بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 30 hadith
حضرت عمرؓ بن خطاب بیان کرتے ہیں کہ میں نے ایک اعلیٰ درجہ کا گھوڑا خدا کی راہ میں ایک شخص کو دیا۔ اس کے مالک نے اسے ضائع کر دیا۔ مجھے خیال ہوا کہ وہ اسے کم قیمت پر فروخت کردے گا۔ اس پر میں نے رسول اللہﷺ سے اس بارہ میں پوچھا آپؐ نے فرمایا تم اسے نہ خریدو اور اپنا صدقہ واپس نہ لو۔ اپنا صدقہ واپس لینے والا کتّے کی طرح ہوتا ہے جو اپنی قے چاٹ لیتا ہے۔ ایک اور روایت میں یہ اضافہ ہے کہ تم اسے مت خریدو خواہ تمہیں وہ ایک درہم میں دے۔
حضرت ابن عباسؓ سے مروی ہے رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ اپناہبہ واپس لینے والا کتے کی طرح ہے جوقے کرتا ہے پھر اپنی قے واپس لیتا ہے۔
حضرت عمرؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے خدا کی راہ میں سواری کے لئے گھوڑا دیا۔ انہوں نے اس گھوڑے کو اس مالک کے پاس اس حال میں پایا کہ اس نے اسے ضائع کردیا تھا۔ وہ شخص غریب تھا۔ انہوں (حضرت عمرؓ )نے اسے خریدنے کا ارادہ کیا اور رسول اللہﷺ کے پا س حاضر ہو ئے اور اس کا ذکر کیا۔ آپﷺ نے فرمایا اسے نہ خریدو خواہ تمہیں ایک درہم میں ہی کیوں نہ دیا جائے کیونکہ اپنا صدقہ واپس لینے والے کی مثال اس کتے کی طرح ہے جو اپنی قے واپس چاٹتا ہے۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ حضرت عمرؓ بن خطاب نے اللہ کی راہ میں کسی کو گھوڑا دیا پھر اسے دیکھا کہ وہ بیچا جا رہاہے۔ انہوں نے اسے خریدنے کا ارادہ کیاتو رسول اللہﷺ سے اس بارہ میں پوچھا آپؐ نے فرمایا اسے نہ خریدنا اور اپنا صدقہ واپس نہ لینا۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ حضرت عمرؓ نے اللہ کی راہ میں ایک گھوڑا سواری کے لئے دیاپھر اسے فروخت ہوتے دیکھا اور اسے خریدنا چاہا اور نبیﷺ سے اس بارہ میں پوچھا تو رسول اللہﷺ نے فرمایا اے عمر ! اپنا صدقہ واپس نہ لینا۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا اس شخص کی مثال جو اپنا صدقہ واپس لیتا ہے اس کتے کی طرح ہے جو قے کرتا ہے پھر اپنی قے کی طرف لوٹتا ہے اور اسے کھا لیتا ہے۔
حضرت ابن عباسؓ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہﷺ کو فرماتے ہوئے سنا اس شخص کی حالت جو صدقہ کرتا ہے پھر اپنا صدقہ واپس لے لیتا ہے کتے کی طرح ہے جو قے کرتا ہے پھر اپنی قے کھا لیتا ہے۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا اپناہبہ واپس لینے والا اپنی قے واپس لینے والے کی طرح ہے۔
حضرت نعمان بن بشیرؓ سے روایت ہے کہ ان کے والد انہیں رسول اللہﷺ کے پاس لائے اور عرض کیا کہ میں نے اپنے اس بیٹے کو اپنا ایک غلام دیا ہے۔ اس پر رسول اللہﷺ نے فرمایا کیا تم نے اپنے سارے بیٹوں کو اسی طرح دیا ہے؟ انہوں نے کہا نہیں۔ اس پر رسول اللہﷺ نے فرمایا پھر اسے واپس لے لو۔
حضرت نعمان بن بشیرؓ سے روایت ہے کہ میرے والد مجھے رسول اللہﷺ کے پاس لے گئے اور عرض کیا کہ میں نے اپنے اس لڑکے کو ایک غلام بطور عطیہ دیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا کیا تم نے اپنے ہر بیٹے کو دیا ہے؟ انہوں نے کہا نہیں توآپﷺ نے فرمایا پھر اسے واپس لے لو۔