بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 19 hadith
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا کہ اگر لوگوں کو ان کے دعوٰی پردے دیا جائے تو کچھ لوگ، لوگوں کے خون اور ان کے اموال کا دعوٰی کرنے لگیں گے۔ لیکن قسم مدعا علیہ پرہے۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے قسم کے بارہ میں یہ فیصلہ فرمایا کہ وہ مدعا علیہ پر ہے۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ
حضرت امّ سلمہؓ سے روایت ہے وہ فرماتی ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا تم اپنے جھگڑے لے کر میرے پاس آتے ہو اور ممکن ہے کہ تم میں سے کوئی اپنی دلیل دینے میں دوسرے سے زیادہ زوربیان رکھتا ہواور میں جو اس سے سنوں اس کے مطابق اس کے حق میں فیصلہ کردوں۔ تو جس شخص کو میں اس کے بھائی کے حق میں سے کاٹ کرکچھ دوں وہ اسے نہ لے کیونکہ میں تواسے آگ کا ایک ٹکڑاکاٹ کر دے رہا ہوں گا۔
نبیﷺ کی زوجہ مطہرہ حضرت ام سلمہؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہﷺ نے اپنے حجرہ کے دروازہ پر جھگڑنے والوں کی آواز سنی۔ آپؐ ان کے پاس باہر گئے اور فرمایا میں تو محض ایک بشر ہوں اور میرے پاس جھگڑے والے آتے ہیں۔ اور ممکن ہے کہ ان میں سے ایک دوسرے سے زیادہ بلیغ کلام کرنے والا ہو اور میں خیال کرلوں کہ وہ سچا ہے اور میں اس کے حق میں فیصلہ کردوں پس میں جس کے لئے اس کے مسلمان بھائی کے حق کا، اس کے لئے فیصلہ کروں تو وہ تو آگ کا ایک ٹکڑا ہے۔ چاہے تو وہ اسے لے لے اور چاہے تو اسے چھوڑ دے۔ ایک اور روایت میں (اِنَّ رَسُوْلَ اللّٰہِﷺ سَمِعَ جَلَبَۃَ خَصْمٍ بِبابٍ حُجْرَتِہ کی بجائے) قالَتْ سَمِعَ النَّبِیُّﷺ لَجََبَۃَ خَصْمٍ بِبَابِ اُمِّ سَلَمَۃؓ کے الفاظ ہیں۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے وہ فرماتی ہیں ابوسفیانؓ کی بیوی ہندؓ بنت عتبہ رسول اللہﷺ کے پاس آئی اور عرض کیا یا رسولؐ اللہ !ابو سفیان ایک بخیل آدمی ہے وہ مجھے اتنا خرچ نہیں دیتا جو میرے لئے کافی ہواور میرے بیٹوں کے لئے کافی ہوسوائے اس کے کہ میں اس کے علم کے بغیراس کے مال میں سے لے لوں تو کیا اس وجہ سے مجھ پر کوئی گناہ ہوگا؟ تو رسول اللہﷺ نے فرمایا معروف کے مطابق اس کے مال سے لے لو جو تمہارے لئے کافی ہو اور تمہارے بیٹوں کے لئے کافی ہو۔
حضرت عائشہؓ سے مروی ہے انہوں نے فرمایا کہ نبیﷺ کی خدمت میں ہندؓ حاضر ہوئی اور عرض کیا یا رسولؐ اللہ! اللہ کی قسم ایک وقت تھاکہ روئے زمین پر آپؐ کے گھر والوں سے زیادہ کسی گھر والوں کے لئے میں نہیں چاہتی تھی کہ اللہ انہیں ذلیل کرے اور اب روئے زمین پر کوئی گھر والے آپؐ کے گھر والوں سے زیادہ ایسے نہیں جن کے لئے میں چاہوں کہ اللہ انہیں عزت دے۔ نبیﷺ نے فرمایا اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، اور زیادہ٭ پھر اس نے کہا یا رسولؐ اللہ! ابو سفیان ایک روک رکھنے والا شخص ہے تو کیا مجھ پر کوئی گناہ ہوگا اگر میں اس کی اجازت کے بغیر اس کے مال میں سے اس کے بچوں پر خرچ کروں؟ نبیﷺ نے فرمایا تجھ پر کوئی گناہ نہیں جوتو معروف کے مطابق ان پر خرچ کرے۔
عروہ بن زبیرؓ بیان کرتے ہیں کہ حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ ہندؓ بنت عتبہ بن ربیعہ آئی اور کہنے لگی یا رسولؐ اللہ! ایک وقت تھاکہ اللہ کی قسم روئے زمین پر کوئی گھر والے ایسے نہیں تھے جن کے لئے میں آپؐ کے گھر والوں سے بڑھ کر ذلت چاہتی تھی اور آج روئے زمین پر کوئی گھر والے ایسے نہیں جن کے لئے میں آپؐ کے گھر سے زیادہ عزت کی خواہاں ہوں اس پر رسول اللہﷺ نے فرمایا’’اور بھی زیادہ‘‘ اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے۔ پھر اس نے کہا یا رسولؐ اللہ! ابو سفیان ایک روک رکھنے والا شخص ہے تو کیا میرے لئے کوئی حرج تو نہیں اگر میں اس کی اجازت کے بغیر اس کے مال میں سے اس کے بچوں کو کھلاؤں؟ آپؐ نے اس سے فرمایا نہیں مگر معروف کے مطابق۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا اللہ تعالیٰ تمہارے لئے تین کام پسند کرتا ہے اور تمہارے لئے تین کام ناپسند کرتا ہے۔ وہ تمہارے لئے پسند کرتا ہے کہ تم اس کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ اور یہ کہ تم سب اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھو اور باہم تفرقہ نہ کرو اور وہ تمہارے لئے ناپسند کرتا ہے قیل و قال اور بہت مانگنا اور مال ضائع کرنا۔ ایک اور روایت میں یَکْرَہُ کی جگہ یَسْخَطُ کے لفظ ہیں اور اس میں لَا تَفَرَّقُوْا کا ذکر نہیں کیا۔
حضرت مغیرہؓ بن شعبہ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا اللہ بزرگ و برتر نے تم پر حرام کیا ہے ماؤں کی نافرمانی اور بیٹیوں کو زندہ گاڑنا اور دینے سے رکنا اور لینے کے لئے مانگنا۔ اور تین باتوں کو تمہارے لئے ناپسند کیا ہے۔ قیل و قال کو اور کثرت سے سوال کرنے کو اور مال ضائع کرنے کو۔ ایک روایت میں حَرَّمَ عَلَیْکُمْ رَسُوْلُ اللّٰہِﷺ کے الفاظ ہیں جب کہ اِنَّ اللّٰہِ حَرَّمَ عَلَیْکُمْ کے الفاظ نہیں ہیں۔