بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 25 hadith
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے وہب بن کیسان سے، وہب نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے سمندر کے کنارے کی طرف ایک لشکر بھیجا اور ان پر حضرت ابوعبیدہ بن جراحؓ کو امیر مقرر کیا اور وہ کل تین سو تھے اور میں بھی ان میں تھا۔ ہم چل پڑے۔ یہاں تک کہ ہم راستے ہی میں تھے کہ زادِراہ ختم ہو گیا۔ حضرت ابوعبیدہؓ نے حکم دیا کہ لشکریوں کے توشے جمع کئے جائیں۔ چنانچہ سب جمع کئے گئے اور وہ دو تھیلے کھجوروں کے ہوئے اور ہمیں ہر روز تھوڑا تھوڑا کھانے کے لئے دیتے۔ حتیٰ کہ وہ بھی ختم ہوگیا۔ تب ہمیں صرف ایک ایک کھجور ہی ملتی رہی۔ (وہب کہتے تھے:) میں نے (حضرت جابرؓ سے) پوچھا: ایک کھجور بھوک کو کیا دُور کرسکتی ہے؟ تو انہوں نے کہا: جب وہ بھی نہ رہی تو ہمیں اس کی قدر ہوئی۔ (حضرت جابرؓ) کہتے تھے: اس کے بعد ہم سمندر پر پہنچے تو کیا دیکھتے ہیں کہ پہاڑی کی طرح ایک مچھلی ہے۔ تو لشکر نے اس سے اٹھارہ دن تک کھایا۔ پھر حضرت ابوعبیدہؓ نے فرمایا: اس کی پسلیوں میں سے دو پسلیاں کھڑی کی جائیں اور وہ کھڑی کی گئیں۔ پھر فرمایا: ایک اُونٹنی گزاری جائے۔ اس پر کجاوا رکھا گیا اور وہ ان کے نیچے سے آسانی سے گزر گئی۔ اس نے انہیں چھوا تک نہیں۔
بشر بن مرحوم نے ہم سے بیان کیا کہ حاتم بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یزید بن ابی عبید سے، انہوں نے حضرت سلمہ (بن اکوع) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: لوگوں کے توشے (غزوہ ہوازن میں) کم ہوگئے اور ان کے پاس کچھ نہ رہا۔ تب وہ نبی ﷺ کے پاس آئے کہ اپنے اُونٹ ذبح کرنے کی اجازت لیں۔ آپؐ نے ان کو اجازت دی۔ پھر حضرت عمرؓ ان سے ملے اور ان سے انہوں نے اپنا حال بیان کیا۔ تو حضرت عمرؓ نے کہا: اپنے اُونٹوں کے بعد تم کیسے جیو گے؟ یہ کہہ کر وہ نبی ﷺ کی خدمت میں آئے اور عرض کیا: یا رسول اللہ! وہ اپنے اُونٹ کھا لینے کے بعد کیسے جئیں گے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: لوگوں میں منادی کرو کہ وہ اپنے اپنے بچے ہوئے توشے لے کر آ جائیں اور اس کے لئے ایک چمڑے کا دسترخوان بچھایا گیا اور انہوں نے اپنا اپنا توشہ دسترخوان پر رکھ دیا۔ رسول اللہ ﷺ کھڑے ہوئے اور آپؐ نے دعا کی اور اس کے لئے برکت چاہی۔ پھر ان سے کہا کہ اپنے تھیلے لے آؤ اور لوگوں نے لپ بھر بھر کر توشہ لینا شروع کیا۔ یہاں تک کہ انہوں نے اپنی ضرورت کے موافق لے لیا۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور میں اللہ کا رسول ہوں۔
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ اوزاعی نے ہمیں بتایا۔ ابو نجاشی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت رافع بن خدیج رضی اللہ عنہ سے سنا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نبی ﷺ کے ساتھ عصر کی نماز پڑھتے اور پھر اُونٹ ذبح کرتے اور وہ دس حصوں میں تقسیم کیا جاتا اور ہم سورج غروب ہونے سے پہلے پکا ہوا گوشت کھاتے۔
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا، (کہا) کہ حماد بن اسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے برید سے، برید نے ابوبردہ سے، ابوبردہ نے حضرت ابوموسٰیؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا کہ اشعری قبیلہ کے لوگ جب لڑائی میں محتاج ہو جاتے یا مدینہ میں اُن کے بال بچوں کی خوراک کم ہو جاتی تو جو کچھ زاد اُن کے پاس ہوتا ایک ہی کپڑے میں اکٹھا کر لیتے۔ پھر وہ آپس میں ایک برتن سے اسے برابر برابر تقسیم کر لیتے ہیں۔ وہ میرے ہیں اور میں ان کا ہوں۔
(تشریح)محمد بن عبداللہ بن مثنّٰی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا۔ (کہتے تھے:) ثمامہ بن عبداللہ بن انس نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت انسؓ نے اُن کو بتایا۔ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے انہیں وہ فریضۂ صدقہ لکھ کر دیا جو رسول اللہ ﷺ نے مقرر کیا تھا۔ آپؐ نے فرمایا: جو مال دو شریکوں کا ہو، وہ آپس میں مساوی طور پر صدقے کا حساب کر لیں۔
