بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 8 of 128 hadith
حضرت عائشہؓ بیان فرماتی ہیں کہ جب اعرابی رسول اللہﷺ کے پاس آئے تو آپؐ سے اس گھڑی کے بارہ میں پوچھا کہ ’’ساعت‘‘ کب آئے گی؟ آپؐ نے ان میں سے کم عمر کو دیکھا اور فرمایا اگر یہ زندہ رہا اور ابھی اس پر بڑھاپا نہیں آیا ہو گا کہ تمہاری گھڑی آجائے گی۔
حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے رسول اللہﷺ سے پوچھا کہ وہ گھڑی کب آئے گی؟ اس وقت آپؐ کے پاس ایک انصاری لڑکا تھا جسے محمد کہا جاتا تھا۔ آپؐ نے فرمایا اگر یہ لڑکا زندہ رہا تو بعید نہیں کہ اس کو بڑھاپا نہیں آئے گا کہ وہ گھڑی آجائے گی۔
حضرت انسؓ بن مالک سے روایت ہے کہ ایک شخص نے رسول اللہ ﷺ سے پوچھا کہ وہ گھڑی کب آئے گی؟ راوی کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ تھوڑی دیر خاموش رہے پھر آپؐ نے اپنے سامنے ازد شنوءہ کے ایک لڑکے کی طرف دیکھا اور فرمایا اگر اس کی عمر ہوئی تو یہ بوڑھا نہ ہوگا کہ وہ گھڑی آجائے گی۔ حضرت انسؓ کہتے ہیں کہ اس وقت وہ لڑکا میرا ہم عمر تھا۔
حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ حضرت مغیرہ بن شعبہؓ کا ایک لڑکا گذرا وہ میرے ہم عمروں میں سے تھا۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا اگر اس کو مہلت ملی تو اس کو بڑھاپا نہیں آئے گا کہ وہ گھڑی آ جائے گی۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے اور وہ اسے نبیﷺ تک پہنچاتے تھے انہوں نے فرمایا وہ گھڑی قائم ہو جائے گی اور ایک آدمی دودھ دوہ رہا ہوگا۔ ابھی برتن اس کے منہ تک نہ پہنچے گا کہ وہ (گھڑی) آجائے گی اور دو شخص کپڑے کا سودا کر رہے ہوں گے اور ابھی خرید و فروخت نہ کر پائے ہوں گے کہ وہ (گھڑی) آجائے گی اور کوئی شخص اپنا حوض لیپ کر رہا ہوگا ابھی (فارغ ہو کر) لوٹ نہیں پائے گا کہ وہ گھڑی آجائے گی۔
حضرت ابوہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا (صور کی) دو پھونکوں کے درمیان چالیس کا وقت ہوگا _ لوگوں نے کہا اے ابوہریرہؓ ! کیا چالیس دنوں کا؟ انہوں نے کہا میں نہیں کہتا پھر انہوں نے کہا چالیس مہینوں کا؟ انہوں نے کہا میں نہیں کہتا پھر انہوں نے کہا چالیس برس کا؟ انہوں نے کہا میں نہیں کہتا _ پھر اللہ آسمان سے پانی برسائے گا۔ اس سے لوگ ایسے نشو و نما پائیں گے جیسے سبزی نشو و نما پاتی ہے۔ انہوں نے کہا آدمی میں کوئی چیز ایسی نہیں جو بوسیدہ نہ ہو جائے گی۔ سوائے ایک ہڈی کے جو دُمچی کی ہڈی ہے۔ اسی ہڈی سے قیامت کے دن لوگ ترکیب پائیں گے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ابن آدم تمام کے تمام کو مٹی کھا جائے گی سوائے دُمچی کے، اُس سے پیدا کیا گیا تھا اور اُس میں ترکیب پائے گا۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا انسان میں ایک (ایسی) ہڈی ہے جس کو ہر گز زمین نہیں کھاتی، قیامت کے دن وہ اس میں ترکیب پائے گا۔ لوگوں نے عرض کیا یا رسول اللہﷺ ! وہ کونسی ہڈی ہے؟ آپؐ نے فرمایا ریڑھ کی ہڈی کا آخری حصہ۔