے؟ انہوں نے کہا کہ آپؐ کے بالوں میں ہلکا سا خم تھا نہ تو بالکل گھنگھریالے تھے اور نہ بالکل سیدھے آپؐ کے دونوں کانوں کے اور شانوں کے درمیان۔
حضرت انس بن مالکؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کے بال شانوں کو چھوتے تھے۔
حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کے بال کانوں کے نصف تک تھے۔
سماک بن حرب سے روایت ہے کہ میں نے حضرت جابر بن سمرہؓ کو کہتے ہوئے سنا کہ رسول اللہﷺ ضَلِیعَ الْفَمِ تھے۔ أَشْکَلَ الْعَیْنِ تھے اور مَنْہُوسَ الْعَقِبَیْن تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سماک سے کہا کہ ضَلِیعَ الْفَم سے کیا مراد ہے؟ سماک نے کہا: کشادہ دہن۔ انہوں نے کہا: میں نے پوچھا أَشْکَلَ الْعَیْن سے کیا مُراد ہے؟ انہوں نے کہا: فراخ چشم۔ انہوں نے کہا: میں نے کہا مَنْہُوسَ الْعَقِب سے کیا مراد ہے؟ انہوں نے کہا: ایڑی پر کم گوشت والے۔
جُریری سے روایت ہے کہ میں نے حضرت ابو طفیلؓ سے کہا کیا آپؓ نے رسول اللہﷺ کو دیکھا ہے؟ انہوں نے کہا ہاں، آپؐ سفید رنگ کے تھے اور ملیح چہرے والے۔ امام مسلم بن حجاج کہتے ہیں حضرت ابو طفیلؓ نے سو برس کی عمر پائی۔ وہ رسول اللہﷺ کے صحابہؓ میں سے سب سے آخر میں وفات پانے والے تھے۔
حضرت ابو طفیلؓ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا ہے اور اس وقت روئے زمین پر میرے سوا کوئی نہیں جس نے آپؐ کو دیکھا ہو۔ راوی کہتے ہیں: میں نے ان سے پوچھا کہ آپؓ نے حضورؐ کو کیسا پایا؟ انہوں نے کہا کہ آپؐ سفید رنگ کے، خوبصورت اور متوسط قامت تھے۔
ابنِ سیرین بیان کرتے ہیں کہ حضرت انسؓ بن مالکؓ سے پوچھا گیا کیا رسول اللہﷺ نے خضاب استعمال فرمایا تھا؟ انہوں نے کہا کہ آپؐ نے سفید بال دیکھے ہی نہیں تھے۔ ہاں مگر ابنِ ادریس نے کہا کہ وہ (حضرت انسؓ) ان کو بہت تھوڑا قرار دے رہے تھے۔ ہاں حضرت ابو بکرؓ حضرت عمرؓ نے مہندی اور کتم سے خضاب لگایا تھا۔
ابن سیرین کہتے ہیں کہ میں نے حضرت انس بن مالکؓ سے پوچھا کیا رسول اللہﷺ نے خضاب لگایا تھا؟ انہوں نے کہا کہ آپؐ کو خضاب کی ضرورت ہی نہیں پڑی تھی۔ (ہاں) آپؐ کی ریش مبارک میں کچھ سفید بال تھے۔ وہ کہتے ہیں۔ میں نے ان سے پوچھا: کیا حضرت ابوبکرؓ خضاب لگاتے تھے؟ انہوں نے کہا: ہاں، مہندی اور کتم سے۔
محمد بن سیرین کہتے ہیں کہ میں نے حضرت انس بن مالکؓ سے پوچھا کیا رسول اللہﷺ نے خضاب لگایا تھا؟ انہوں نے کہا آپؐ نے بہت ہی کم سفید بال دیکھے۔
ثابت کہتے ہیں کہ حضرت انس بن مالکؓ سے نبیﷺ کے خضاب کے بارہ میں پوچھا گیا اس پر انہوں نے کہا کہ اگر میں چاہتا، سفید بال جو آپؐ کے سر میں تھے گن لوں تو ایسا کر سکتا تھا۔ انہوں (حضرت انسؓ) نے کہا کہ حضورﷺ نے خضاب نہیں لگایا اور حضرت ابو بکرؓ نے مہندی اور کتم سے خضاب لگایا اور حضرت عمرؓ نے صرف مہندی سے خضاب لگایا۔