بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 319 hadith
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایاتمہارے پاس اہلِ یمن آئے ہیں، وہ دل کے بڑے نرم ہیں اور رقیق القلب ہیں۔ ایمان تو یمنی ہے اور حکمت بھی یمنی ہے اور کفر کی چوٹی مشرق کی جانب ہے۔ اعمش سے اسی سند سے جریر والی حدیث مروی ہے۔ مگر اس میں رَأسُ الْکُفْرِ قِبَلَ الْمَشْرِقِ کے الفاظ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فخر اور تکبّر اونٹ والوں میں ہے اور سکینت اور وقاربھیڑ بکری والوں میں ہے۔
حضرت جابر بن عبداللہؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایادل کی سختی اور درشتی مشرق میں ہے اور ایمان اہلِ حجاز میں ہے۔
حضرت جریرؓ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں نے رسول اللہﷺ سے نماز قائم کرنے، زکوٰۃ دینے اور ہر مسلمان کی خیر خواہی کرنے پربیعت کی۔
زیاد بن عِلاقہ سے روایت ہے۔ انہوں نے حضرت جریرؓ بن عبداللہ کو کہتے ہوئے سنا کہ میں نے ہر مسلمان کی خیر خواہی پر نبیﷺ کی بیعت کی۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایاکہ تم اس وقت تک جنت میں داخل نہیں ہو سکتے جب تک ایمان نہ لے آؤ اور تم اس وقت تک ایمان نہیں لا سکتے جب تک ایک دوسرے سے محبت نہ کرو۔ کیا میں تمہیں ایسی بات نہ بتاؤں اگر تم وہ کر لو تو آپس میں محبت کرنے لگو گے (وہ یہ ہے کہ)آپس میں سلام کو رواج دو۔ اعمش سے اسی اسناد سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے تم اس وقت تک جنت میں داخل نہیں ہو سکتے جب تک ایمان نہ لے آؤ۔ باقی روایت ابومعاویہ اور وکیع کی روایت کی طرح ہے۔
حضرت تمیم داریؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا کہ دین خیر خواہی اور خلوص(کا نام) ہے۔ ہم نے عرض کیاکس کے لئے؟آپؐ نے فرمایا اللہ کے لئے اور اس کی کتاب کے لئے اور اس کے رسولؐ کے لئے، مسلمانوں کے ا ئمّہ اور ان کے عوام کے لئے۔
حضرت ابو ہریرہؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایاکوئی زانی زنا نہیں کرتا جبکہ وہ مؤمن ہو، کوئی چورچوری نہیں کرتاجبکہ وہ مؤمن ہو، کوئی شرابی شراب نہیں پیتا جبکہ وہ مؤمن ہو۔ ابنِ شہاب کہتے ہیں کہ عبدالملک بن ابو بکر بن عبدالرحمان نے مجھے بتایا کہ ابو بکرنے انہیں یہ (باتیں ) حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کرتے ہوئے بتایا کرتے تھے اور کہتے تھے کہ حضرت ابو ہریرہؓ ان کے ساتھ یہ بھی ملا دیتے تھے اور کوئی قیمتی چیز نہیں لوٹتا جس کی وجہ سے اس کی طرف لوگ نظریں اٹھائیں اور وہ اس کو لوٹ رہا ہے اور وہ مومن ہو۔ اس جیسی ایک اور روایت میں اچکنے کا ذکر ہے لیکن صاحب عزّت کا ذکر نہیں۔ سلمہ بن عبدالرحمان کی روایت ابو بکر کی روایت کے مطابق ہے صرف نُھْبَہْ کا لفظ نہیں ہے۔ ابو بکر بن عبدالرحمان نے حضرت ابو ہریرہؓ سے یہی روایت کی ہے انہوں نے’’نُھْبَہْ‘‘کا لفظ(لوٹنے کا) ذکر کیاہے لیکن ذَاتَ شَرَفٍ (قیمتی) کا ذکر نہیں کیا۔ حضرت ابو ہریرہؓ سے دوسرے راوی زہری جیسی روایت کرتے ہیں مگر ان کی روایت میں یَرْفَعُ النَّاسُ اِلَیْہِ فِیْھَا اَبْصَارَھُمْ کے الفاظ نہیں۔ زہری کی روایت میں جو الفاظ یَرْفَعُ النَّاسُ اِلَیْہِ فِیْھَا اَبْصَارَھُمْکے ہیں وہ بعض روایتوں میں نہیں۔ ھمام کی روایت میں یہ الفاظ ہیں یَرْفَعُ اِلَیْہِ الْمُؤمِنُوْنَ اَعْیُنَھُمْ وَھُوَحِینَ یَنْتَھِبُھَامُؤمِنٌ اور انہوں نے یہ اضافہ کیا کہ تم سے کوئی خیانت نہیں کرتاجب وہ خیانت کررہا ہو اور وہ مومن ہو۔ پس بچو، بچو!
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایاکوئی زانی زنا نہیں کرتا جبکہ وہ مؤمن ہو، کوئی چور چوری نہیں کرتا جبکہ وہ مؤمن ہو، کوئی شرابی شراب نہیں پیتا جبکہ وہ مؤمن ہو توبہ اس کے بعد بھی پیش کی جاسکتی ہے٭۔ حضرت ابو ہریرہؓ مرفوع روایت کرتے ہیں کہ آپؐ نے فرمایا کوئی زانی زنا نہیں کرتا۔ پھر شعبہ کی روایت کی طرح ذکر ہے۔
حضرت عبداللہ بن عمروؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایاکہ جس میں چار خصلتیں پائی جائیں وہ پورا منافق ہے اور جس (شخص) میں ان(خصلتوں )میں سے کوئی(ایک) خصلت ہوگی اس (شخص)میں نفاق کی ایک خصلت پائی جائے گی یہانتک کہ وہ اسے چھوڑ دے۔ (وہ خصلتیں یہ ہیں )جب بات کرتا ہے جھوٹ بولتا ہے۔ جب معاہدہ کرتا ہے معاہدہ شکنی کرتا ہے جب وعدہ کرتا ہے وعدہ خلافی کرتا ہے۔ جب جھگڑتا ہے تو گالی گلوچ کرتاہے سوائے اس کے کہ سفیان کی روایت میں خُلَّۃٌ کی بجائے ’’خَصْلۃٌ‘‘ کا لفظ ہے۔