(تشریح)علی بن حکم انصاری نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید بن مسروق سے، سعید نے عبایہ بن رفاعہ بن رافع بن خدیج سے، عبایہ نے اپنے دادا (حضرت رافعؓ) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے ساتھ ذوالحلیفہ میں تھے۔ وہاں لوگوں کو بھوک لگی اور انہوں نے (غنیمت میں) کچھ اُونٹ اور بکریاں پائیں۔ کہتے تھے: اس وقت نبی ﷺ اخیر کے لوگوں میں تھے۔ لوگوں نے جلدی میں جانوروں کو ذبح کر لیا اور ہانڈیاں رکھ دیں۔ تو نبی ﷺ نے ہانڈیوں کی نسبت فرمایا تو وہ اُنڈیل دی گئیں۔ پھر آپؐ نے تقسیم کیں اور دس بکریوں کو ایک اُونٹ کے برابر رکھا۔ ان میں سے ایک اُونٹ بھاگ نکلا۔ لوگوں نے اس کا پیچھا کیا۔ اُس نے اُن کو تھکا دیا اور اس وقت لشکر میں گھوڑے کم تھے۔ اُن میں سے ایک شخص نے آگے بڑھ کر تیر مارا۔ تو اللہ نے اس کو وہیں ٹھہرا دیا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: دیکھو! چوپایوں میں ایسے بھی جانور ہوتے ہیں جو سدھائے نہیں جاسکتے۔ وحشی جانوروں کی طرح ہوتے ہیں۔ اس لئے ان میں سے جو تمہیں تکلیف میں ڈال دیں تو تم ان سے اسی طرح برتائو کرو۔ میرے دادا نے عرض کیا۔ ہمیں امید ہے یا (کہا:) اندیشہ ہے کہ کل دشمن سے مٹھ بھیڑ ہوگی اور چھریاں ہمارے پاس نہیں۔ تو کیا ہم بانس کی کھپاج سے کاٹ ڈالیں؟ آپؐ نے فرمایا: جو چیز خون بہا دے۔ اور جانور پر اللہ کا نام لیا جائے اُسے کھالو۔ دانت اور ناخن سے ذبح نہ کرنا۔ میں تم سے اس کی وجہ بیان کرتا ہوں۔ دانت جو ہے تو وہ ہڈی ہے اور ناخن حبشیوں کی چھریاں ہیں۔
(تشریح)خلّاد بن یحیی نے ہمیں بتایا کہ سفیان نے ہم سے بیان کیا کہ جبلہ بن سُحَیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ کہتے تھے: نبی ﷺ نے منع فرمایا ہے کہ آدمی دو دو کھجوریں ملا کر کھائے جب تک کہ وہ اپنے ساتھیوں سے اجازت نہ لے لے۔
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے جبلہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم مدینہ میں تھے اور ہم پر قحط پڑ گیا۔ تو حضرت (عبداللہ) بن زبیرؓ ہمیں کھانے کے لئے کھجوریں دیا کرتے تھے اور حضرت (عبداللہ) ابن عمرؓ ہمارے پاس سے گزرے اور کہنے لگے: دو دو کھجوریں ملا کر مت کھائو کیونکہ نبی ﷺ نے ایک دفعہ میں دو دو کھجوریں ملا کر کھانے سے منع فرمایا ہے مگر یہ کہ تم میں سے کوئی آدمی اپنے بھائی سے اجازت لے لے۔
(تشریح)عمران بن میسرہ (ابوالحسن بصری) نے ہمیں بتایا۔ عبدالوارث (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ ایوب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص کسی غلام میں اپنا تھوڑا سا حصہ یا (فرمایا:) اپنی شراکت یا فرمایا: اپنا حصہ (چھوڑ کر اُسے) آزاد کر دے اور اس کے پاس اتنا مال ہو جو منصفانہ قیمت کے لحاظ سے اس غلام کی ساری قیمت کے برابر ہو تو وہ پورا آزاد ہوگا۔ اگر اتنا مال نہ ہو تو وہ غلام اس قدر آزاد تو بہر حال ہو چکا جتنا اس نے آزاد کردیا ہے۔ (ایوب نے) کہا: میں نہیں جانتا کہ حدیث کا یہ فقرہ ’’وہ غلام اس قدر آزاد تو بہر حال ہو چکا جتنا اس نے آزاد کردیا ہے‘‘ نافع کا قول ہے یا نبی ﷺ کی حدیث میں ہی ایسا ہے۔
بشر بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ سعید بن ابی عروبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے نضر بن انس سے، نضر نے بشیر بن نہیک سے، بشیر نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جو شخص اپنے مشترکہ غلام سے اپنا حصہ آزاد کردے تو اُس کے ذمہ ہے کہ وہ اپنے مال سے اسے پورے طور پر آزاد کرائے۔ اگر اس کے پاس مال نہ ہو تو اس غلام کی منصفانہ قیمت لگائی جائے۔ پھر اس سے محنت مزدوری کروائی جائے لیکن ایسی نہ ہو جس کا وہ متحمل نہ ہوسکے۔ پھر وہ اس مزدوری سے اپنی باقی قیمت ادا کردے اور آزاد ہوجائے۔
(تشریح)