بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 39 hadith
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا کوئی شخص تین دن کے بعد اپنی قربانی کا گوشت نہ کھائے۔
حضرت جابرؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے قربانیوں کے گوشت تین دن کے بعد کھانے سے منع فرمایا تھا پھر بعد میں فرمایا کھاؤ اور زاد راہ لو اور ذخیرہ کرو۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے تین دن کے بعد قربانیوں کے گوشت کھانے سے منع فرمایا ہے۔ سالم کہتے ہیں حضرت ابن عمرؓ تین دن کے بعد قربانی کا گوشت نہیں کھاتے تھے۔ راوی ابن ابی عمر کی روایت میں (فَوقَ ثَلاَثٍ کی بجائے) بَعْدَ ثَلَاثٍ کے الفاظ ہیں۔
عبد اللہ بن واقد سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے تین دن کے بعد قربانیوں کے گوشت کھانے سے منع فرمایا تھا عبد اللہ بن ابی بکر کہتے ہیں میں نے اس بات کا ذکر عمرۃ ؓ سے کیا وہ کہنے لگیں عبد اللہ نے درست بات کہی ہے۔ میں نے حضرت عائشہؓ کو کہتے ہوئے سنا ہے کہ رسول اللہﷺ کے زمانہ میں عید کی نماز پڑھنے کے لئے کچھ لوگ بادیہ نشینوں میں سے آگئے۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا (قربانیوں کے گوشت) تین دن کے لئے رکھ لو اور باقی صدقہ کردو۔ بعد میں یوں ہوا لوگوں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ ! لوگ اپنی قربانیوں سے مشکیں بناتے اور چربی پگھلاتے ہیں۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا تو کیا ہوا؟ انہوں نے عرض کیا آپؐ نے ہمیں قربانیوں کے گوشت تین دن کے بعد کھانے سے منع فرمایا ہے۔ آپؐ نے فرمایا میں نے تمہیں صرف ان کمزور آجانے والوں کی وجہ سے منع کیا تھا۔ پس اب تم کھاؤ اور ذخیرہ کرو اور صدقہ خیرات کرو۔
ابن جریج سے روایت ہے کہ ہمیں عطاء نے بتایا وہ کہتے ہیں میں نے حضرت جابرؓ بن عبد اللہ کو یہ کہتے ہوئے سنا ہم منٰی میں اپنی قربانیوں کا گوشت تین دن سے زیادہ نہیں کھاتے تھے پھر رسول اللہﷺ نے ہمیں اجازت دے دی اور فرمایا کھاؤ اور زاد راہ لو راوی کہتے ہیں میں نے عطاء سے کہا حضرت جابرؓ نے کہا تھا’’یہانتک کہ ہم مدینہ آئے‘‘انہوں نے کہا ہاں۔
حضرت جابرؓ بن عبد اللہ سے روایت ہے کہ ہم تین دن سے زائد قربانیوں کے گوشت روک نہیں رکھتے تھے۔ پھر ہمیں رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا کہ ہم اس میں سے زادِ راہ لیں اور اس سے تین دن کے بعد بھی کھائیں۔ حضرت جابرؓ بن عبد اللہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ ہم اس میں سے رسول اللہﷺ کے زمانہ میں مدینہ تک زادِ راہ لیتے تھے۔
حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا اے مدینہ کے رہنے والو! تین دن سے زائد قربانیوں کے گوشت نہ کھاؤ _اور ابن مثنّٰی کہتے ہیں تین دن _پس لوگوں نے رسول اللہﷺ کے پاس شکایت کی کہ ان کے اہل و عیال اور نوکر چاکر ہیں تو آپؐ نے فرمایا کھاؤ اور کھلاؤ اور روک سکتے ہو یا فرمایاذخیرہ کرسکتے ہو۔
حضرت سلمہؓ بن اکوع سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جو تم میں سے قربانی کرے تو تیسرے دن کے بعد اس کے گھر میں قربانی کے گوشت میں سے کچھ نہیں ہونا چاہئے۔ جب اگلا سال آیا تو انہوں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! ہم ویسا ہی کریں جیسا(اس سے) پہلے سال کیا تھا؟آپؐ نے فرمایا نہیں اس سال تو لوگ تنگی میں تھے۔ میں نے چاہا کہ (گوشت) ان میں پھیل جائے۔
حضرت ثوبانؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے اپنی قربانی کا جانور ذبح کیا پھر فرمایا اے ثوبان! اس کا گوشت اچھی طرح بناؤ۔ تو میں آپؐ کو اس میں سے کھلاتا رہا یہانتک کہ آپؐ مدینہ آئے۔
رسول اللہﷺ کے آزاد کردہ غلام حضرت ثوبانؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں مجھے رسول اللہﷺ نے حجۃ الوداع میں فرمایا یہ گوشت اچھی طرح سے بناؤ۔ وہ کہتے ہیں میں نے اسے اچھی طرح بنایا۔ آپؐ مدینہ پہنچنے تک اس میں سے کھاتے رہے۔ایک اور روایت میں فِی حَجَّۃِ الوَدَاعِ کے الفاظ نہیں ہیں۔