وَحَدَّثَنِي أَبُو الطَّاهِرِ حَدَّثَنَا ابْنُ وَهْبٍ أَخْبَرَنِي مَالِكُ بْنُ أَنَسٍ عَنْ رَبِيعَةَ بْنِ أَبِي عَبْدِ الرَّحْمَنِ عَنِ الْقَاسِمِ بْنِ مُحَمَّدٍ عَنْ عَائِشَةَ زَوْجِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم أَنَّهَا قَالَتْ كَانَ فِي بَرِيرَةَ ثَلاَثُ سُنَنٍ خُيِّرَتْ عَلَى زَوْجِهَا حِينَ عَتَقَتْ وَأُهْدِيَ لَهَا لَحْمٌ فَدَخَلَ عَلَىَّ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَالْبُرْمَةُ عَلَى النَّارِ فَدَعَا بِطَعَامٍ فَأُتِيَ بِخُبْزٍ وَأُدُمٍ مِنْ أُدُمِ الْبَيْتِ فَقَالَ أَلَمْ أَرَ بُرْمَةً عَلَى النَّارِ فِيهَا لَحْمٌ . فَقَالُوا بَلَى يَا رَسُولَ اللَّهِ ذَلِكَ لَحْمٌ تُصُدِّقَ بِهِ عَلَى بَرِيرَةَ فَكَرِهْنَا أَنْ نُطْعِمَكَ مِنْهُ . فَقَالَ هُوَ عَلَيْهَا صَدَقَةٌ وَهُوَ مِنْهَا لَنَا هَدِيَّةٌ . وَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم فِيهَا إِنَّمَا الْوَلاَءُ لِمَنْ أَعْتَقَ .
نبی کریم ﷺ کی زوجہ مطہرہ حضرت عائشہؓ سے روایت ہے وہ فرماتی ہیں بریرہؓ کا تین سنتوں سے تعلق ہے۔ جب وہ آزاد ہوئی تو اسے اپنے خاوند کے بارہ میں اختیار دیا گیا۔ اسے گوشت کا تحفہ دیا گیا۔ رسول اللہ ﷺ میرے پاس تشریف لائے اور ہنڈیا آگ پر تھی۔ آپؐ نے کھانا طلب فرمایا تو آپؐ کے پاس روٹی اور گھر کا سالن لایا گیا۔ آپؐ نے فرمایا کیا میں نے آگ پر ہنڈیا نہیں دیکھی تھی جس میں گوشت تھا؟ انہوں نے کہا کیوں نہیں یا رسولؐ اللہ! یہ گوشت بریرہؓ کو صدقہ دیا گیا تھا۔ ہم نے نا پسند کیا کہ اس میں سے آپ کو کھلائیں۔ آپؐ نے فرمایا وہ اس پر صدقہ ہے اور وہ اس کی طرف سے ہمارے لئے ہدیہ ہے۔ اور نبی ﷺ نے اس کے بارہ میں فرمایا ولاء اس کے لئے ہے جو آزاد کرے۔
أَنْ تَشْتَرِيَ جَارِيَةً تُعْتِقُهَا فَأَبَى أَهْلُهَا إِلاَّ أَنْ يَكُونَ لَهُمُ الْوَلاَءُ فَذَكَرَتْ ذَلِكَ لِرَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں حضرت عائشہؓ نے ارادہ کیا کہ وہ ایک لونڈی خرید کر آزاد کریں مگر اس کے مالکوں نے (فروخت کرنے سے) انکار کیا سوائے اس کے کہ ولاء ان کے لئے ہو۔ انہوں (حضرت عائشہؓ) نے اس بات کا ذکر رسول اللہﷺ سے کیا آپؐ نے فرمایا یہ بات تمہیں نہ روکے۔ ولاء اس کے لئے ہے جو آزاد کرے۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے ولاء کو بیچنے اور اسے ہبہ کرنے سے منع فرمایا ہے۔ مسلم کہتے ہیں کہ لوگ سب کے سب اس حدیث کے لئے عبد اللہ بن دینارؓ کے محتاج ہیں ایک اور روایت میں بیع کا ذکر ہے ہبہ کا نہیں۔
