بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 171 hadith
حضرت عبد اللہ بن عمر و بن عاصؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا اللہ کی راہ میں قتل ہوناہر بات کو مٹا دیتا ہے سوائے قرض کے۔
مسروق سے روایت ہے وہ کہتے ہیں ہم نے حضرت عبد اللہؓ سے اس آیت کے بارہ میں وَلَا تَحْسَبَنَّ الَّذِیْنَ قُتِلُوا فِی سَبیلِ اللّٰہِ اَمْوَاتًا بَلْ اَحْیآئٌ عِنْدَ رَبِّھِمْ یُرْزَقُونَ: اور جو لوگ اللہ کی راہ میں قتل کئے گئے ان کو ہر گز مردے گمان نہ کر بلکہ وہ تو زندہ ہیں اور انہیں اپنے رب کے ہاں رزق عطا کیا جارہا ہے٭ انہوں نے کہا سنو!ہم نے اس بارہ میں پوچھاتھا توآپؐ نے فرمایا ان کی روحیں سبز پرندوں کے اندر ہوں گی ان کے لئے قندیلیں عرش سے لٹکی ہوں گی۔ وہ جنت میں جہاں سے چاہیں گی کھائیں گی۔ پھر وہ ان قندیلوں کی طرف لوٹیں گی ان کا رب ان کی طرف جھانک کر دیکھے گااور فرمائے گا کیا تمہیں کسی چیز کی خواہش ہے؟ وہ کہیں گی ہمیں اور کیا چاہیے؟ ہم تو جنت میں جہاں سے چاہتے ہیں کھاتے ہیں۔ وہ ان سے تین مرتبہ فرمائے گا جب وہ دیکھیں گے کہ ان کو سوال سے چھٹکارا نہیں تووہ کہیں گے۔ اے رب ہم چاہتے ہیں کہ ہماری روحیں ہمارے بدنوں میں لوٹا دے تاکہ ہم تیری راہ میں ایک بارپھر قتل ہوں پس جب اس نے دیکھا کہ انہیں کسی چیز کی ضرورت نہیں تو انہیں چھوڑ دیا گیا۔
حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت ہے کہ ایک شخص نبیﷺ کے پاس آیا اور عرض کیالوگوں میں کون افضل ہے؟آپؐ نے فرمایا وہ شخص جو اللہ کی راہ میں اپنے مال اور اپنی جان سے جہاد کرتا ہے۔ اس نے عرض کیا پھر کو ن؟ آپؐ نے فرمایا وہ مومن جو گھاٹیوں میں سے کسی گھاٹی میں اپنے رب کی عبادت کرتا ہے اور لوگوں کو اپنے شر سے بچاتاہے۔
حضرت ابو سعیدؓ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ !لوگوں میں سے کون افضل ہے؟آپؐ نے فرمایا وہ مومن جو اللہ کی راہ میں اپنی جان اور اپنے مال سے جہاد کرتا ہے۔ اس نے عرض کیا پھر کو ن؟ آپؐ نے فرمایا وہ شخص جو گھاٹیوں میں سے کسی گھاٹی میں علیحدہ ہوکر اپنے رب کی عبادت کرتا ہے اور لوگوں کو اپنے شر سے بچاتاہے۔ایک اور روایت میں (ثُمَّ رَجُلٌ مُعْتَزِلٌ فِیْ شِعْبٍ مِنَ الشِّعَابِ کی بجائے) وَرَجُلٌ فِیْ شِعَبٍ کے الفاظ ہیں اور ثُمَّ رَجُلٌ کے الفاظ نہیں ہیں۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایاکہ لوگوں میں سے بہترین زندگی اس شخص کی ہے جو اپنے گھوڑے کی لگام تھا مے اس کی پیٹھ پر بیٹھے اللہ کی راہ میں اُڑا جاتا ہے۔ جب بھی وہ شور یا خوف کی آوازسنتا ہے تو(ا س گھوڑے) پر قتل ہونے اور مرنے کی جگہ کی طلب میں اڑ کر جاتا ہے۔ یا وہ شخص جو اپنی بکریوں کے ساتھ کسی پہاڑ کی چوٹی پر یا ان وادیوں میں سے کسی وادی میں ہوتا ہے۔ وہ نماز قائم کرتاہے اور زکوٰۃ دیتا ہے اور اپنے رب کی عبادت کرتا ہے یہانتک کہ اسے موت آجاتی ہے اسے لوگوں کے ساتھ سوائے خیر کے کوئی غرض نہیں۔ ایک اور روایت میں (فِیْ رَأْسِ شَعَفَۃٍ مِنْ ہَذِہِ الشَّعَفِ کی بجائے) فِیْ شِعْبٍ مِنَ الشِّعَابِ کے الفاظ ہیں۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا اللہ تعالیٰ ان دو اشخاص پرخوش ہوتا ہے جن میں سے ایک دوسرے کو قتل کر دیتا ہے اور وہ دونوں جنت میں داخل ہوجاتے ہیں۔ اس پر لوگوں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! وہ کیسے؟آپؐ نے فرمایا ان میں سے ایک اللہ عزوجل کی راہ میں لڑتا ہے اور شہید ہوجا تا ہے۔ پھر اللہ تعالیٰ قاتل پر فضل کرتا ہے اور وہ اسلام قبول کرتا ہے اور اللہ عزوجل کی راہ میں لڑتا ہے اور شہید ہوجا تا ہے۔
ہمام بن منبہ بیان کرتے ہیں کہ یہ وہ احادیث ہیں جو حضرت ابو ہریرہؓ نے بیان کیں۔ پھر انہوں نے کچھ احادیث بیان کیں ان میں سے یہ بھی ہے کہ اللہ ان دو اشخاص پرخوش ہوتاہے جن میں سے ایک دوسرے کو قتل کر دیتا ہے اور وہ دونوں جنت میں داخل ہوجاتے ہیں۔ لوگوں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! وہ کیسے؟آپؐ نے فرمایا یہ شخص قتل ہوتا ہے اور جنت میں داخل ہوجا تا ہے۔ پھر اللہ تعالیٰ دوسرے پر رجوع برحمت ہوتا ہے۔ اور اس کی اسلام کی طرف راہنمائی کرتا ہے پھر وہ اللہ کی راہ میں لڑتا ہے اور شہید ہوجا تا ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کافر اور اس کا قاتل کبھی آگ میں اکٹھے نہیں ہوں گے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا دو شخص جہنم میں ہرگز اکٹھے نہ ہوں گے کہ جن میں سے ایک(دنیا میں ) دوسرے کو نقصان پہنچاتا ہو۔ عرض کیا گیا یارسولؐ اللہ! وہ کون ہیں؟ آپؐ نے فرمایا ایک مومن جو کسی کافر کو قتل کرتا ہے پھراپنے اعمال درست رکھتا ہے۔
حضرت ابو مسعود انصاریؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں ایک شخص اپنی اونٹنی لایا جس کو نکیل ڈالی ہوئی تھی اور کہا یہ اللہ کی راہ میں (پیش) ہے تو رسول اللہﷺ نے فرمایااس کے عوض میں قیامت کے دن تمہارے لئے سات سو اونٹنیاں ہوں گی۔ ہر ایک کو نکیل ڈالی ہوئی ہوگی۔