بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 525 hadith
یسرہ بن صفوان نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، انہوں نے عبداللہ بن شداد سے، عبداللہ نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے نہیں سنا کہ آپؐ نے کسی سے کہا ہو کہ میرے ماں باپ تیرے قربان, سوا سعد بن مالکؓ کے۔ میں نے آپؐ کو جنگ اُحد کے دن یہ فرماتے سنا: سعدؓ تیر پھینکو میرے ماں باپ تیرے قربان۔
موسیٰ بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معتمر (بن سلیمان) سے، معتمر نے اپنے باپ سے روایت کی کہ وہ کہتے تھے۔ ابوعثمان (نہدی) نے کہا: ان جنگوں میں سے جو آپؐ نے دشمنوں سے لڑیں ایک جنگ میں نبی ﷺ کے ساتھ حضرت طلحہؓ اور حضرت سعدؓ کے سوا کوئی بھی باقی نہیں رہا تھا۔ ابوعثمان نے یہ ان دونوں سے سن کر بیان کیا۔
موسیٰ بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معتمر (بن سلیمان) سے، معتمر نے اپنے باپ سے روایت کی کہ وہ کہتے تھے۔ ابوعثمان (نہدی) نے کہا: ان جنگوں میں سے جو آپؐ نے دشمنوں سے لڑیں ایک جنگ میں نبی ﷺ کے ساتھ حضرت طلحہؓ اور حضرت سعدؓ کے سوا کوئی بھی باقی نہیں رہا تھا۔ ابوعثمان نے یہ ان دونوں سے سن کر بیان کیا۔
عبداللہ بن ابی الاسود نے ہم سے بیان کیا کہ حاتم بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن یوسف سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت سائب بن یزیدؓ سے سنا، کہتے تھے: میں حضرت عبدالرحمٰن بن عوف، حضرت طلحہ بن عبیداللہ، حضرت مقداد (بن اَسوَد) اور حضرت سعد (بن ابی وقاص) رضی اللہ عنہم کے ساتھ رہا۔ میں نے ان میں سے کسی کو بھی (جنگ کے متعلق) کوئی حدیث نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے نہیں سنا۔ ہاں میں نے حضرت طلحہؓ کو جنگ اُحد کی بابت بیان کرتے ہوئے سنا ہے۔
عبداللہ بن ابی شیبہ نے مجھ سے بیان کیا کہ وکیع (بن جراح) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے، اسماعیل نے قیس (بن ابی حازم) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت طلحہؓ کا ایک ہاتھ شل دیکھا جس کے ذریعہ سے انہوں نے جنگِ اُحد کے دن نبی ﷺ کو بچایا تھا۔
ابو معمر (عبداللہ بن عمرو) نے ہمیں بتایا کہ عبدالوارث (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز (بن صہیب) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب اُحد کی جنگ ہوئی تو لوگ شکست کھا کر نبی ﷺ سے جُدا ہوگئے۔ اور حضرت ابو طلحہؓ نبی ﷺ کے سامنے آپؐ کو اپنی ایک ڈھال سے آڑ میں لئے کھڑے رہے اور حضرت ابو طلحہؓ ایسے تیر انداز تھے کہ جو زور سے کمان کھینچا کرتے تھے، انہوں نے اس دن دو یا تین کمانیں توڑ دیں اور جو کوئی آدمی تیروں کا ترکش اپنے ساتھ لئے گزرتا تو آنحضرت ﷺ فرماتے: ابو طلحہؓ کے لئے پھینک دو۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: اور نبی ﷺ سر اُٹھا کر لوگوں کو دیکھتے تو حضرت ابو طلحہؓ کہتے: میرے ماں باپ آپؐ پر قربان، سر اُٹھا کر نہ دیکھیں مبادا ان لوگوں کے تیروں میں سے کوئی تیر آپؐ کو لگے۔ میرا سینہ آپؐ کے سینے کے سامنے ہے اور میں نے حضرت ابو بکرؓ کی بیٹی (امّ المؤمنین) حضرت عائشہؓ کو اور (اپنی والدہ) حضرت امّ سُلَیمؓ کو دیکھا کہ وہ اپنے پانچے چڑھائے ہوئے ہیں، ان کی پنڈلیوں کی پازیبیں نظر آتی تھیں، اپنی پیٹھوں پر مشکیں بھر کر اُچھالتی ہوئی لاتی تھیں اور لوگوں کے مونہوں میں ڈالتی تھیں۔ پھر جاتیں اور اُنہیں بھر کر پھر آتیں اور لوگوں کے مونہوں میں ڈالتی تھیں۔ اور حضرت ابو طلحہؓ کے ہاتھ سے تلوار دو یا تین دفعہ گر گئی تھی۔
