بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 70 hadith
ابونعمان (محمد بن فضل سدوسی) نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ (وضاح یشکری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبشر (جعفر بن ابی وحشیہ) سے، ابوبشرنے سعیدبن جبیر سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں حضرت ابن عمر ؓکے پاس تھا تو وہ چند نوجوانوں یا (کہا) کچھ آدمیوں کے پاس سے گزرے کہ جنہوں نے ایک مرغی کو باندھ کر کھڑا کیا ہوا تھا اور اس پر نشانہ کررہے تھے۔ جب انہوں نے حضرت ابن عمر ؓکو دیکھا تو وہ اس کو چھوڑ کر منتشر ہوگئے۔ حضرت ابن عمرؓ نے کہا: یہ کس نے کیا ہے؟ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے لعنت کی ہے اس شخص پر جو ایسا کرے۔ (ابو نعمان کی طرح) سلیمان (بن حرب) نے شعبہ سے یہی روایت کی کہ منہال (بن عمرو) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید (بن جبیر) سے، سعید نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس شخص پر لعنت کی جو جانوروں کا مثلہ کرے۔ اور عدی (بن ثابت) نے بھی سعید (بن جبیر) سے یہی نقل کیا۔ سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے اور حضرت ابن عباسؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے یہی روایت کی۔
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ (بن حجاج) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: مجھے عدی بن ثابت نے بتایا۔ وہ کہتے ہیں: میں نے حضرت عبداللہ بن یزیدؓ سے سنا۔ وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپؐ نے لوٹ مار اور مثلہ سے منع فرمایا۔
یحيٰ (بن موسیٰ برقی) نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان سے، سفیان نے ایوب سے، ایوب نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے زہدم (بن مضرب) جرمی سے، زہدم نے حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو مرغی کھاتے دیکھا۔
(عبداللہ بن زبیر) حمیدی نے ہمیں بتایا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن عروہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے فاطمہ (بنت منذر) سے، فاطمہ نے حضرت اسماءؓ سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: ہم نے رسول اللہ ﷺ کے زمانے میں ایک گھوڑا نحر کیا اور ہم نے اسے کھایا۔
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن دینار سے، عمرو نے محمد بن علی سے، محمد نے حضرت جابر بن عبداللہ (انصاری) رضی اللہ عنہم سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے خیبر کے دن گدھوں کے گوشت سے روک دیا اور گھوڑوں کے گوشت کی اجازت دی۔
صدقہ (بن فضل) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدہ (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے، عبیداللہ نے سالم اور نافع سے، ان دونوں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے خیبر کے دن پالتو گدھوں کے گوشت سے روک دیا۔
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے محمد بن علی سے، انہوں نے حضرت جابر بن عبد اللہؓ (انصاری) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے خیبر کے دن گدھوں کے گوشت سے روک دیا اور گھوڑوں کے گوشت کی اجازت دی۔
ابومعمر نے ہمیں بتایا کہ عبدالوارث (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا۔ ہمیں ایوب بن ابی تمیمہ نے بتایا۔ ایوب نے قاسم (بن عاصم تمیمی) سے، قاسم نے زہدم سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم حضرت ابوموسیٰ اشعریؓ کے پاس تھے اور ہمارے اور اِس جرم قبیلے کے درمیان برادری تھی۔ اتنے میں کھانا لایا گیا جس میں مرغی کا گوشت تھا۔ اور لوگوں میں ایک شخص بیٹھا ہوا تھا جو سرخ رنگ کا تھا وہ کھانے کے قریب نہیں آیا۔ حضرت ابوموسیٰؓ نے کہا: آؤ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو مرغی کا گوشت کھاتے دیکھا ہے ۔ وہ بولا: میں نے اسے کچھ کھاتے دیکھا تھا تو مجھے اس سے کراہت آئی اور میں نے قسم کھائی کہ اسے نہ کھاؤں گا۔ حضرت ابوموسیٰؓ نے کہا: نزدیک آؤ میں تمہیں بتاتا ہوں یا کہا: میں تم سے بیان کرتا ہوں ۔ میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس کچھ اشعری لوگوں کے سمیت آیا۔ میں اتفاقاً آپؐ کے پاس ایسے وقت میں پہنچا کہ آپؐ ناراض تھے اور آپؐ صدقہ کے اونٹوں سے کچھ اونٹ تقسیم کررہے تھے۔ ہم نے آپؐ سے سواری مانگی۔ آپؐ نے قسم کھائی کہ آپؐ ہمیں سواری نہیں دیں گے۔ آپؐ نے فرمایا: میرے پاس کوئی ایسا جانور نہیں کہ جس پر تمہیں سوار کروں۔ پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس کچھ غنیمت کے اونٹ لائے گئے۔ آپؐ نے پوچھا: اشعری لوگ کہاں ہیں؟ حضرت ابوموسیٰؓ کہتے تھے: آپؐ نے ہمیں پانچ اونٹ عطا کئے جو سفید کہانوں والے تھے۔ ہم تھوڑی دیر ہی ٹھہرے تھے کہ میں نے اپنے ساتھیوں سے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی قسم بھول گئے ۔ اللہ کی قسم! اگر ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو آپؐ کی قسم یاد نہ دلائیں تو ہم کبھی کامیاب نہ ہوں گے۔ چنانچہ ہم نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لَوٹ گئے اور ہم نے کہا: یا رسول اللہ ! ہم نے آپؐ سے سواری مانگی تھی اور آپؐ نے قسم کھائی تھی کہ آپؐ ہمیں سواری نہیں دیں گے۔ ہم نے خیال کیا کہ آپؐ اپنی قسم بھول گئے۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ نے تمہیں سواری دی ہے۔ اللہ کی قسم! اگر اللہ چاہے تو میں کوئی ایسی قسم نہیں کھاتا کہ پھر اس سے بہتر کوئی دوسری بات دیکھتا ہوں تو ضرور وہ کرتا ہوں جو بہتر ہوتی ہے اور قسم کا کفارہ دیتا ہوں۔
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعیدقطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے، (عبیداللہ نے کہا:) نافع نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت عبداللہؓ (بن عمر) سے روایت کی۔ حضرت عبداللہؓ نے کہا: نبیﷺ نے پالتو گدھوں کے گوشت سے منع کیا۔ (یحيٰ قطان کی طرح عبداللہ) بن مبارک نے بھی اس حدیث کو عبیداللہ سے، عبیداللہ نے نافع سے روایت کیا۔ اور ابواسامہ نے اس کو عبیداللہ سے، عبیداللہ نے سالم سے روایت کرتے ہوئے بیان کیا۔
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبداللہ اور حسن سے جو دونوں محمد بن علی کے بیٹے تھے۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت علی رضی اللہ عنہم سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خیبر کے سال متعہ سے اور پالتو گدھوں کے گوشت سے روک دیا۔