بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 288 hadith
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فجر کی دو رکعتوں میں قُلْ یٰاَیُّھَا الْکَافِرُونَ اور قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ پڑھیں۔
حضرت ابن عباسؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ فجر کی دو رکعتوں میں سے پہلی رکعت میں سورۃ البقرۃ کی آیت {قُولُوا اٰمَنَّا بِاللّٰہِ وَمَا اُنْزِلَ اِلَیْنَا{ (البقرۃ: 137) پڑھتے یعنی: کہو کہ ہم اللہ پر اور اس پر جو ہماری طرف اتارا گیا ایمان لے آئے ہیں اور دوسری رکعت میں }اٰمَنَّا بِاللّٰہِ وَاشْہَدْ بِاَنَّا مُسْلِمُوْنَ} (آلِ عمران: 53) پڑھا کرتے تھے۔ یعنی: ہم اللہ پر ایمان لے آئے اور گواہ رہو کہ ہم فرمانبردار ہیں۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ فجر کی دونوں رکعتوں میں {قُوْلُوا اٰمَنَّا بِاللّٰہِ وَمَا اُنْزِلَ اِلَیْنَا{(البقرۃ: 137) یعنی: کہو ہم اللہ پر اور اس پر جو ہماری طرف اتارا گیا ایمان لے آئے ہیں۔ اور آلِ عمران کی آیت }تَعَالَوا اِلٰی کَلِمَۃٍ سَوَائٍ بَیْنَنَا وَبَیْنَکُمْ} (آلِ عمران: 64) پڑھا کرتے تھے یعنی: اس کلمہ کی طرف آجاؤ جو ہمارے اور تمہارے درمیان مشترک ہے۔
عمرو بن اوس سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ مجھے عنبسہ بن ابو سفیان نے اپنی بیماری میں جس میں ان کی وفات ہوئی۔ ایک حدیث بتائی وہ ان سے سرگوشی سے بات کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حضرت ام حبیبہؓ کو کہتے ہوئے سنا کہ میں نے رسول اللہﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ جس نے ایک دن اور رات میں بارہ رکعت پڑھیں۔ اس کے لئے ان کے عوض جنت میں گھر بنایا جائے گا۔ حضرت ام حبیبہؓ نے کہا کہ جب سے میں نے رسول اللہﷺ سے اس بارہ میں یہ سنا ہے میں نے ان کو نہیں چھوڑا۔ عنبسہ کہتے ہیں کہ جب سے میں نے حضرت ام حبیبہؓ سے یہ سنا میں نے انہیں نہیں چھوڑا اور عمرو بن اوس نے کہا کہ میں نے جب سے عنبسہ سے یہ سنا میں نے انہیں نہیں چھوڑا۔ اور نعمان بن سالم کہتے ہیں کہ جب سے میں نے یہ عمرو بن اوس سے سنا ان کو نہیں چھوڑا۔ بشر بن مفضل نے داؤد سے اور انہوں نے نعمان بن سالم سے اسی سند سے روایت کی۔ جس نے ایک دن میں بارہ نفل ادا کئے اس کے لئے جنت میں گھر بنا یا جائے گا۔
نبیﷺ کی زوجہ مطہرہ حضرت ام حبیبہؓ سے روایت ہے وہ بیان فرماتی ہیں کہ میں نے رسول اللہﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ جو مسلمان بندہ اللہ کے لئے ہر روز فریضہ کے علاوہ بارہ رکعت نفل ادا کرتا ہے اللہ اس کے لئے جنت میں گھر بنا دیتا ہے یا اس کے لئے جنت میں گھر بنا دیا جاتا ہے۔ حضرت ام حبیبہؓ کہتی ہیں میں اس کے بعد وہ ہمیشہ پڑھتی ہوں۔ عمرو کہتے ہیں میں اس کے بعد وہ ہمیشہ پڑھتا ہوں۔ نعمان نے بھی اسی طرح کہا۔ حضرت ام حبیبہؓ سے روایت ہے وہ فرماتی ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ کوئی مسلمان بندہ ایسا نہیں جو وضوء کرے اور خوب اچھی طرح وضوء کرے پھر اللہ کے لئے ہر روز نماز پڑھے پھر راوی نے اس جیسی روایت بیان کی۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہﷺ کے ساتھ ظہر سے پہلے دو رکعتیں اور اس کے بعد دو رکعتیں پڑھیں اور مغرب کے بعد دو رکعتیں اور عشاء کے بعد دو رکعتیں اور جمعہ کے بعد دو رکعت پڑھیں۔ جہاں تک مغرب، عشاء اور جمعہ کا تعلق ہے (ان کی دو رکعتیں) میں نے حضورؐ کے ساتھ آپؐ کے گھر میں پڑھیں۔
عبد اللہ بن شقیق سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت عائشہؓ سے رسول اللہﷺ کی نفل نماز کے بارہ میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ حضورؐ میرے گھر میں ظہر سے پہلے چار رکعت پڑھتے پھر باہر تشریف لے جاتے اور لوگوں کو نماز پڑھاتے پھر اندر تشریف لاتے اور دو رکعت ادا فرماتے اور آپؐ لوگوں کو مغرب پڑھاتے پھر (اندر) تشریف لاتے اور دو رکعت ادا فرماتے پھر آپؐ لوگوں کو عشاء پڑھاتے اور میرے گھر تشریف لاتے اور دو رکعت ادا فرماتے اور آپؐ رات کو نو رکعت پڑھتے جن میں وتر شامل ہیں۔ اور آپؐ لمبی رات کھڑے ہو کر اور لمبی رات بیٹھ کر نماز پڑھتے اور جب آپؐ کھڑے ہو کر قرات فرماتے تو رکوع و سجود بھی کھڑے ہو کر کرتے اور جب فجر طلوع ہو جاتی تو دو رکعت پڑھتے۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے وہ فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ رات دیر تک نماز پڑھتے۔ جب آپؐ کھڑے ہو کر نماز پڑھتے تو کھڑے ہو کر رکوع کرتے۔ جب بیٹھ کر نماز پڑھتے تو رکوع بیٹھے بیٹھے کرتے۔ عبد اللہ بن شقیق سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں فارس میں بیمار ہوا تو میں بیٹھ کر نماز پڑھتا تھا۔ میں نے اس بارہ میں حضرت عائشہؓ سے پوچھا تو انہوں نے فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ رات دیر تک کھڑے ہو کر نماز پڑھتے۔ پھر راوی نے وہی روایت بیان کی۔
عبد اللہ بن شقیق عُقیلی سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت عائشہؓ سے رسول اللہﷺ کی رات کی نماز کے بارہ میں پوچھا تو انہوں نے فرمایا آپؐ رات دیر تک کھڑے ہو کر نماز پڑھتے اور رات دیر تک بیٹھ کر بھی اور جب آپؐ کھڑے ہو کر قراءت فرماتے تو کھڑے ہو کر رکوع فرماتے اور جب بیٹھ کر قراءت فرماتے تو بیٹھے ہوئے ہی رکوع فرماتے۔
عبد اللہ بن شقیق عُقیلی سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت عائشہؓ سے رسول اللہﷺ کی نماز کے بارہ میں پوچھا تو انہوں نے فرمایا کہ رسول اللہﷺ اکثر کھڑے ہو کر اور بیٹھ کر نماز پڑھتے۔