بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 187 hadith
اسحاق بن نصر نے مجھے بتایا کہ یحيٰ بن آدم نے ہم سے بیان کیا کہ اسرائیل نے ہمیں بتایا، اسرائیل نے ابو اسحاق سے، ابو اسحاق نے عبدالرحمٰن بن اسود سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی، فرماتی تھیں: میں نبی ﷺ کو عمدہ سے عمدہ خوشبو جو آپؐ کو مل سکتی لگایا کرتی تھی ایسی عمدہ تھی کہ میں آپؐ کے سر اور داڑھی میں اس خوشبو کی چمک کو دیکھتی تھی۔
آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے سہل بن سعد سے روایت کی کہ ایک شخص نے نبی ﷺ کے گھر میں ایک سوراخ سے جھانک کر دیکھا اور نبی ﷺ اپنے سر کو پشت خار سے کھجلا رہے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: اگر مجھے علم ہوتا کہ تم دیکھ رہے ہو تو میں ضرور تمہاری آنکھ میں وہی پشت خار چبھو دیتا۔ دیکھنے کی وجہ سے ہی اجازت لینا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپ فرماتی تھیں: میں رسول اللہ ﷺ کے سر میں اس وقت بھی کنگھی کیا کرتی تھی جب کہ میں حائضہ ہوتی۔ عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کرتے ہوئے ایسا ہی بتایا۔
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اشعث بن سلیم سے، اشعث نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہؓ سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ اپنے بالوں میں کنگھی کرنے نیز وضو کرتے وقت جہاں تک ہو سکتا دائیں طرف سے شروع کرنا پسند فرماتے۔
عبداللہ بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف صنعانی) نے ہمیں بتایا کہ معمر نے ہمیں خبر دی، معمر نے زہری سے، زہری نے (سعید) بن مسیب سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا (کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے) بنی آدم کے تمام کام اس کے لئے ہیں سوائے روزے کے کیونکہ وہ میرے لئے ہے اور میں اس کا بدلہ دوں گا اور روزے دار کے منہ کی بو اللہ کو مشک کی خوشبو سے بھی زیادہ پسند ہے۔
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہمیں بتایا کہ وہیب نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن عروہ) نے ہمیں بتایا، ہشام نے عثمان بن عروہ سے، عثمان نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپ فرماتی تھیں: میں نبی ﷺ کو آپؐ کے احرام باندھتے وقت عمدہ سے عمدہ خوشبو جو مجھے ملتی لگایا کرتی تھی۔
ابو نعیم نے ہمیں بتایا کہ عزرہ بن ثابت انصاری نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ثمامہ بن عبداللہ نے مجھے بتایا۔ ثمامہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ وہ خوشبو کو ردّ نہیں کیا کرتے تھے اور کہتے تھے کہ نبی ﷺ خوشبو کو ردّ نہیں کیا کرتے تھے۔
عثمان بن ہیثم نے ہم سے بیان کیا، یا محمد (بن یحيٰ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے روایت کی کہ عمر بن عبداللہ بن عروہ نے مجھے بتایا۔ عمر نے عروہ اور قاسم (بن محمد) سے سنا ان دونوں نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ آپ فرماتی تھیں: میں نے رسول اللہ ﷺ کو اپنے ہاتھ سے حجۃ الوداع میں جب کہ آپؐ نے احرام کھولا اور احرام باندھا زریرہ کی خوشبو لگائی۔
عثمان (بن ابی شیبہ) نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور (بن معتمر) سے، منصور نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہؓ (بن مسعود) سے روایت کی کہ اللہ نے گودنے والیوں اور گدوانے والیوں کو اور چہرے کے روئیں نکالنے والیوں اور خوبصورتی کے لئے دانت کشادہ کرانے والیوں کو جو اللہ تعالیٰ کی بناوٹ کو تبدیل کرنے والیاں ہیں، پر لعنت کی ہے۔ مجھے کیا ہے کہ میں ان کو لعنتی نہ ٹھہراؤں جن کو نبی ﷺ نے لعنتی ٹھہرایا ہے حالانکہ یہ حکم کتاب اللہ میں ہے یعنی جو رسول نے تمہیں دیا ہے اس کو لو۔ اور جس سے تمہیں روکے اُس سے رُک جاؤ۔
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا انہوں نے کہا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے حمید بن عبدالرحمٰن بن عوف سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت معاویہ بن ابی سفیانؓ سے سنا۔ جس سال انہوں نے حج کیا اور وہ منبر پر تھے اور کہہ رہے تھے اور انہوں نے بالوں کا ایک چٹلا لیا جو ان کے محافظ کے ہاتھ میں تھا تمہارے علماء کہاں ہیں؟ میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا آپؐ اس قسم کے کام سے منع کرتے تھے اور فرماتے تھے: بنی اسرائیل تو اسی وجہ سے تباہ ہوئے کہ جب ان کی عورتوں نے یہ کام شروع کیا۔