عبید اللہ بن سعید نے مجھ سے بیان کیا کہ ابو اسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی، کہتی تھیں: جب جنگ اُحد ہوئی تو مشرک شکست کھا کر بھاگ نکلے تو ابلیس نے اللہ کی اس پر لعنت ہو پکارا۔ ارے اللہ کے بندو! اپنے پچھلوں سے بچو۔ چنانچہ یہ سن کر جو اُن سے آگے تھے وہ لوٹے۔ اگلے اور پچھلے آپس میں تلواروں سے لڑ پڑے۔ حضرت حذیفہؓ نے دیکھا کہ ان کے باپ حضرت یمانؓ سے لوگ لپٹے ہیں۔ وہ بولے: ارے اللہ کے بندو! میرا باپ ہے میرا باپ۔ عروہ نے کہا: حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: اللہ کی قسم! وہ نہ رُکے، اس کو مار ہی ڈالا۔ حضرت حذیفہؓ نے کہا: اللہ تمہیں بخشے۔ عروہ کہتے تھے: بخدا حضرت حذیفہؓ میں ہمیشہ ہی نیکی رہی یہاں تک کہ وہ اللہ سے جا ملے۔ بَصُرْتُ فِی الْاَمْرِ کے معنی عَلِمْتُ یعنی میں نے جانا اور اَبْصَرْتُ آنکھ کا دیکھنا ہے اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ بَصُرْتُ اور اَبْصَرْتُ ایک ہی معنی میں ہیں۔
(تشریح)عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ ابو حمزہ نے ہمیں بتایا کہ عثمان بن موہب سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص آیا جس نے بیت اللہ کا حج کیا اور پھر کچھ لوگوں کو بیٹھے دیکھا، اس نے پوچھا: جو بیٹھے ہیں کون ہیں؟ لوگوں نے کہا: یہ قریش ہیں۔ اس نے پوچھا: یہ بوڑھا کون ہے؟ انہوں نے کہا: (حضرت عبداللہ) بن عمرؓ۔ وہ ان کے پاس آیا اور اس نے کہا: میں آپؓ سے ایک بات پوچھتا ہوں، کیا آپؓ بتلائیں گے؟ کہنے لگا: میں حرمت بیت اللہ کی قسم دے کر آپؓ سے پوچھتا ہوں: کیا آپؓ کو علم ہے کہ حضرت عثمان بن عفانؓ جنگ اُحد کے دن بھاگ گئے تھے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ اس نے کہا: کیا پھر آپؓ کو یہ بھی علم ہے کہ وہ غزوۂ بدر سے غیر حاضر رہے اور اس میں شریک نہیں ہوئے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ اس نے کہا: پھر کیا آپؓ کو علم ہے کہ وہ بیعت رضوان سے بھی پیچھے رہ گئے تھے اور اس میں موجود نہ تھے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ (عثمان بن موہب) کہتے تھے: اس پر اس نے اللہ اکبر کہا (اور چلایا۔ حضرت عبداللہ) بن عمرؓ نے کہا: ادھر آؤ میں تمہیں بتاؤں اور جن باتوں کی نسبت تم نے مجھ سے پوچھا ہے انہیں اچھی طرح بیان کردوں۔ جنگ اُحد کے دن جو اُن کا بھاگنا ہے تو میں شہادت دیتا ہوں کہ اللہ نے ان سے درگذر کردیا ہے اور جنگ بدر سے جو اُن کی غیر حاضری تھی وہ اس لئے تھی کہ رسول اللہ ﷺ کی بیٹی ان کی بیوی تھیں اور وہ بیمار تھیں، نبی ﷺ نے اُن سے فرمایا تھا: تمہیں جنگ بدر میں شریک ہونے والے کا ہی اَجر اور حصہ ملے گا اور بیعت رضوان میں جو اُن کی غیر حاضری تھی تو اگر وادئ مکہ میں اور کوئی حضرت عثمان بن عفانؓ سے بڑھ کر معزز ہوتا تو آپؐ (مشرکوں کو سمجھانے کیلئے) اُسی کو اُن کی جگہ بھیجتے مگر آپؐ نے حضرت عثمانؓ ہی کو بھیجا اور بیعت رضوان اس وقت ہوئی، جب حضرت عثمانؓ مکہ جاچکے تھے، تو نبی ﷺ نے اپنا دایاں ہاتھ اپنے بائیں ہاتھ پر رکھ کر فرمایا: یہ عثمانؓ کا ہاتھ ہے۔ جاؤ اَب یہ باتیں اپنے ساتھ لے جاؤ۔
(تشریح)عمرو بن خالد نے مجھ سے بیان کیا کہ زُہَیر (بن معاویہ) نے ہمیں بتایا کہ ابواسحاق نے ہم سے بیان کیا ، انہوں نے کہا: میں نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے سنا، کہتے تھے: نبی ﷺ نے جنگ اُحد کے دن پیادہ فوج پر حضرت عبداللہ بن جبیرؓ کو مقرر فرمایا اور پیادہ سپاہی شکست کھا کر بھاگنے لگے۔ یہ وہ واقعہ ہے (جس کے متعلق قرآنِ مجید میں ہے) کہ جب رسول ان کو اُن کے پیچھے سے بلا رہا تھا۔
(تشریح)اور خلیفہ (بن خیاط) نے مجھ سے کہا کہ یزید بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا کہ سعید (بن ابی عروبہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ سے، حضرت انسؓ نے حضرت ابوطلحہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں بھی ان لوگوں میں تھا جن پر جنگ اُحد کے دن نیند طاری ہوئی تھی یہاں تک کہ میرے ہاتھ سے کئی بار تلوار گر پڑی۔ وہ گر جاتی میں اس کو لے لیتا۔ پھر گر جاتی پھر لے لیتا۔
(تشریح)