بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 288 hadith
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے وہ فرماتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو کبھی رات کی نماز میں بیٹھ کر قراءت کرتے نہیں دیکھا تھا یہانتک کہ جب آپؐ بڑی عمر کے ہو گئے تو بیٹھے ہوئے ہی قراءت فرماتے یہانتک کہ جب سورۃ میں سے تیس یا چالیس آیات رہ جاتیں تو آپؐ کھڑے ہو جاتے اور انہیں پڑھتے پھر رکوع فرماتے۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ بیٹھ کر نماز پڑھتے تو بیٹھے ہوئے ہی قراءت کرتے اور جب آپؐ کی قراءت تیس یا چالیس آیتوں کے برابر باقی رہ جاتی تو کھڑے ہو جاتے اور کھڑے ہوئے قراءت فرماتے، پھر رکوع کرتے، پھر سجدہ کرتے پھر دوسری رکعت میں بھی اسی طرح کرتے۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے وہ فرماتی ہیں کہ رسول اللہﷺ بیٹھے ہوئے قراءت فرماتے پھر جب رکوع کا ارادہ کرتے تو کھڑے ہو جاتے اتنی دیر جس میں انسان قریبًا چالیس آیتیں پڑھ لیتا ہے۔
علقمہ بن وقاص سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں نے حضرت عائشہؓ سے پوچھا کہ رسول اللہﷺ جب دو رکعتیں بیٹھے ہوئے پڑھتے تو کیسے پڑھتے؟ انہوں نے فرمایا کہ حضورؐ اِن میں قراءت فرماتے پھر جب رکوع کا ارادہ فرماتے تو کھڑے ہو جاتے پھر رکوع کرتے۔
عبداللہ بن شقیق سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت عائشہؓ سے پوچھا کیا نبیﷺ بیٹھ کر نماز پڑھتے تھے؟ انہوں نے فرمایا ہاں جب لوگوں نے آپؐ کو تھکا دیا۔
حضرت عائشہؓ بیان فرماتی ہیں کہ نبیﷺ نے وفات سے قبل اپنی کئی نمازیں بیٹھ کر ادا فرمائیں۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے وہ فرماتی ہیں کہ جب رسول اللہ ﷺ کی عمر زیادہ ہو گئی اور آپؐ کی بیماری بڑھ گئی تو بہت دفعہ آپؐ نے بیٹھ کر نماز پڑھی۔
حضرت حفصہؓ سے روایت ہے وہ فرماتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو آپؐ کی وفات سے ایک سال پہلے تک بیٹھ کر اپنی نفل نماز ادا کرتے نہیں دیکھا تھا۔ پھر آپؐ بیٹھ کر اپنے نفل ادا کرنے لگے۔ آپؐ سورۃ پڑھتے تو اسے ٹھہر ٹھہر کر پڑھتے یہاں تک کہ وہ اپنے سے طویل سورت سے بھی طویل تر ہو جاتی۔ ایک دوسری روایت جو زہری سے اسی سند سے اس جیسی مروی ہے سوائے اس کے کہ انہوں نے کہا ’’ایک سال یا دو سال‘‘
حضرت جابر بن سمرہؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے وفات سے قبل بیٹھ کر نماز پڑھی۔
حضرت عبداللہ بن عمروؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ مجھے بتایا گیا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ہے ’’آدمی کا بیٹھ کر نماز پڑھنا آدھی نماز (کے درجہ) پر ہے‘‘۔ وہ (عبداللہ بن عمرو) کہتے ہیں میں حضورؐ کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپؐ کو بیٹھ کر نماز پڑھتے ہوئے پایا۔ میں نے اپنا ہاتھ آپؐ کے سر پر رکھا۔ آپؐ نے فرمایا اے عبداللہ بن عمرو! کیا بات ہے؟ میں نے عرض کیا یا رسول اللہ! مجھے بتایا گیا تھا کہ آپؐ نے فرمایا ہے کہ ’’آدمی کا بیٹھ کر نماز پڑھنا آدھی نماز ہے‘‘ اور آپؐ بیٹھ کر نماز پڑھ رہے ہیں۔ حضورؐ نے فرمایا ٹھیک ہے لیکن میں تم میں سے کسی کی طرح نہیں ہوں۔