بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 182 hadith
مکی بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن سعید نے جو کہ ابوہند کے بیٹے ہیں ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی وہ کہتے تھے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: دو نعمتیں ایسی ہیں کہ جن میں بہت سے لوگ گھاٹا کھا رہے ہیں۔ صحت اور فراغت۔ اور عباس (بن عبدالعظیم) عنبری نے کہا: ہمیں صفوان بن عیسیٰ نے عبداللہ بن سعید بن ابی ہند سے، عبداللہ نے اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے حضرت ابن عباسؓ سے سنا انہوں نے نبی ﷺ سے ایسی ہی حدیث روایت کی۔
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے معاویہ بن قرہ سے، معاویہ نے حضرت انسؓ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی آپؐ نے فرمایا: اے اللہ! آخرت کی زندگی کے سوا کوئی زندگی نہیں پس انصار اور مہاجرین کی حالت کی اصلاح فرما۔
احمد بن مقدام نے مجھ سے بیان کیا کہ فضیل بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ ابو حازم نے ہم سے بیان کیا۔ حضرت سہل بن سعد ساعدیؓ نے ہمیں بتایا اُنہوں نے کہا کہ ہم خندق میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ تھے اور آپؐ مٹی کھود رہے تھے اور ہم مٹی ڈھو رہے تھے آپؐ ہمارے پاس سے گزرتے اور فرماتے اے اللہ ! آخرت کی زندگی کے سوا کوئی زندگی نہیں۔ انصار اور مہاجرین کو بخش دے۔ اس روایت کی متابعت حضرت سہل بن سعدؓ نے بھی نبی ﷺ کے حوالے سے کی۔
(تشریح)عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن ابی حازم نے ہمیں بتایا انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت سہل (بن سعد ساعدیؓ) سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے تھے: جنت میں کَوڑا رکھنے کی جگہ دنیا و مافیہا سے بہتر ہے اور اللہ کی راہ میں صبح کو نکلنا یا شام کو نکلنا دنیا و ما فیہا سے بہتر ہے۔
(تشریح)علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن عبدالرحمٰن ابو منذر طفاوی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سلیمان اعمش سے، اعمش نے کہا مجاہد نے مجھے بتایا، اُنہوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے میرے کندھے کو پکڑا اور فرمایا تُو دنیا میں اس طرح بسر کر گویا کہ تُو پردیسی ہے یا راہ چلتا مسافر اور حضرت ابن عمرؓ کہا کرتے تھے جب تمہیں شام ہو تو صبح کا انتظار نہ کرو اور جب صبح ہو تو شام کا انتظار نہ کرو اور اپنی صحت سے اپنی بیماری کے لئے اور اپنی زندگی سے اپنی موت کے لئے کچھ (سامان) لے لو۔
(تشریح)صدقہ بن فضل نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن سعید (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے، انہوں نے کہا میرے باپ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے منذر سے، منذر نے ربیع بن خثیم سے، ربیع نے حضرت عبداللہ (بن مسعود)ؓ سے روایت کی انہوں نے کہا: نبیﷺ نے ایک مربع شکل بنائی اور ایک لکیر اس کے درمیان میں کھینچی جو اس مربع سے باہر نکلی ہوئی تھی اور آپؐ نے اس درمیانی لکیر پر اس کے اس حصے کی طرف جو مربع کے درمیان ہے کچھ لکیریں کھینچیں اور فرمایا: یہ انسان ہے اور یہ اس کی اجل ہے جو اسے چاروں طرف سے گھیرے ہوئے ہے یا (فرمایا:) جس نے اس کو چاروں طرف سے گھیر لیا ہے اور یہ جو باہر ہے یہ اس کی آرزو ہے اور یہ جو چھوٹی چھوٹی لکیریں ہیں یہ حادثات ہیں۔ اگر اس حادثہ سے بچ نکلا تو یہ حادثہ اس کو دانتوں سے پکڑ لے گا اگر اُس سے بچ نکلا تو یہ پکڑ لے گا۔
مسلم (بن ابراہیم) نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام (بن یحيٰ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے۔ اسحاق نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے کچھ لکیریں کھینچیں۔ پھر فرمایا: یہ آرزوئیں ہیں اور یہ اس کی اجل ہے اسی اثناء میں کہ وہ آرزوئیں رکھے ہوئے ہوتا ہے کہ اتنے میں نہایت ہی قریب کی لکیر آپہنچی ہے۔
(تشریح)عبدالسلام بن مُطہّر نے ہم سے بیان کیا کہ عمر بن علی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معن بن محمد غفاری سے، معن نے سعید بن ابی سعید مقبری سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ نے اس آدمی کے لئے کوئی عذر نہیں چھوڑا جس کو اس کی عمر میں اتنی مہلت دی کہ اس کو ساٹھ سال تک پہنچا دیا۔ (معن کی طرح) ابوحازم اور (محمد) بن عجلان نے بھی مقبری سے اس حدیث کو روایت کیا۔
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابوصفوان عبداللہ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ یونس نے ہمیں خبر دی۔ یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے کہا مجھے سعید بن مسیب نے بتایا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے تھے: دو باتوں کے متعلق بوڑھے کا دل جوان ہی رہتا ہے۔ دنیا کی محبت اور طول امل۔ (لمبی آرزوئیں) لیث نے یونس (بن یزید) سے روایت کرتے ہوئے بیان کیا اور ابن وہب نے بھی یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے نقل کیا۔ اُنہوں نے کہا: مجھے سعید اور ابوسلمہ نے بتایا۔
مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (دستوائی) نے ہمیں بتایا۔ قتادہ نے ہم سے بیان کیا ، قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی انہوں نے کہا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ابن آدم بوڑھا ہو جاتا ہے اور اس کے ساتھ دو باتیں بھی زیادہ ہو جاتی ہیں۔ مال کی محبت اور درازیٔ عمر کی خواہش۔ اس کو شعبہ نے بھی قتادہ سے روایت کیا۔
(تشریح)