بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 22 hadith
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا جو شخص مشترکہ غلام میں سے اپنا حصہ آزاد کرے اور اس کے پاس اتنا مال ہو جو غلام کی قیمت کو پہنچ جائے تو اس کی منصفانہ قیمت لگائی جائے اور وہ شرکاء کو ان کے حصے دے دے اور غلام اس کی طرف سے آزاد ہو جائے گا اور اگر ایسا نہ ہو تو اس کا اتنا ہی حصہ آزاد ہوگا جتنا آزاد ہوا۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے اس غلام کے بارہ میں جو دو آدمیوں میں (مشترک) ہو اور ان میں ایک (اپنا حصہ) آزاد کرے تو آپؐ نے فرمایا وہ ضامن ہوگا۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا جو شخص غلام میں سے اپنا حصہ آزاد کردے تو اس کی آزادی اس آزاد کرنے والے کے مال سے ہوگی اگر اس کے پاس مال ہے۔ اگر اس کے پاس مال نہیں ہے تو غلام سے کام لیا جائے مگر اس پر مشقت نہ ڈالی جائے۔ ایک اور روایت میں یہ مزید بیان ہے کہ اگر اس کے پاس مال نہیں ہے تو غلام کی منصفانہ قیمت لگائی جائے گی پھر اس سے اس حصہ کے لئے جس میں وہ آزاد نہیں ہوا اس سے محنت لی جائے گی لیکن مشقّت نہیں ڈالی جائے گی۔ ایک اور روایت میں (قُوِّمَ عَلَیْہِ الْعَبْدُ قِیْمَۃَ عَدْلٍ کی بجائے) قُوِّمَ عَلَیْہِ قِیْمَۃَ عَدْلٍ کے الفاظ ہیں۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے ایک لونڈی کو خرید کر آزاد کرنے کا ارادہ کیا اس کے مالکوں نے کہا ہم اس شرط پر اسے آپ کے پاس بیچیں گے کہ اس کی ولاء کا حق ہمارا ہوگا۔ انہوں (حضرت عائشہؓ) نے اس بات کا ذکر رسول اللہﷺ سے کیا آپؐ نے فرمایا یہ (بات) تمہیں اس سے (یعنی آزاد کرنے سے) نہ روکے کیونکہ ولاء تو صرف اس کے لئے ہے جو آزاد کرے۔
عروہ سے روایت ہے کہ حضرت عائشہؓ نے انہیں بتایا کہ بریرہؓ حضرت عائشہؓ کے پاس اپنی مکاتبت کے سلسلہ میں ان سے مدد مانگنے آئی اور اس نے اپنی مکاتبت میں سے کچھ بھی ادا نہیں کیا تھا۔ حضرت عائشہؓ نے اس سے کہا اپنے مالکوں کے پاس واپس جاؤ اگر وہ پسند کریں کہ میں تمہاری طرف سے مکاتبت کی رقم ادا کروں اور تمہاری ولاء میری ہوگی تو میں ایسا کردوں گی۔ بریرہؓ نے اس کا ذکر اپنے مالکوں سے کیا انہوں نے انکار کیا اور کہا کہ اگر وہ اللہ کے لئے تجھ پر (مہربان) ہو تو ایسا کریں اور تیری ولاء تو ہماری ہوگی (حضرت عائشہؓ) نے رسول اللہﷺ سے اس کا ذکر کیا تو رسول اللہﷺ نے ان سے فرمایا تم اسے خریدو اور آزاد کردو۔ ولاء تو صرف اسی کے لئے ہے جو اسے آزاد کردے۔ پھر رسول اللہﷺ کھڑے ہوئے اور فرمایا لوگوں کو کیا ہوگیا ہے کہ وہ ایسی شرائط باندھتے ہیں جو اللہ کی کتاب میں نہیں ہیں جو شخص ایسی شرط کرتا ہے جو اللہ کی کتاب میں نہیں ہے تو ایسے شخص کے لئے کچھ نہیں ہے اگرچہ وہ سو مرتبہ شرط باندھے۔ اللہ کی شرط ہی زیادہ حقدار اور مضبوط ہے۔ ایک اور روایت نبیﷺ کی زوجہ مطہرہ حضرت عائشہؓ سے مروی ہے آپؓ فرماتی ہیں بریرہؓ میرے پاس آئی اور اس نے کہا اے عائشہؓ میں نے اپنے مالکوں سے ہر سال نو اوقیہ پر مکاتبت کی ہے۔ اور اس روایت میں یہ بات مزید ہے کہ آپﷺ نے فرمایا یہ بات تمہیں اس (کو خرید کر آزاد کرنے) سے نہ روکے۔ خریدو اور آزاد کرو۔ اس روایت میں یہ بھی ہے کہ پھر رسول اللہﷺ لوگوں میں کھڑے ہوئے اور اللہ کی حمد و ثناء بیان کی پھر اس کے بعد فرمایا بات یہ ہے کہ...۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے آپؓ فرماتی ہیں بریرہؓ میرے پاس آئیں اور اس نے کہا میرے مالکوں نے میرے ساتھ سال میں نو اوقیہ پر نو سالوں میں مکاتبت کی ہے۔ ہر سال ایک اوقیہ دینا ہوگا آپ میری مدد کریں۔ میں نے اس سے کہا اگر تمہارے مالک چاہیں کہ میں یکمشت انہیں رقم دے دوں اور تمہیں آزاد کر دوں اور تمہاری ولاء میری ہو تو میں ایسا کردوں گی۔ اس نے اس بات کا ذکر اپنے مالکوں سے کیا مگر انہوں نے انکار کردیا سوائے اس کے کہ ولاء ان کے لئے ہو۔ وہ میرے پاس آئی اور اس بات کا ذکر کیا۔ وہ فرماتی ہیں میں نے اسے ڈانٹا۔ اس نے کہا نہیں اللہ کی قسم! جب اس نے یہ کہا تو رسول اللہﷺ نے سن لیا اور مجھ سے پوچھا تو میں نے آپؐ کو بتایا۔ آپؐ نے فرمایا اسے خریدو اور آزاد کردو اور ان سے ولاء کی شرط کرلو کیونکہ ولاء اس کے لئے ہے جو آزاد کرے۔ میں نے ایسے ہی کیا۔ آپؓ فرماتی ہیں پھر ایک شام کو رسول اللہﷺ نے خطاب فرمایا آپؐ نے اللہ کی حمد و ثناء کی جس کا وہ اہل ہے پھر فرمایا اماّ بعد، اُن لوگوں کو کیا ہوگیا ہے جو ایسی شرطیں کرتے ہیں جو اللہ کی کتاب میں نہیں ہیں۔ ایسی شرط جو کتاب اللہ میں نہیں ہے وہ باطل ہے اگرچہ سو 100 شرطیں ہوں اللہ کی کتاب زیادہ حقدار ہے اور اللہ کی شرط زیادہ مضبوط ہے تم میں سے بعض لوگوں کو کیا ہوگیا ہے! ان میں سے کوئی کہتا ہے فلاں کو آزاد کرو اور ولاء میرے لئے ہو۔ ولاء تو صرف اس کے لئے ہے جو آزاد کرے۔ ایک اور روایت میں ہے اس کا خاوند غلام تھا تو رسول اللہﷺ نے اس (بریرہؓ) کو اختیار دیا اس نے اپنے نفس کو اختیار کیا اور اگر وہ آزاد ہوتا تو آپؐ اسے اختیار نہ دیتے۔ اور اس روایت میں امَّا بَعْدُ کے الفاظ نہیں ہیں۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے آپؓ فرماتی ہیں کہ بریرہؓ کے معاملہ میں تین فیصلے ہوئے۔ اس کے مالکوں نے اسے بیچنا چاہا اور اس کی ولاء کی شرط کرنا چاہی میں نے اس بات کا ذکر نبیﷺ سے کیا آپؐ نے فرمایا اسے خرید و اور آزاد کر دو اور ولاء اس کے لئے ہے جو آزاد کرے۔ آپؓ فرماتی ہیں میں نے اسے آزاد کیا تو رسول اللہﷺ نے اسے (اس کے خاوند کا) اختیار دیا۔ اس نے اپنے نفس کو اختیار کیا۔ آپؓ فرماتی ہیں لوگ اسے صدقہ دیتے تھے اور وہ ہمیں ہدیہ دیتی تھیں۔ میں نے اس بات کا ذکر نبیﷺ سے کیا۔ آپؐ نے فرمایا وہ اس کے لئے صدقہ ہے اور تمہارے لئے ہدیہ ہے اور تم اسے کھا سکتے ہو۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے بریرہؓ کو انصارؓ کے کچھ لوگوں سے خریدا۔ انہوں نے ولاء کی شرط لگائی۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا ولاء اس کے لئے ہے جو احسان کرتا ہے اور رسول اللہﷺ نے اسے اختیار دیا اور اس کا خاوند غلام تھا اور اس (بریرہؓ) نے حضرت عائشہؓ کو گوشت تحفہ دیا۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا تم اس گوشت میں سے ہمارے لئے پکاتیں۔ حضرت عائشہؓ نے کہا وہ تو بریرہؓ کو صدقہ دیا گیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا وہ اس کے لئے صدقہ ہے اور ہمارے لئے ہدیہ ہے۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے بریرہؓ کو خرید کر آزاد کرنے کا ارادہ کیا۔ انہوں (اس کے مالکوں) نے اس کے ولاء کی شرط رکھی۔ آپ رضی اللہ عنہا (حضرت عائشہؓ) نے اس کا ذکر رسول اللہﷺ سے کیا۔ آپؐ نے فرمایا اس کو خریدو اور اسے آزاد کردو ولاء اس کے لئے ہے جو آزاد کرے اور رسول اللہﷺ کو گوشت کا ہدیہ دیا گیا انہوں نے نبیﷺ کی خدمت میں عرض کیا کہ یہ تو بریرہؓ کو صدقہ دیا گیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا یہ اس کے لئے صدقہ ہے اور ہمارے لئے ہدیہ ہے اور اسے اختیار دیا گیا ہے۔ راوی عبد الرحمان کہتے ہیں اس کا خاوند آزاد تھا۔ شعبہ کہتے ہیں پھر میں نے اس سے اس (بریرہؓ) کے خاوند سے متعلق پوچھا اس نے کہا مجھے معلوم نہیں۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے آپؓ فرماتی ہیں بریرہؓ کا خاوند غلام تھا۔