بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 39 hadith
حضرت جابرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا مُسِنّہ(سال سے بڑا جانور) کے علاوہ (کوئی جانور) ذبح نہ کرو، سوائے اس کے کہ تم ایسا جانور نہ پاؤ تو دنبہ میں سے جذعہ (ایک سال سے کم اور چھ ماہ سے زیادہ)ذبح کرسکتے ہو۔
حضرت انسؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں نبیﷺ نے دو چتکبر ے سینگوں والے مینڈھوں کی قربانی دی۔ آپؐ نے ان دونوں کو اپنے ہاتھ سے ذبح کیا اور بسم اللہ پڑھی اور تکبیر کہی اور اپنا پاؤں ان کے پہلوپر رکھا۔
ابو عبید سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں عید (کی نماز) میں حضرت علیؓ بن ابی طالب کے ساتھ تھا۔ آپؓ نے خطبہ سے پہلے نماز سے ابتداء کی اور فرمایا رسول اللہﷺ نے ہمیں تین دن کے بعد اپنی قربانیوں کے گوشت کھانے سے منع فرمایا تھا۔
ابو زبیر بیان کرتے ہیں کہ انہوں نے حضرت جابرؓ بن عبد اللہ سے سنا وہ کہتے ہیں نبیﷺ نے ہمیں قربانی کے دن مدینہ میں نماز پڑھائی بعض لوگوں نے جلدی سے قربانی کرلی اور انہوں نے خیال کیا کہ نبیﷺ نے قربانی کرلی ہے۔ نبیﷺ نے ارشاد فرمایا جس نے آپؐ سے پہلے قربانی کی ہے وہ دوسری قربانی کرے اور جب تک نبیﷺ قربانی نہ کرلیں وہ قربانی نہ کریں۔
حضرت عُقبہؓ بن عامرسے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے انہیں قربانی کے لئے اپنے ساتھیوں میں بکریاں تقسیم کرنے کے لئے دیں۔ ایک سال کا جانور بچ گیا۔ انہوں نے اس کاذکر رسول اللہﷺ سے کیا۔ آپؐ نے فرمایا اسے تم ذبح کر لو۔
حضرت عُقبہؓ بن عامر جہنی سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے ہمارے درمیان قربانی کے جانور تقسیم فرمائے۔ مجھے جذعہ ملا۔ میں نے کہا یا رسولؐ اللہ! مجھے جذعہ ملا ہے۔ آپؐ نے فرمایا اسے ذبح کرلو۔ ایک روایت میں (قَسَمَ رَسُولُ اللّٰہِﷺ فِیْنَا ضَحَایَا کی بجائے) أَنَّ رَسُولَ اللّٰہِﷺ قَسَمَ ضَحَایَا بَینَ اَصْحَابِہِ کے الفاظ ہیں۔
حضرت انسؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے دو چتکبر ے سینگوں والے مینڈھوں کی قربانی دی وہ کہتے ہیں میں نے آپﷺ کو ان دونوں کو اپنے ہاتھ سے ذبح کرتے ہوئے دیکھا اور میں نے یہ (بھی) دیکھا کہ آپؐ نے اپنا پاؤں ان دونوں کے پہلوؤں پر رکھا۔ وہ کہتے ہیں آپؐ نے بسم اللہ پڑھی اور تکبیر کہی۔ شعبہ بیان کرتے ہیں۔ قتادہ کہتے تھے میں نے حضرت انسؓ کو کہتے سنا رسول اللہﷺ نے قربانی دی وہ کہتے ہیں میں نے کہا کیا آپؓ نے یہ بات (خود) حضرت انسؓ سے سنی ہے؟ انہوں نے کہا ہاں۔ ایک دوسری روایت میں (قَالَ وَسَمَّی وَ کَبَّرَکی بجائے) وَیَقُولُ بِسْمِ اللَّہِ وَاللَّہُ اَکْبَرُکے الفاظ ہیں۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے رسول اللہﷺ نے ایک سینگوں والا مینڈھا جو سیاہی میں چلتا ہو اور سیاہی میں بیٹھتا ہو اور سیاہی میں دیکھتا ہو٭لانے کا ارشاد فرمایا۔ وہ آپؐ کے پاس قربانی کے لئے لایا گیا۔ آپؐ نے انہیں فرمایا اے عا ئشہؓ !چھری لاؤ پھر فرمایااسے پتھرپر تیزکرو۔ انہوں نے (تیز) کردی۔ آپؐ نے چھری پکڑی اور مینڈھے کو پکڑلیا اور اسے لٹایا اور پھر اسے ذبح کیا اور آپؐ نے فرمایا اللہ کے نام کے ساتھ اے اللہ ! اسے محمدؐ اور آلِ محمدؐ اور محمدؐ کی امت کی طرف سے قبول فرما۔ اس کے بعد اسے ذبح کیا۔
حضرت رافعؓ بن خدیج سے روایت ہے کہ میں نے کہا یا رسولؐ اللہ ! ہم کل دشمن سے ملنے والے ہیں اور ہمارے پاس چھریاں نہیں ہیں۔ آپﷺ نے فرمایا جلدی کرویا فرمایا ہوشیاری سے کام لو۔ جو اچھی طرح خون بہائے اور اللہ کانام لیا جائے تو اسے کھاسکتے ہو۔ ہاں مگر دانت اور ناخن سے نہیں۔ میں ٭ تمہیں بتاتا ہوں کہ جہاں تک دانت کا تعلق ہے وہ ہڈی ہے اور جو ناخن ہیں وہ حبشہ کی چھریاں ہیں۔ وہ کہتے ہیں ہمیں (مالِ غنیمت کے طور پر) اونٹ اور بکریاں ملیں۔ ان میں سے ایک اونٹ بدک کر بھاگا۔ ایک شخص نے اسے تیر مارا تو اس نے اسے روک دیا۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا ان اونٹوں میں سے بھی بعض جنگلی جانوروں کی طرح بگڑ جاتے ہیں۔ جب ان میں سے کوئی تم پر غالب آجائے تو اس کے ساتھ ایسا کیاکرو۔ حضرت رافعؓ بن خدیج سے روایت ہے وہ کہتے ہیں ہم ذوالحلیفہ جو تہامہ کا ایک مقام ہے میں رسول اللہﷺ کے ساتھ تھے تو ہمیں (مالِ غنیمت میں ) بکریاں اور اونٹ ملے۔ لوگوں نے جلدی کی اور ان کو ہنڈیا میں اُبالا۔ آپؐ نے ان کے بارہ میں ارشاد فرمایا تو وہ اُلٹا دی گئیں۔ پھر دس دس بکریاں ایک ایک اونٹ کے برابر ٹھہرائیں۔ پھر باقی روایت سابقہ روایت کی طرح ہے۔ عبایہ بن رفاعہ بن رافع بن خدیج اپنے دادا سے روایت کرتے ہیں وہ کہتے ہیں ہم نے کہا یا رسولؐ اللہ! ہم کل دشمن سے ملنے والے ہیں اور ہمارے پاس چھریاں نہیں ہیں تو (کیا) ہم بانس وغیرہ کی دھار سے ذبح کرلیں؟راوی کہتے ہیں ان میں سے ایک اونٹ بے قابو ہوگیا تو ہم نے اُسے تیر مارا یہانتک کہ اُسے گرا دیا۔ حضرت رافع ؓ بن خدیج سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا یا رسولؐ اللہ ! ہم کل دشمن سے ملنے والے ہیں اور ہمارے پاس چھریاں نہیں اور اس روایت میں یہ ذکر نہیں ہے کہ لوگوں نے جلدی کی اور اس کے ساتھ ہانڈیاں ابلنے لگیں اور آپؐ نے اُنہیں الٹانے کاحکم دیا اور وہ الٹا دی گئیں۔
ابن شہاب سے روایت ہے کہ مجھے ابو عبیدنے جو ابن ازھر کے آزاد کردہ غلام تھے بتا یا کہ وہ عید (کی نماز) میں حضرت عمرؓ بن خطاب کے ساتھ تھے وہ کہتے ہیں پھر میں نے حضرت علیؓ بن ابی طالب کے ساتھ نماز پڑھی۔ وہ کہتے ہیں آپؓ نے ہمیں خطبہ سے پہلے نماز پڑھائی۔ پھر لوگوں کوخطبہ دیا اور فرمایا یقینارسول اللہﷺ نے تمہیں تین سے زائد (دن) اپنی قربانیوں کے گوشت کھانے سے منع فرمایا ہے۔