بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 117 hadith
مسدد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: یحيٰ (قطان) نے مجھے بتایا۔ شعبہ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: قتادہ نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: بغیر سحری کھانے کے مسلسل روزے نہ رکھو۔ صحابہؓ نے کہا: آپؐ تو وصال کے روزے خود رکھتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں تم میں سے کسی کی طرح نہیں ہوں۔ مجھے تو کھلایا جاتا ہے اور پلایا جاتا ہے۔ یا (فرمایا:) میں تو رات ایسی حالت میں گذارتا ہوں کہ مجھے کھلایا بھی جاتا ہے اور پلایا بھی۔
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے وصال کے روزے سے منع فرمایا۔ صحابہ نے کہا: آپؐ تو خود وصال کا روزہ رکھتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں تمہاری طرح نہیں ہوں۔ مجھے تو کھلایا بھی جاتا ہے اور پلایا بھی جاتا ہے۔
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا کہ (یزید) بن ہاد نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے عبداللہ بن خباب سے، عبداللہ نے حضرت ابوسعید (خدری) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے نبی ﷺ کو فرماتے سنا کہ وصال کے روزے نہ رکھو۔ تم میں سے جو چاہے سحری تک ہی وصال کرے۔ صحابہؓ نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ تو وصال کے روزے رکھتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میری حالت تمہاری حالت جیسی نہیں۔ میں تو رات ایسی حالت میں گذارتا ہوں کہ میرے لئے ایک کھلانے والا ہوتا ہے جو مجھے کھلاتا ہے اور ایک پلانے والا جو مجھے پلاتا ہے۔
عثمان بن ابی شیبہ اور محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا۔ اُن دونوں نے کہا: عبدہ نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے وصال سے منع فرمایا ہے، اُن پر نرمی کرنے کی غرض سے۔ صحابہؓ نے کہا: آپؐ تو وصال کے روزے رکھتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: تمہاری حالت میری حالت جیسی نہیں۔ مجھے تو میرا ربّ کھلاتا ہے اور پلاتا ہے۔ ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: عثمان نے رَحْمَۃً لَّھُمْ کے الفاظ کا ذکر نہیں کیا۔
(تشریح)ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی۔ زہری سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: ابوسلمہ بن عبدالرحمن نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ رسول اللہﷺ نے وصال کے روزے سے منع فرمایا تو مسلمانوں میں سے ایک شخص نے آپؐ کو کہا: یا رسول اللہ! آپؐ تو وصال کے روزے رکھتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میری مانند تم میں سے کون ہے؟ میں رات ایسی حالت میں گذارتا ہوں کہ میرا ربّ مجھے کھلاتا ہے اور پلاتا ہے۔ جب وہ وصال کے روزے رکھنے سے باز نہ آئے تو آپؐ نے اُن کے ساتھ ایک دِن وصال کا روزہ رکھا۔ پھر ایک دِن اور وصال کیا۔ پھر لوگوں نے عید کا چاند دیکھا تو آپؐ نے فرمایا: اگر چاند نکلنے میں تاخیر ہوتی تو میں اِس سے زیادہ وصال کرتا، گویا اُن کو عبرت دِلانے کے لیے جب وہ باز نہ آئے۔
یحيٰ (بن موسیٰ) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، انہوں نے ہمام سے روایت کی۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا کہ نبی ﷺ سے مروی ہے۔ آپؐ نے دو دفعہ فرمایا: وصال کے روزوں سے بچو۔ (آپؐ سے) کہا گیا: آپؐ تو وصال کے روزے رکھتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں ایسی حالت میں رات گذارتا ہوں کہ میرا ربّ مجھے کھلاتا ہے اور پلاتا ہے۔ سو تم اعمال میں اتنی ہی تکلیف اُٹھائو جتنی طاقت رکھتے ہو۔
