بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 40 hadith
ہم سے علی بن عبد اللہ نے بیان کیا، کہا: سفیان نے ہمیں بتلایا، کہا: میں نے عبد الرحمن بن قاسم سے سنا۔انہوں نے کہا: میں نے قاسم سے سُنا۔وہ کہتے تھے۔میں نے حضرت عائشہ سے سُنا۔وہ کہتی تھیں کہ ہم (سفر پر نکلے۔ہم یہی سمجھتے تھے کہ حج کریں گے۔جب ہم سرف مقام میں پہنچے تو مجھے حیض آگیا۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میرے پاس آئے اور میں رو رہی تھی۔فرمایا تمہیں کیا ہوا؟ کیا تمہیں حیض آیا ہے؟ میں نے کہا: ہاں۔فرمایا: یہ ایک ایسا امر ہے جو اللہ تعالیٰ نے آدم کی لڑکیوں کے لئے مقدر کیا ہے۔پس تم جو کچھ حاجی کرتا ہے کرو، سوائے اس کے کہ بیت اللہ کا طواف نہ کرو۔کہتی تھیں: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی بیویوں کی طرف سے گائے کی قربانی کی۔
(تشریح)ہم سے عبداللہ بن یوسف نے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتلایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ عروہ سے، انہوں نے حضرت عائشہ سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سر میں کنگھی کیا کرتی تھی۔ حالانکہ میں حائضہ ہوتی۔
ہم سے ابونعیم فضل بن دکین نے بیان کیا کہ انہوں نے زہیر سے سنا۔ وہ منصور بن صفیہ سے روایت کرتے تھے کہ اُن کی ماں نے ان کو بتلایا کہ حضرت عائشہؓ نے ان سے بیان کیا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم میری گود میں سر رکھ کر لیٹ جاتے حالانکہ میں حائضہ ہوتی۔پھر آپ قرآن مجید پڑھتے۔
(تشریح)ہم سے قبیصہ نے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سفیان نے ہمیں بتلایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابرہیم سے، ابراہیم نے اسود سے، اسود نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ کہتی تھیں کہ میں اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم ایک ہی برتن سے نہایا کرتے تھے اور ہم جنبی ہوتے۔
اور آپ مجھ سے فرماتے تو میں نہ بند باندھ لیتی اور آپ میرے ساتھ بدن سے بدن لگا کر لیٹ جاتے حالانکہ میں حائضہ ہوتی۔
اور آپ متکلف ہوتے اپناسرمیری طرف نکالتے تو میں اسے دھوتی حالانکہ میں حائضہ ہوتی۔
ہم سے ابراہیم بن موسیٰ نے بیان کیا، کہا: ہشام بن یوسف نے ہمیں بتلایا کہ ابن جریج نے انہیں خبر دی۔ وہ کہتے تھے کہ ہشام نے عروہ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتلایا کہ ان سے کسی نے پوچھا: کیا حائضہ میری خدمت کرے یا کیا عورت میرے قریب آئے اس حالت میں کہ وہ جنبی ہو؟ تو عروہ نے کہا: یہ سب مجھ پر آسان ہے اور ہر ایک ان میں سے میری خدمت کرتی ہے اور کسی پر بھی اس میں کوئی حرج نہیں۔مجھے حضرت عائشہ نے بتلایا کہ وہ کنگھی کیا کرتی تھیں۔یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سر کو، حالانکہ وہ حائضہ ہوتیں اور رسول اللہ ﷺس وقت مسجد میں اعتکاف بیٹھے ہوئے ہوتے۔آپ اپنے سر کو ان کے نزدیک کر دیتے اور وہ اپنی کوٹھڑی میں ہوتیں۔اور آپ کو کنگھی کرتیں حالانکہ وہ حائضہ ہوتیں۔
(تشریح)ہم سے مکی بن ابراہیم نے بیان کیا، کہا: ہشام نے ہمیں بتلایا۔ انہوں نے یحییٰ بن ابی کثیر سے، یحییٰ نے ابو سلمہ سے روایت کی کہ حضرت ام سلمہ کی لڑکی زینب نے ان سے بیان کیا کہ حضرت ام سلمہ نے انہیں بتایا۔ کہتی تھیں: ایک بار میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ایک چادر میں لیٹی ہوئی تھی کہ اتنے میں مجھے حیض آیا تو میں سرک گئی اور اپنے حیض کے کپڑے لئے۔ آپ نے فرمایا: کیا تجھے خون نفاس آیا ہے؟ میں نے کہا: ہاں۔ تو آپ نے مجھے بلایا اور میں اسی چادر میں آپ کے ساتھ لیٹ گئی۔
(تشریح)ہم سے اسماعیل بن خلیل نے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: علی بن مسہر نے ہمیں بتلایا۔ انہوں نے کہا: ابواسحق شیبانی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عبد الرحمان بن اسود سے، عبدالرحمان نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ سے روایت کی۔ وہ کہتی تھی: ہم میں سے جب کوئی حائضہ ہوتی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس کے ساتھ بدن لگا کر لیٹنا چاہتے تو آپ اس کو تہ بند باندھنے کے لئے فرماتے؛ در آنحالیکہ اس کا حیض جوش میں ہوتا۔ پھر اس کے ساتھ بدن لگا کر لیٹتے۔ حضرت عائشہ کہتی تھیں تم میں سے کون اپنی شہوت قابو میں رکھ سکتا ہے جس طرح کہ رسول اللہ ﷺ اپنی شہوت کو قابو میں رکھتے۔ اور جریر نے بھی شیبانی سے اس حدیث کو روایت کیا۔