بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 288 hadith
حضرت جابرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جسے ڈر ہو کہ وہ رات کے آخری حصہ میں اٹھ نہیں سکے گا وہ رات کے پہلے حصہ میں وتر پڑھ لے اور جو امید رکھتا ہو کہ اس کے آخری حصہ میں اٹھ سکے گا وہ رات کے آخری حصہ میں وتر پڑھے کیونکہ رات کے آخری حصہ کی نماز ایسی ہے جو (اللہ کے حضور) پیش کی جاتی ہے اور وہ افضل ہے۔ ابو معاویہ نے مشہودۃ کی جگہ محضورۃ کہا ہے۔
حضرت جابرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے نبی ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ تم میں سے جسے ڈر ہو کہ وہ رات کے آخری حصہ میں اٹھ نہیں سکے گا تو وہ وتر پڑھے پھر سوئے اور جسے رات کو اٹھنے کا یقین ہو وہ رات کے آخری حصہ میں وتر ادا کرے۔ یقینا رات کے آخری حصہ کی قراءت (اللہ کے حضور) پیش کی جانے والی ہے اور وہ افضل ہے۔
حضرت جابرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا قنوت کا لمبا ہونا افضل نماز ہے۔
حضرت جابرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ سے پوچھا گیا کہ کون سی نماز افضل ہے؟ آپؐ نے فرمایا لمبا قنوت۔
حضرت جابرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں نے نبیﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ رات میں لازمًا ایک ایسی گھڑی ہوتی ہے جسے کوئی مسلمان شخص پالے جبکہ وہ اللہ سے دنیا و آخرت کے امور میں بھلائی مانگ رہا ہو تو اللہ اسے وہ (بھلائی) عطا کر دیتا ہے اور ایسا ہر رات ہوتا ہے۔
حضرت جابرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ یقینا رات میں ایک ایسی گھڑی ہے کہ اللہ سے خیر مانگنے والا مسلمان بندہ اس کو پالے تو اللہ اسے وہ (خیر) عطا کر دیتا ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ہر رات ہمارا رب تبارک و تعالیٰ جب رات کا آخری تہائی حصہ باقی رہ جاتا ہے تو پہلے آسمان پر نازل ہوتا ہے اور فرماتا ہے کون مجھے پکارتا ہے کہ میں اس کی سنوں۔ کون مجھ سے مانگتا ہے کہ میں اسے عطا کروں کون مجھ سے مغفرت طلب کرتا ہے کہ میں اسے بخشوں۔
حضرت ابو ہریرہؓ رسول اللہﷺ سے روایت کرتے ہیں آپؐ نے فرمایا ہر رات اللہ ورلے آسمان پر اترتا ہے۔ جب رات کا پہلا تہائی حصہ گزر جاتا ہے تو اللہ فرماتا ہے۔ میں بادشاہ ہوں، میں بادشاہ ہوں، کون ہے جو مجھے پکارتا ہے، میں اس کی سنوں۔ کون ہے جو مجھ سے مانگتا ہے، میں اسے عطا کروں۔ کون ہے جو مجھ سے بخشش طلب کرتا ہے، میں اسے بخش دوں اور یہ اسی طرح ہوتا رہتا ہے یہاں تک کہ فجر روشن ہو جاتی ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جب آدھی رات یا اس کا دو تہائی حصہ گزر جاتا ہے تو اللہ تبارک و تعالیٰ ورلے آسمان پر نازل ہوتا ہے اور فرماتا ہے کیا کوئی مانگنے والا ہے کہ جسے دیا جائے۔ کیا کوئی دعا کرنے والا ہے جس کی (دعا) قبول کی جائے۔ کیا کوئی بخشش مانگنے والا ہے جسے بخش دیا جائے یہاں تک کہ صبح ہو جاتی ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا اللہ آدھی رات یا رات کے آخری تہائی حصہ میں پہلے آسمان پر نازل ہوتا ہے اور فرماتا ہے کون مجھے پکارتا ہے کہ میں اس کی سنوں۔ اور کون مجھ سے مانگتا ہے میں اسے عطا کروں۔ پھر فرماتا ہے کون ہے جو اس کو قرض دیتا ہے جو نہ محتاج ہے نہ حق تلفی کرنے والا۔ سعد بن سعید سے اسی سند سے ایک اور روایت ہے جس میں یہ زائد ہے کہ ’’پھر اللہ تبارک و تعالیٰ اپنے ہاتھ پھیلاتا ہے فرماتا ہے کون ہے جو اسے قرض دیتا ہے جو نہ محتاج ہے نہ حق تلفی کرنے والا۔ یہاں عَدِیْم کی جگہ عَدُوْم کا لفظ ہے۔