بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 261 hadith
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ ابوبکر (بن عیاش) نے ہمیں خبردی۔ انہوں نے عبدالعزیز بن رُفیع سے، عبدالعزیز نے عطاء سے، عطاء نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ ایک شخص نے نبی ﷺ سے کہا: رمی سے پہلے میںنے طوافِ زیارت کیا ہے۔ فرمایا: کوئی حرج نہیں۔ اس نے کہا: میں نے ذبح کرنے سے پہلے سر منڈوا لیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: کوئی حر ج نہیں۔ اس نے کہا: میں نے رمی سے پہلے ذبح کر لیا ہے۔فرمایا: کوئی حرج نہیں۔ اور عبد الرحیم رازی نے ابن خُثَیم سے نقل کیاکہ عطاء نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی اور قاسم بن یحيٰ نے کہا: ابن خُثَیم نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے عطاء سے، انہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے۔ اور عفان (بن مسلم صفار) نے کہا: میں سمجھتا ہوں کہ یہ روایت وہیب سے منقول ہے۔ (انہوں نے کہا:) ابن خُثَیم نے ہم سے بیان کیا۔انہوں نے سعید بن جبیر سے، انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی۔ اور حماد نے کہا کہ قیس بن سعد اور عباد بن منصور سے مروی ہے۔ ان دونوں نے عطاء سے، انہوں نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے، حضرت جابرؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی۔
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالاعلیٰ نے ہمیں بتایا۔ خالد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبردی ۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر سے، حضرت ابن عمرنے حضرت حفصہ رضی اللہ عنہم سے روایت کی ۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! لوگوں کو کیا ہوا کہ انہوں نے عمرہ کر کے احرام کھول ڈالا اور آپؐ نے اپنے عمرہ کا ابھی احرام نہیں کھولا؟ تو آپؐ نے فرمایا: میں نے اپنے سر کے بال جما لئے تھے اور قربانی کے جانوروں کے گلے میں ہار ڈال دیا تھا تو میں اس وقت تک احرام نہیں کھولوں گا جب تک کہ ذبح نہ کرلوں۔
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب بن ابی حمزہ نے ہمیں خبردی۔ نافع نے کہا: حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کہا کرتے تھے: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے حج میں سر منڈوایا۔
عبداللہ بن محمد بن اسماء نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ بن اسماء نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے روایت کی کہ حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اور آپؐ کے صحابہ میں سے ایک گروہ نے سر منڈوایا اور ان میں سے بعض نے بال کتروائے۔
ابوعاصم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن جریج سے، انہوں نے حسن بن مسلم سے، حسن نے طائوس سے، طائوس نے حضرت ابن عباسؓ سے، حضرت ابن عباسؓ نے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہم سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال ایک بڑی قینچی سے کترے۔
(تشریح)محمد بن ابی بکر نے ہم سے بیان کیا کہ فضیل بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ موسیٰ بن عقبہ نے ہم سے بیان کیا۔ کریب نے مجھے خبردی۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: جب نبی صلی اللہ علیہ وسلم مکہ میں تشریف لائے تو آپؐ نے اپنے ساتھیوں سے فرمایا کہ وہ بیت اللہ اور صفا مروہ کا طواف کریں۔ پھراحرام کھول دیں اور سر منڈوائیں یا بال کتروائیں۔
عبدان نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ (عثمان) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، انہوں نے قیس بن مسلم سے، قیس نے طارق بن شہاب سے، طارق نے حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کے پاس اس وقت پہنچا؛ جب آپؐ بطحاء میں تھے تو آپؐ نے فرمایا: کیا تم نے حج کی نیت کی ہے؟ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: احرام باندھتے وقت تم نے لبیک میں کیا پکارا تھا۔ میں نے کہا: میں بھی اس پکار کے ساتھ لبیک کہتاہوں جو رسول اللہ ﷺ کی پکار ہے۔ آپؐ نے فرمایا: خوب کیا۔ بیت اللہ، صفاو مروہ کا طواف کرلو۔ پھر میں بنی قیس کی عورتوں میں سے ایک عورت کے پاس گیا۔ اس نے میرے سر سے جوئیں نکالیں۔ پھر میں نے حج کا احرام باندھا اور میں نے لوگوں کو حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی خلافت تک اسی کا فتویٰ دیا تھا اور میں نے اس کا ان سے ذکر کیا تو انہوں نے کہا کہ اگر ہم کتاب اللہ پر عمل کریں تو وہ ہمیں حج اور عمرہ پورے کرنے کا حکم دیتی ہے اور اگر ہم رسول اللہ ﷺ کی سنت کے مطابق عمل کریں تو رسول اللہ ﷺ نے اس وقت تک احرام نہیں کھولا؛ جب تک کہ قربانی اپنی جگہ پر پہنچ گئی۔ (دونوں ایک ہی ہیں۔)
(تشریح)عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اے اللہ! سر منڈوانے والوں پر رحم کر۔ انہوںنے کہا: بال کتروانے والوں پر۔ یا رسول اللہ۔ فرمایا: اے اللہ! سر منڈوانے والوں پر رحم کر۔ انہوں نے کہا: اور بال کتروانے والوں پر بھی یا رسول اللہ۔ فرمایا: اور بال کتروانے والوں پر بھی۔اور لیث نے کہا: نافع نے مجھ سے بیان کیا کہ (آپؐ نے ) رَحِمَ اللّٰہُ الْمُحَلِّقِیْنَ (یعنی اے اللہ سر منڈوانے والوں پر رحم کر) ایک دفعہ یا دو دفعہ فرمایا اور عبیداللہ نے کہا کہ نافع نے مجھ سے بیان کیا کہ آپؐ نے چوتھی بار فرمایا: وَالْمُقَصِّرِیْنَ۔ (یعنی اور بال کتروانے والوں پر بھی)
عیاش بن ولید نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن فضیل نے ہمیں بتایا کہ عمارہ بن قعقاع نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابوزرعہ سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اے اللہ! سر منڈوانے والوں کو بخش۔ صحابہ نے کہا: اور بال کتروانے والوں کو بھی۔ فرمایا: اے اللہ! سر منڈوانے والوں کو بخش۔ انہوں نے کہا: اور بال کتروانے والوں کو بھی۔ آپؐ نے (سر منڈوانے والوں کے لیے) تین بار فرمایا۔ پھر فرمایا: بال کتروانے والوں کو بھی۔