(تشریح)ابراہیم بن حمزہ نے ہم سے بیان کیا کہ (عبدالعزیز) بن ابی حازم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے یزید (بن ہاد) سے، یزید نے عبداللہ بن خباب سے، عبداللہ نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے سنا: وصال کے روزے نہ رکھو۔ تم میں سے جو چاہے کہ اپنے روزے کو دوسرے روزے سے ملائے تو چاہیے کہ وہ افطار کے بعد سحری تک کچھ نہ کھائے۔ صحابہ نے کہا: یارسول اللہ! آپؐ تو وصال کے روزے رکھتے ہیں۔ فرمایا: میری حالت تمہاری طرح نہیں ہے۔ میں ایسی حالت میں رات گذارتا ہوں کہ میرے لئے ایک کھلانے والا ہوتا ہے جو مجھے کھلاتا ہے اور ایک ساقی ہوتا ہے جو مجھے پلاتا ہے۔
(تشریح)محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ جعفر بن عون نے ہمیں بتایا۔ ابوالعمیس (عتبہ بن عبداللہ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عون بن ابی جُحَیفہ سے، عون نے اپنے باپ (وہب بن عبداللہ سوائی) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے حضرت سلمانؓ اور حضرت ابودردائؓ کو آپس میں بھائی بھائی بنایا۔ حضرت سلمانؓ حضرت ابودردائؓ سے ملنے گئے تو انہوں نے حضرت امّ دردائؓ کو دیکھا کہ انہوں نے میلے کچیلے کپڑے پہنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اُن سے پوچھا: تمہارا یہ کیا حال ہے؟ وہ کہنے لگیں: تمہارے بھائی ابودردائؓ کو دنیا میں کوئی حاجت نہیں۔ اِتنے میں حضرت ابودردائؓ آئے تو انہوں نے حضرت سلمانؓ کے لئے کھانا تیار کیا اور اُن سے کہا: آپؓ کھائیں (اور) کہا: میں تو روزہ دار ہوں۔ حضرت سلمانؓ نے کہا: میں اس وقت تک ہرگز نہ کھاؤں گا جب تک آپؓ نہ کھائیں۔ (وہب نے) کہا: حضرت ابودردائؓ نے کھانا کھایا اور جب رات ہوئی تو حضرت ابودردائؓ کھڑے ہو کر نماز پڑھنے لگے۔ (حضرت سلمانؓ نے) کہا: سوئیں۔ تو وہ سو گئے۔ پھر نماز کے لئے اُٹھنے لگے تو انہوں نے کہا: ابھی سوئیں۔ جب رات کا آخری حصہ ہوا تو حضرت سلمانؓ نے کہا: اب اُٹھیں اور دونوں نے نماز پڑھی اور حضرت سلمانؓ نے اُن سے کہا: تیرے ربّ کا بھی تجھ پر حق ہے اور تیرے نفس کا بھی اور تیری بیوی کا بھی تجھ پر حق ہے۔ اس لئے ہر حق والے کو اُس کا حق دے۔ حضرت ابودردائؓ نبی ﷺ کے پاس آئے اور آپؐ سے اس بات کا ذکر کیا تو نبی ﷺ نے اُن سے فرمایا: سلمانؓ نے سچ کہا ہے۔
(تشریح)عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، (کہا) کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابونضر سے، ابونضر نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ روزے رکھتے تھے تو ہم سمجھتے کہ آپؐ ختم ہی نہ کریں گے اور روزہ چھوڑتے تو ہم سمجھتے کہ اب آپؐ روزہ نہیں رکھیں گے اور میں نے رسول اللہ ﷺ کو نہیں دیکھا کہ آپؐ نے مہینہ بھر روزے رکھے ہوں سوائے رمضان کے۔ اور میں نے آپؐ کو نہیں دیکھا کہ شعبان سے زیادہ کسی اور مہینے میں روزے رکھے ہوں۔
معاذ بن فضالہ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ سے، یحيٰ نے ابوسلمہ سے روایت کی کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے اُن سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ شعبان سے زیادہ کسی مہینے میں روزے نہیں رکھتے تھے۔ آپؐ شعبان کا سارا مہینہ روزے رکھتے اور فرمایا کرتے تھے: اُتنا ہی عمل کرو جتنی تم طاقت رکھتے ہو کیونکہ اللہ تعالیٰ تو نہیں اُکتاتا۔ تم ہی اُکتا جاؤ گے۔ اور نبی ﷺ کو سب سے پیاری نماز وہ تھی جو ہمیشہ پڑھی جائے اگر چہ وہ تھوڑی ہی ہو، اور جب آپؐ کوئی (نفل) نماز پڑھتے تو آپؐ اُسے ہمیشہ ہی پڑھا کرتے۔
(تشریح)