ابو زبیر بیان کرتے ہیں انہوں نے حضرت جابرؓ بن عبد اللہؓ کو کہتے ہوئے سنا کہ رسول اللہ ﷺ نے تحریر فرمایا کہ ہر قبیلہ پر اس کی دیت ہوگی۔ پھر تحریر فرمایا کسی مسلمان کے لئے جائز نہیں کہ کسی مسلمان شخص کا آزاد کردہ (کسی اور کی طرف) اس کی اجازت کے بغیر منسوب کیا جائے۔ پھر مجھے بتایا گیا کہ آپؐ نے اپنے خط میں اس شخص پر لعنت کی ہے جو ایسا کرے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جو اپنے آزاد کرنے والوں کی اجازت کے بغیر اور لوگوں کی طرف منسوب کرے اس پر اللہ اور فرشتوں کی لعنت ہے۔ اس سے کوئی معاوضہ یا مال وصول نہیں کیا جائے گا۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے مروی ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا جو اپنے آزاد کرنے والوں کی اجازت کے بغیر اپنے آپ کو اور لوگوں کی طرف منسوب کرے۔ اس پر اللہ اور فرشتوں اور سب لوگوں کی لعنت ہے۔ اس سے قیامت کے دن کوئی معاوضہ یا مال قبول نہیں کیا جائے گا۔ ایک اور روایت میں (مَنْ تَوَلَّی قَوْمًا بِغَیْرِ اِذْنِ مَوَالِیْہِ کی بجائے) مَنْ وَالَی غَیرِ مَوَالِیْہِ بِغَیْرِ اِذْنِھِمْ کے الفاظ ہیں۔
ابراہیم التیمی اپنے والد سے روایت کرتے ہیں انہوں نے کہا حضرت علیؓ بن ابی طالب نے ہم سے خطاب کیا اور کہا جو شخص خیال کرتا ہے کہ ہمارے پاس اللہ کی کتاب اور اس تحریر کے علاوہ کچھ ہے جو ہم پڑھتے ہیں تو وہ غلط کہتا ہے۔ راوی کہتے ہیں کہ وہ تحریر آپؓ (حضرت علیؓ) کی تلوار کی میان سے لٹکی ہوئی تھی۔ اس میں اونٹوں کی عمروں اور زخموں کی (دیت) کا بیان تھا اور اس میں لکھا تھا نبیﷺ نے فرمایا عیر سے لے کر ثور تک مدینہ حرم ہے۔ جو کوئی اس میں نئی بات پیدا کرے یا کسی نئی بات پیدا کرنے والے کو پناہ دے تو اس پر اللہ اور اس کے فرشتوں اور سب لوگوں کی لعنت ہے۔ اس سے اللہ قیامت کے دن کوئی مال یا معاوضہ قبول نہیں کرے گا اور مسلمانوں کی ذمہ داری ایک ہے۔ جس کی کوشش ان کا ادنیٰ بھی کر سکتا ہے جو اپنے آپ کو اپنے باپ کے علاوہ کسی اور طرف منسوب کرے یا اپنے مالک کے سوا کسی اور کو مالک بنائے تو اس پر اللہ کی اور فرشتوں کی اور سب لوگوں کی لعنت ہے۔ اللہ قیامت کے دن اس سے کوئی معاوضہ یا مال قبول نہیں کرے گا۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا جو شخص کسی مومن گردن کو آزاد کرے تو اللہ تعالیٰ اس کے ہر عضو کے بدلے آزاد کرنے والے کے ہر عضو کو آگ سے آزاد کرے گا۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے مروی ہے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جس نے کسی گردن کو آزاد کیا اللہ تعالیٰ اس کے ہر عضو کے بدلہ (آزاد کرنے والے کے) ہر عضو کو آگ سے آزاد کرے گا یہا تک کہ اس کے اندامِ نہانی اس کے اندامِ نہانی کے بدلے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں نے رسول اللہﷺ سے سنا آپؐ نے فرمایا جو کسی مومن کو آزاد کرے تو اللہ تعالیٰ اس کے ہر عضو کے بدلے (آزاد کرنے والے کے) ہر عضو کو آگ سے آزاد کرے گا یہاں تک کہ اس کے اندامِ نہانی کے بدلے اس کے اندامِ نہانی کو آزاد کرے گا۔