بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 89 hadith
عبداللہ بن محمد بن اسماء نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے مالک سے، مالک نے زہری سے روایت کی کہ حمید بن عبدالرحمٰن نے اُنہیں بتایا کہ حضرت مسور بن مخرمہؓ نے ہمیں خبر دی کہ وہ لوگ جن کو حضرت عمر ؓ نے خلافت کے لئے نامزد کیا تھا اکٹھے ہوئے اور آپس میں مشورہ کرنے لگے۔ حضرت عبدالرحمٰنؓ نے ان سے کہا: میں ایسا نہیں جو تمہارے مقابلہ میں اس امر کی خواہش کروں لیکن اگر تم چاہو تو میں تمہارے لئے تم میں سے کسی کا انتخاب کروں۔ چنانچہ اُنہوں نے اس فیصلہ کو حضرت عبدالرحمٰنؓ کے حوالہ کیا۔ جب اُنہوں نے اپنا معاملہ حضرت عبدالرحمٰنؓ کے سپرد کردیا تو لوگ حضرت عبدالرحمنؓ کی طرف مائل ہو گئے۔ یہاں تک کہ میں ایک آدمی کو بھی نہ دیکھتا تھا جو ان آدمیوں کے ساتھ جاتا اور نہ کوئی اُن کے پیچھے جاتا تھا اور لوگحضرت عبدالرحمٰنؓ پر جھک پڑے۔ ان سے راتوں کو مشورے کرنے لگے۔ جب وہ رات ہوئی کہ جس کی صبح کو اُٹھ کر ہم نے حضرت عثمانؓ سے بیعت کی ۔ حضرت مسورؓ نے کہا کہ حضرت عبدالرحمٰنؓ کچھ رات گزرنے کے بعد میرے پاس اچانک آئے اور دروازہ کھٹکھٹایا جس سے میں جاگ پڑا۔ کہنے لگے: میں سمجھتا ہوں کہ تم سوئے ہوئے ہو ۔ اللہ کی قسم ! میں تو یہ تین راتیں کچھ زیادہ نہ سو سکا۔ چلو زبیرؓ اور سعدؓ کو بلاؤ۔ میں اُن کے پاس انکو بلا لایا اور اُنہوں نے ان دونوں سے مشورہ کیا۔ پھر اس کے بعد مجھے بلایا اور کہا کہ علیؓ کو میرے پاس بلا لاؤ اور میں ان کو بلا لایا۔ حضرت عبدالرحمٰنؓ اتنی دیر تک ان سے درپردہ باتیں کرتے رہے کہ آدھی رات ہوگئی۔ اس کے بعد حضرت علیؓ ان کے پاس سے اُٹھ کر چلے گئے اور وہ امید رکھتے تھے اور حضرت عبدالرحمٰنؓ حضرت علیؓ سے کچھ ڈرتے بھی تھے۔ پھر اُنہوں نے کہا: حضرت عثمانؓ کو میرے پاس بلا لاؤ اور میں ان کو بلا لایا اور وہ اُن سے درپردہ باتیں کرتے رہے۔ حتی کہ مؤذن نے صبح کی اذان دے کر اُنہیں ایک دوسرے سے الگ کیا۔ جب وہ لوگوں کو صبح کی نماز پڑھا چکے اور یہ گروہ منبر کے پاس جمع ہوگیا تو حضرت عبدالرحمٰنؓ نے جو مہاجرین اور انصار موجود تھے ان کو بلا بھیجا نیر سرداران لشکر کو بھی بلوایا جو اتفاق سے اس حج میں آگئے تھے اور حضرت عمرؓ کے ساتھ اُنہوں نے حج کیا تھا۔ جب سب اکٹھے ہوگئے تو حضرت عبدالرحمٰنؓ نے تشہد پڑھا پھر کہا۔ اما بعد ۔ اےعلیؓ میں نے لوگوں کے معاملہ میں خوب غور کیا ہے اور مَیں اُنہیں نہیں دیکھتا کہ وہ حضرت عثمانؓ کے برابر کسی کو سمجھتے ہوں اس لئے اب آپ اپنے متعلق (ملامت کی) کوئی راہ نہ نکالیں۔ پھر حضرت عثمانؓ نے کہا: میں آپ سے اللہ کی شریعت اور اس کے رسول اور آپؐ کے بعد دونوں خلیفوں کی سنت کے مطابق بیعت کرتا ہوں۔ یہ کہہ کر حضرت عبدالرحمٰنؓ نے ان سے بیعت کی اور دوسرے لوگوں مہاجرین اور انصار اور سرداران لشکر اور تمام مسلمانوں نے ان سے بیعت کی۔
(تشریح)ابوعاصم نے ہم سے بیان کیا انہوں نے یزید بن ابی عبید سے، اُنہوں نے حضرت سلمہؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: ہم نے درخت کے تلے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے بیعت کی تھی۔ تو آپؐ نے مجھ سے فرمایا: سلمہؓ تم نہیں بیعت کرتے؟ میں نے کہا: یا رسول اللہ ! میں پہلے بیعت کرچکا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: اور دوسری بار بھی۔
ابونعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے محمد بن منکدر سے روایت کی۔ میں نے حضرت جابرؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ایک بدوی نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور کہنے لگا: اسلام پر قائم رہنے کی بیعت مجھ سے لے لیں۔ چنانچہ آپؐ نے اس سے اسلام پر رہنے کی بیعت لی۔ پھر وہ دوسرے دن بخار میں مبتلاہوکر آیا اور کہنے لگا: میری بیعت فسخ کر دیجئے۔ آپؐ نے انکار کردیا۔ جب اس نے پیٹھ پھیری آپؐ نے فرمایا: مدینہ بھٹی کی طرح ہے وہ اپنی میل باہر پھینک دیتا ہے اور اس کی صاف چیز خالص ہوجاتی ہے۔
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے مالک سے، مالک نے محمد بن منکدر سے، اُنہوں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ ایک بدوی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اسلام پر قائم رہنے کی بیعت کی۔ پھر اُس کو بخار آنے لگا تو کہنے لگا: میری بیعت فسخ کر دیں تو آپؐ نے انکار کیا۔ پھر وہ آپؐ کے پاس آیا اور کہنے لگا: مجھ سے میری بیعت فسخ کر دیں۔ آپؐ نہ مانے۔ وہ بدوی نکل کر چلا گیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مدینہ بھٹی کی طرح ہے جو میل باہر پھینک دیتا ہے اور اس کی صاف چیز خالص ہوجاتی ہے۔
(تشریح)علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن یزید نے ہمیں بتایا۔ سعید نے جو ابوایوب کے بیٹے ہیں، ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا: ابوعقیل زہرہ بن معبد نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے اپنے دادا حضرت عبداللہ بن ہشامؓ سے روایت کی اور انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا زمانہ پایا تھا اور اُن کی ماں حضرت زینب بنت حمیدؓ اُن کو لے کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس گئی تھیں۔ اُن کی ماں نے کہا: یا رسول اللہ ! آپؐ اس سے بیعت لیں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وہ چھوٹا ہے اور آپؐ نے اُن کے سر پر ہاتھ پھیرا اور اُن کے لئے دعا کی۔ اور حضرت عبداللہ بن ہشامؓ اپنے تمام گھر والوں کی طرف سے ایک ہی بکری قربانی کیا کرتے تھے۔
(تشریح)حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يُوسُفَ، أَخْبَرَنَا مَالِكٌ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ الْمُنْكَدِرِ، عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ،. أَنَّ أَعْرَابِيًّا، بَايَعَ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم عَلَى الإِسْلاَمِ فَأَصَابَ الأَعْرَابِيَّ وَعْكٌ بِالْمَدِينَةِ، فَأَتَى الأَعْرَابِيُّ إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ يَا رَسُولَ اللَّهِ أَقِلْنِي بَيْعَتِي، فَأَبَى رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم ثُمَّ جَاءَهُ فَقَالَ أَقِلْنِي بَيْعَتِي فَأَبَى، ثُمَّ جَاءَهُ فَقَالَ أَقِلْنِي بَيْعَتِي فَأَبَى فَخَرَجَ الأَعْرَابِيُّ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " إِنَّمَا الْمَدِينَةُ كَالْكِيرِ تَنْفِي خَبَثَهَا وَيَنْصَعُ طِيبُهَا ".
