بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 33 hadith
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے سمی سے جو ابوبکر بن عبدالرحمن کے آزاد کردہ غلام تھے۔ انہوں نے ابوصالح سمان سے، سمان نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ایک عمرہ دوسرے عمرہ تک کفارہ ہے، ان کوتاہیوں کا جو اِن دونوں کے درمیان ہو گئی ہوں اور مقبول حج کا بدلہ جنت ہی ہے۔
(تشریح)احمد بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ ابن جریج نے ہمیں بتایا کہ عکرمہ بن خالد (مخزومی) نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے حج سے قبل عمرہ کرنے کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا: کوئی قباحت نہیں۔ عکرمہ نے کہا کہ حضرت ابن عمرؓ نے بتایا: نبی ﷺ نے حج کرنے سے پہلے عمرہ کیا تھا۔ ابراہیم بن سعد نے (محمد) بن اسحاق سے نقل کیا: عکرمہ بن خالد نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت ابن عمرؓ سے میں نے پوچھا۔۔۔۔ ویسا ہی بیان کیا۔ عمرو بن علی نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعاصم نے ہمیں بتایا۔ ابن جریج نے ہمیں خبر دی کہ عکرمہ بن خالد نے کہا: میں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے پوچھا۔۔۔۔ انہوں نے بھی یہی روایت بیان کی۔
(تشریح)قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے مجاہد سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں اور عروہ بن زبیر مسجد میں داخل ہوئے تو کیا دیکھتے ہیں کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما حجرئہ عائشہؓ کے قریب بیٹھے ہیں اور کچھ لوگ مسجد میں اشراق کی نماز پڑھ رہے ہیں۔ مجاہد نے کہا کہ ہم نے ان کی اس نماز کی بابت (حضرت عبداللہ بن عمرؓ) سے پوچھا۔ انہوں نے کہا: یہ بدعت ہے۔ پھر ان سے پوچھا کہ رسول اللہ ﷺ نے کتنے عمرے کئے؟ انہوں نے کہا: چار۔ ان میں سے ایک ماہِ رجب میں کیا تھا۔ تو ہم برا سمجھے کہ ان کی بات ردّ کریں۔
اور ہم نے حجرے میں حضرت عائشہ امّ المومنین (رضی اللہ عنہا) کے مسواک کرنے کی آواز سنی تو عروہ نے کہا: ام المومنین! کیا آپؓ نہیں سن رہیں جو ابو عبدالرحمنؓ کہہ رہے ہیں؟ تو انہوں نے کہا: کیا کہتے ہیں؟ عروہ نے کہا کہ وہ کہتے ہیں: رسول اللہ ﷺ نے چار عمرے کئے۔ ان میں سے ایک ماہِ رجب میں تھا۔ (حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے) کہا: اللہ ابو عبدالرحمن پر رحم کرے۔ آنحضرت ﷺ نے کوئی عمرہ نہیں کیا؛ مگر وہ اس میں موجود تھے اور آپؐ نے رجب میں قطعاً عمرہ نہیں کیا۔
ابو عاصم نے ہم سے بیان کیا کہ ابن جریج نے ہمیں خبر دی۔ کہا: عطاء نے مجھے بتایا کہ عروہ بن زبیر سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے رجب میں عمرہ نہیں کیا ہے۔
حسان بن حسان نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا۔ قتادہ سے مروی ہے کہ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے پوچھا کہ نبی ﷺ نے کتنے عمرے کئے؟ تو انہوں نے کہا: چار۔ عمرئہ حدیبیہ جو ذوالقعدہ میں کیا؛ جب مشرکوں نے آپؐ کو روکا تھا۔ وہ عمرہ دوسرے سال ذی القعدہ میں ہوا۔ جب آپؐ نے ان سے صلح کی اور عمرئہ جعرّانہ جب آپؐ نے مالِ غنیمت تقسیم کیا۔ میرا خیال ہے کہ یہ جنگ حنین کی غنیمت تھی۔ میں نے کہا: آپؐ نے کتنے حج کئے؟ کہا: ایک ہی۔
ابوالولید ہشام بن عبدالملک نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا۔ قتادہ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے پوچھا تو انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ایک عمرہ وہ کیا تھا جبکہ قریش نے آپؐ کو لوٹا دیا تھا اور ایک دوسرے سال عمرہ حدیبیہ کا اور ایک عمرہ ذی قعدہ میں اور ایک عمرہ اپنے حج کے ساتھ۔
ہبہ (بن خالد) نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا اور کہا: آپؐ نے چار عمرے ذی القعدہ میں کئے؛ سوائے اس عمرہ کے جو آپؐ نے حج کے ساتھ کیا تھا اور ایک عمرہ حدیبیہ کا اور ایک اس سے اگلے سال ہوا اور ایک جعرّانہ کا عمرہ جبکہ آپؐ نے حنین کی غنیمتیں تقسیم کیں۔ ایک عمرہ اپنے حج کے ساتھ۔
احمد بن عثمان نے ہم سے بیان کیا کہ شریح بن مسلمہ نے ہمیں بتایا کہ ابراہیم بن یوسف نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ابو اسحاق سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے مسروق، عطاء اور مجاہد سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے حج کرنے سے قبل ذی القعدہ میں عمرہ کیا اور ابو اسحاق نے کہا: میں نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے ذی القعدہ میں دو دفعہ عمرہ کیا۔ پیشتر اس کے کہ آپؐ حج کرتے۔
(تشریح)مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن قطان) نے ہمیں بتایا انہوں نے ابن جریج سے، ابن جریج نے عطاء سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ انہوں نے ہمیں خبر دی کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک انصاری عورت سے فرمایا۔ حضرت ابن عباسؓ نے اس کا نام لیا تھا مگر میں اس کا نام بھول گیا۔ ہمارے ساتھ حج کرنے سے تمہیں کس بات نے روکا؟ تو اس نے کہا: ہمارا ایک پانی لادنے والا اونٹ تھا۔ اس پر فلاں کا باپ اور اس کا بیٹا جو اس کے خاوند سے ہے اور میرا بیٹا سوار ہو کر چلے گئے اور ایک ہی لادو اونٹ چھوڑ گئے۔ جس پر ہم پانی لادتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: جب رمضان کا مہینہ ہو تو اس میں عمرہ کرو۔ کیونکہ رمضان میں عمرہ حج ہے۔ یا کچھ ایسی ہی بات آپؐ نے فرمائی۔
(تشریح)