بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 172 hadith
مسدد نے خالد سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتلایا۔ کہا: انہوں نے عبداللہ بن شداد سے۔ عبداللہ نے حضرت میمونہ سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز پڑھا کرتے اور میں آپ کے پہلو میں ہوتی اور میں حائضہ ہوتی۔ بلکہ آپ کا کپڑا مجھے لگتا جب آپ سجدہ کرتے۔ وہ کہتی تھیں: اور آپ چٹائی پر نماز پڑھا کرتے تھے۔
(تشریح)ہم سے ابوالولید نے بیان کیا، کہا: شعبہ نے بیان کیا، کہا: انہوں نے عبد اللہ بن شداد سے۔ عبداللہ نے حضرت میمونہ سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کھجور کے پتوں سے بنی ہوئی چٹائی پر نماز پڑھا کرتے تھے۔
ہم سے یحیٰ بن بکیر نے بیان کیا، کہا: لیث نے ہمیں بتلایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: مجھے عروہ نے بتلایا کہ حضرت عائشہ نے انہیں خبر دی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی بیوی کے بچھونے پر نماز پڑھا کرتے اور وہ آپ کے اور قبلہ کے درمیان آپ کے سامنے اس طرح پڑی ہوتیں جس طرح کہ جنازہ.
ہم سے عبداللہ بن یوسف نے بیان کیا، کہا: لیث نے ہمیں بتلایا۔ انہوں نے یزید سے، یزید نے عِراک سے، عِراک نے عروہ سے روایت کی کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نماز پڑھ رہے ہوتے۔ اور حضرت عائشہ آپ کے اور قبلہ کے درمیان اس بستر پر جس پر وہ دونوں سویا کرتے تھے چوڑائی کے رخ سامنے لیٹی ہوتیں۔
(تشریح)ہم سے ابوالولید ہشام بن عبدالملک نے بیان کیا، کہا: بشر بن مفضل نے ہم سے بیان کیا، کہا: غالب قطان نے مجھے بتلایا۔ انہوں نے بکر بن عبداللہ سے، بکر نے حضرت انس بن مالک سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے کہ ہم نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز پڑھا کرتے اور ہم میں سے کوئی شدتِ گرمی کی وجہ سے سجدہ کی جگہ میں کپڑے کا کنارہ رکھ لیتا۔
ہم سے آدم بن ابی ایاس نے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابو مسلمہ سعید بن یزید ازدی نے ہمیں بتلایا، کہا: میں نے حضرت انس بن مالک سے پوچھا کہ آیا نبی صلی اللہ علیہ وسلم اپنے جوتوں سمیت نماز پڑھا کرتے تھے؟ کہا: ہاں۔
ہم سے اسحاق بن نصر نے بیان کیا۔ کہا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتلایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے مسلم سے، مسلم نے مسروق سے، مسروق نے حضرت مغیرہ بن شعبہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو وضو کرایا۔ آپ نے اپنے دونوں موزوں پر مسح کیا اور نماز پڑھی۔
(تشریح)ہم سے عبد اللہ بن یوسف نے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتلایا۔ انہوں نے اسحاق بن عبداللہ ابن ابی طلحہ سے۔ اسحاق نے حضرت انس بن مالک سے روایت کی کہ ان کی دادی ملیکہ نے رسول اللہ کو کھانے کے لیے بلایا جو کہ انہوں نے آپ کے لیے خصوصیت سے تیار کیا تھا۔ آپ نے اس میں سے کھایا پھر کہا: اٹھو تاکہ میں تمہارے لیے دعا کروں۔ حضرت انسؓ کہتے تھے کہ میں اُٹھ کر اپنی ایک چٹائی کی طرف گیا جو کہ کثرت استعمال کی وجہ سے سیاہ ہو گئی تھی۔ میں نے اسے پانی سے دھویا۔ رسول اللہ کھڑے ہوئے۔ میں نے ایک یتیم کے ساتھ آپ کے پیچھے صف باندھی۔ اور وہ بڑھیا ہمارے پیچھے تھی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں دو رکعتیں نماز پڑھائی۔ پھر آپ چلے گئے۔
ہم سے اسماعیل نے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتلایا۔ انہوں نے عمر بن عبید اللہ کے آزاد کردہ غلام ابو نضر سے۔ انہوں نے ابوسلمہ بن عبدالرحمن سے۔ ابوسلمہ نے حضرت عائشہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی بیوی سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں کہ میں رسول اللہ صلى الله علیہ وسلم کے سامنے سویا کرتی اور میرے پاؤں آپ کے سامنے ہوتے۔ جب آپ سجدہ کرتے تو مجھے ہاتھ سے دباتے اور میں اپنے پاؤں سکیڑ لیتی۔ اور جب کھڑے ہوتے تو اُن کو پھیلا دیتی۔ کہتی تھیں کہ ان دنوں گھروں میں چراغ نہیں ہوتے تھے۔
ہم سے آدم نے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہمیں بتلایا۔ انہوں نے اعمش سے روایت کی۔ کہا: میں نے ابراہیم نخعی سے سنا۔ وہ ہمام بن حارث سے روایت کرتے تھے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت جریر بن عبد اللہ کو دیکھا کہ انہوں نے پیشاب کیا۔ پھر وضو کیا اور اپنے دونوں موزوں پر مسح کیا۔ پھر کھڑے ہوئے اور نماز پڑھی۔ آپ سے پوچھا گیا تو کہا: میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا آپ نے ایسا ہی کیا تھا۔ ابراہیم نے کہا: یہ حدیث ان کو اچھی معلوم ہوتی تھی۔ کیونکہ حضرت جریر ان لوگوں میں سے تھے جو آخر میں مسلمان ہوئے۔