عبدان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابوحمزہ سے، ابوحمزہ نے اعمش سے، اعمش نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تین شخص ہیں اللہ قیامت کے دن اُن سے بات نہیں کرے گا اور نہ اُنہیں پاک صاف کرے گا اور اُن کو دردناک سزا ہوگی۔ ایک وہ شخص جس کے پاس راستے میں بچا ہوا پانی ہو مسافر کو اس سے محروم رکھے اور ایک وہ شخص جو امام سے بیعت کرے محض دنیا ہی کی خاطر اُس سے بیعت کررہا ہو اگر وہ اس کو دے جو چاہتا ہے تو اس سے وفا کرے اور اگر نہ دے تو اس سے وفا نہ کرے اور ایک وہ شخص جو عصر کے بعد کسی آدمی کو کوئی سامان بیچ رہا ہو اور اللہ کی قسمیں کھائے کہ مجھے تو اس کا اتنا اتنا دیا گیا تھا تو وہ اس کو سچا سمجھ کر اس سامان کو لے لے حالانکہ اسے اس کا اتنا نہیں دیا گیا تھا۔
(تشریح)ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زہری سے روایت کی۔ نیز لیث نے کہا: یونس نے مجھ سے بیان کیا۔ اُنہوں نے ابن شہاب سے روایت کی کہ ابوادریس خولانی نے مجھے خبردی کہ اُنہوں نے حضرت عبادہ بن صامتؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم سے فرمایا اور ہم اس وقت مجلس میں تھے تم مجھ سے بیعت کرو کہ کسی چیز کو بھی تم اللہ کا شریک نہ ٹھہراؤگے اور نہ تم چوری کرو گے اور نہ زنا کروگے اور نہ ہی اپنی اولاد کو قتل کروگے اور نہ کوئی تم ایسا بہتان باندھو گے جسے تم دیکھتے بھالتے اپنے سامنے اپنے ہاتھوں سے گھڑتے ہو اور معروف بات میں تم نافرمانی نہیں کرو گے ۔ سو جس نے تم میں سے اس عہد کو پورا کیا اس کا اجر اللہ کے ذمے ہوگا اور جس نے ان باتوں میں سے کوئی بات کی اور دنیا میں اس کو سزا دے دی گئی تو وہ سزا اس کے لئے کفارہ ہوگئی اور جس نے ان باتوں میں سے کوئی بات کی اور اللہ نے اس کی پردہ پوشی فرمائی تو اس کا معاملہ اللہ کے سپرد ہے ۔ اگر وہ چاہے تو اس کو سزا دے چاہے تو معاف کردے چنانچہ انہی باتوں پر ہم نے آپؐ سے بیعت کی۔
محمود (بن غیلان) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔معمر نے ہمیں خبر دی ۔ معمر نے زہری سے، زہری نے عروہ سے،اُنہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپ فرماتی ہیں: نبی صلی اللہ علیہ وسلم عورتوں سے اس آیت کے مطابق یعنی اس شرط پر کہ وہ اللہ کا شریک کسی کو قرار نہیں دیں گی۔ زبانی بیعت لیا کرتے تھے۔آپ بیان کرتی ہیں اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ہاتھ کسی عورت کے ہاتھ کو کبھی نہیں چھوا سوائے اس عورت کے جس کے آپؐ مالک ہوتے تھے۔
ہم سے مسدد نے بیان کیا کہ عبدالوارث نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ایوب سے، ایوب نے حفصہ سے، حفصہ نے حضرت اُم عطیہؓ سے روایت کی۔ آپ بیان کرتی ہیں: ہم نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے بیعت کی تو آپؐ نے ہمارے سامنے یہ آیت پڑھی یعنی اس شرط پر کہ وہ اللہ کا شریک کسی کو قرار نہیں دیں گی۔اور ہمیں بین کرنے سے روکا۔ (یہ سن کر) ہم میں سے ایک عورت نے اپنا ہاتھ کھینچ کر سکیڑ لیا اور بولیں فلاں عورت نے میری مدد کی تھی اور میں چاہتی ہوں کہ اس کا بدلہ ادا کروں۔ آپؐ نے کچھ نہیں فرمایا۔ وہ گئی اور پھر لوٹ آئی۔ کسی عورت نے بھی وفا نہ کی مگر اُم سلیمؓ اور اُم علاءؓ اور ابوبسرہؓ کی بیٹی نے جو معاذؓ کی بیوی تھیں۔ یا کہا: ابو سبرہؓ کی بیٹی اور معاذؓ کی بیوی نے ۔
(تشریح)