بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 288 hadith
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا اپنی رات کی آخری نماز کو وتر بناؤ۔
حضرت ابن عمرؓ کہا کرتے تھے کہ جو رات کو نماز پڑھے اُسے چاہیے کہ صبح ہونے سے پہلے اپنی آخری نماز وتر کر لے۔ اسی بات کا رسول اللہﷺ لوگوں کو ارشاد فرماتے تھے۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا وتر رات کے آخری حصہ میں ایک رکعت ہے۔
حضرت ابن عمرؓ نبیﷺ سے روایت کرتے ہیں آپؐ نے فرمایا وتر رات کے آخری حصہ میں ایک رکعت ہے۔
ابو مجلز سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں نے حضرت ابن عباسؓ سے وتر کے بارہ میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ میں نے رسول اللہﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ یہ رات کے آخری حصہ میں ایک رکعت ہے۔ اور میں نے حضرت ابن عمرؓ سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ میں نے رسول اللہﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ یہ رات کے آخری حصہ میں ایک رکعت ہے۔
حضرت ابن عمرؓ نے بیان کیا کہ ایک آدمی نے رسول اللہﷺ کو پکارا اور آپؐ مسجد میں تھے اور عرض کیا کہ یا رسولؐ اللہ! میں رات کی نماز کس طرح وتر کروں؟ تو رسول اللہﷺ نے فرمایا جو نماز پڑھے اسے چاہیے کہ دو دو (رکعت) پڑھے پھر اگر وہ محسوس کرے کہ صبح ہونے کو ہے تو ایک رکعت پڑھے۔ وہ اس کی نماز کو جو اس نے پڑھی وتر کر دے گی۔
انس بن سیرین سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں نے حضرت ابن عمرؓ سے سوال کیا کہ صبح کی نماز سے پہلے کی دو رکعت کے بارہ میں آپ کا کیا خیال ہے؟ کیا میں ان میں لمبی قراءت کروں؟ انہوں نے کہا کہ رسول اللہﷺ رات کو دو دو رکعت ادا فرماتے۔ پھر ایک رکعت کے ساتھ وتر کرتے۔ وہ (انس) کہتے ہیں میں نے کہا میں اس بارہ میں آپ سے نہیں پوچھ رہا۔ انہوں (حضرت ابن عمرؓ) نے کہا تم سادہ لوح ہو۔ کیا تم مجھے اتنی مہلت بھی نہیں دو گے کہ میں تمہارے سامنے پوری حدیث بیان کروں۔ رسول اللہﷺ رات کو دو دو رکعت کر کے پڑھتے اور ایک رکعت سے وتر کرتے اور صبح (کی نماز) سے قبل دو رکعت پڑھتے گویا کہ اذان آپ کو سنائی دے رہی ہے۔ {یہ روایت خلف بن ہشام اور ابو کامل دونوں سے مروی ہے} خلف بن ہشام کی روایت میں قَبْلَ صَلَاۃِ الْغَدَاۃِ کے بجائے قَبْلَ الْغَدَاۃِ کے الفاظ ہیں۔ ایک دوسری روایت میں مِنْ آخِرِ اللَّیْلِ کے الفاظ زائد ہیں اور اس میں ہے کہ (ابن عمرؓ) نے کہا بَہْ بَہْ اِنَّکَ لَضَخْمٌ۔
حضرت ابن عمرؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا رات کی نماز دو دو (رکعت) ہے۔ پھر جب تم دیکھو کہ صبح ہونے والی ہے تو ایک رکعت سے وتر کر لو۔ حضرت ابن عمرؓ سے پوچھا گیا کہ دو دو (رکعت) سے کیا مراد ہے؟ انہوں نے کہا کہ تم ہر دو رکعت کے بعد سلام پھیرو۔
حضرت ابو سعیدؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا کہ صبح ہونے سے پہلے تم وتر پڑھ لو۔
حضرت ابو سعیدؓ نے بیان کیا کہ لوگوں نے نبی ﷺ سے وتر کے بارہ میں پوچھا تو آپؐ نے فرمایا کہ صبح ہونے سے پہلے وتر ادا کرلو۔