بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 65 hadith
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ سے، عبیداللہ نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مشکوں کے منہ موڑنے سے منع کیا یعنی یہ کہ اس کے منہ موڑ کر ان سے پانی پیا جائے۔
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ ایوب نے ہم سے بیان کیا۔وہ کہتے تھے: عکرمہ نے ہم سے کہا: کیا میں تمہیں چھوٹی چھوٹی باتیں نہ بتاؤں کہ جو ہم سے حضرت ابوہریرہؓ نے بیان کیں؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مشکیزہ یا مشک کے منہ سے پانی پینا منع فرمایا اور یہ کہ وہ اپنے پڑوسی کو اپنی دیوار میں لکڑی گاڑنے سے منع نہ کرے۔
مسدد نے ہمیں بتایا کہ اسماعیل (بن عُلَیّہ) نے ہم سے بیان کیا کہ ایوب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے مشک کے منہ سے پینا منع فرمایا۔
مسدد نے ہمیں بتایا کہ یزید بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا کہ خالد (حذاء) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے مشک کے منہ سے پینا منع فرمایا۔
ابوعاصم اور ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا۔ ان دونوں نے کہا: ہمیں عزرہ بن ثابت نے بتایا۔ عزرہ نے کہا: مجھے ثمامہ بن عبداللہ نے بتایا۔ وہ کہتے تھے: حضرت انسؓ برتن سے دو یا تین سانس لے کر پانی پیا کرتے تھے اور ان کا خیال تھا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم تین بار سانس لے کر پیا کرتے تھے۔
(تشریح)محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبردی۔ یونس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا:عبیداللہ بن عبداللہ نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا۔ آپؐ مشکوں کے منہ موڑنے سے روکتے تھے۔ عبداللہ (بن مبارک) کہتے تھے کہ معمر یا ان کے سوا کسی اور نے کہا: اس سے مراد ان کے مونہوں سے منہ لگا کر پانی پینا ہے۔
حفص بن عمر (حوضی) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ (بن حجاج) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حکم (بن عتیبہ) سے، حکم نے ابن ابی لیلیٰ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت حذیفہؓ (بن یمان) مدائن میں تھے تو انہوں نے پانی مانگا تو ایک کسان ان کے پاس چاندی کا پیالہ لایا۔ آپؓ نے وہ پیالہ اس پر پھینک دیا اور کہنے لگے: میں نے اسے نہیں پھینکا مگر اس لئے کہ میں نے اس کو منع کیا ہے اور وہ باز نہیں آیا۔ اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ریشمی کپڑوں اور دیباج اور سونے چاندی کے برتن میں پینے سے ہمیں منع کیا۔ اور فرمایا: یہ چیزیں دنیا میں ان کے لئے ہیں اور وہ آخرت میں تمہارے لئے ہوں گی۔
(تشریح)محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ (محمد) بن ابی عدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (عبداللہ) بن عون سے، ابن عون نے مجاہد (بن جبر) سے، مجاہد نے (عبدالرحمٰن) بن ابی لیلیٰ سے روایت کی۔انہوں نے کہا: ہم حضرت حذیفہؓ (بن یمان) کے ساتھ باہر گئے اور حضرت حذیفہؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر کیا کہ آپؐ نے فرمایا: سونے اور چاندی کے برتن میں نہ پیو اور نہ ریشم اور دیباج پہنو کیونکہ یہ چیزیں دنیا میں ان کے لئے ہیں اور تمہارے لئے آخرت میں۔
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔انہوں نے کہا کہ مجھ سے مالک بن انس نے بیان کیا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے زید بن عبداللہ بن عمر سے، زید نے عبداللہ بن عبدالرحمٰن بن ابی بکر صدیق سے، عبداللہ بن عبدالرحمٰن نے حضرت امّ سلمہؓ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجہ سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص چاندی کے برتن میں پئے گا تو وہ صرف جہنم کی آگ ہی اپنے پیٹ میں غٹا غٹ ڈالتا ہے۔